کوشش ہے کہ سیالکوٹ کی تمام صنعتوں میں کام کرنے والےہنر مند اور مالکان انتہائی محفوظ طریقے سے اپنے فرائض سرانجام دیں ،محمد شہباز صائم

جمعہ 17 مئی 2024 23:35

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 مئی2024ء) سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی ڈیپارٹمنٹل کمیٹی برائےانڈسٹریل سیفٹی اینڈ رسک مینجمنٹ کے چیئرمین محمد شہباز صائم نے کہا ہے کہ ان کی کوشش ہے کہ سیالکوٹ کی تمام صنعتوں میں کام کرنے والے محنت کش، ہنر مند اور مالکان انتہائی محفوظ طریقے سے اپنے فرائض سرانجام دیں اور انہیں کسی بھی قسم کے خطرات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

اس سلسلے میں فیکٹری مالکان کی رہنمائی کے لئے جہاں ان کی کمیٹی کے ممبران ہر وقت موجود ہیں وہیں سیالکوٹ ریسکیو 1122 کی ٹیمیں بھی ان کی رہنمائی اور تربیت کے لئے ہمہ وقت ہمیں تعاون فراہم کر رہی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے شفیع آڈیٹوریم سیالکوٹ چیمبر میں انڈسٹریل سیفٹی اینڈ رسک مینجمنٹ کمیٹی کے خصوصی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر وائس چیئرمین رانا یاسر، چودھری محمد افضل گلبہار ، چیمبرایگزیکٹو کمیٹی ممبران میاں محمد فیاض، امتیاز احمد، مطلوب ، ڈپٹی سیکرٹری سیالکوٹ چیمبر کے ساتھ ساتھ چودھری اشفاق نذر گھمن، عبدالشکور مرزا، محمد نقاش جٹ، ہیپی بٹ اور دیگر ممبران بڑی تعداد میں موجود تھے۔ چیئرمین کمیٹی محمد شہباز صائم نے مزید کہا کہ اپنے تمام مزدوروں اور فیکٹری کے اندر کام کرنے والے تمام افراد کی تربیت کے لئے ہر فیکٹری میں آزمائشی مشقیں منعقد کرنا بھی انتہائی ضروری عمل ہے جس کے انعقاد میں کسی کسی قسم کی کوتاہی بڑے نقصان کا باعث بن سکتی ہے۔

اجلاس میں ایک قرار داد کے ذریعے ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ محمد ذوالقرنین سے درخواست کی گئی کہ سیالکوٹ کے تمام صنعتی علاقوں کے قریب ری فلنگ ٹینک بنائے جائیں تاکہ کسی قسم کے حادثے کی صورت میں قریبی علاقے سے ریسکیو کی گاڑیاں پانی بھر کر آگ بجھانے کے عمل میں دوبارہ شامل ہو سکیں۔ اجلاس میں ریسکیو آفیسر شوکت علی نے ہر فیکٹری کے باہر بھی ری فلنگ پوائنٹ بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

سیالکوٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں