انسپکٹرانٹی کرپشن کی پھرتیاں

Mohammad Ali IPA محمد علی جمعرات 10 نومبر 2016 17:48

سمبڑیال(اْردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-ا نٹرنیشنل پر یس ایجنسی۔ 10 نومبر ۔2016ء ) پنجاب پولیس سے محکمہ انٹی کرپشن میں ڈیپوٹیشن پر آئے ہوئے انسپکٹرانٹی کرپشن کی پھرتیاں،غیر قانونی ہاوٴسنگ سکیم کے NOCکے حوالہ سے انسپکٹر نے ملی بھگت سے ایف آئی آر میں نامزد چار اہلکاروں کو بے گناہ قرار دیکر 27مزید اہلکاروں 7ٹی ایم اوز، 8ٹی او آرز، 4ٹی او پیز اور 8اہلکاروں کو ملوث کردیا، ڈی جی انٹی کرپشن کا فوری نوٹس لیکر تفتیشی انسپکٹر رانا الیاس کو ڈی جی آفس لاہوررپورٹ کرنے کی ہدایت اور ریکارڈ بھی طلب کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق ائیرپورٹ روڈ پر واقع سہیل محمد عمر نے 2009میں ایک ہاوٴسنگ سکیم بنائی جس کے خلاف راشد امین بٹ نے ایک درخواست محکمہ انٹی کرپشن گوجرانوالہ ریجن کو گزاری کہ یہ ہاوٴسنگ سکیم غیر قانونی ہے اور لوگوں کے ساتھ بہت بڑا فراڈ ڈبل شاہ کی طرز کا ہورہا ہے جس کی انکوائری سرکل سیالکوٹ انٹی کرپشن انسپکٹر رانا الیاس نے انکوائری کرکے ہاوٴسنگ سکیم کے مالک سمیت ٹی ایم او سمبڑیال اسد حسین شاہ، ٹی او آر مرزا مشرف بیگ، ٹی او آپی مریم صدیقہ ،بلڈنگ انسپکٹر کامران احمد ،کلرک غلام مرتضیٰ، سابقہ ٹی او پی عدنان رفیق بٹ ،سابقہ ٹی ایم او چوہدری عنائت اللہ کو 9اگست 2016کو اپنی انکوائری مکمل کرنے کے بعد انکے خلاف 28اگست 2016کو مقدمہ نمبر 38/16درج کرا دیا۔

(جاری ہے)

اس کے بعد ایف آئی آر کے نامزد ملزمان کی مبینہ ملی بھگت سے سرکل انسپکٹر رانا الیاس نے مزید مال پانی اکٹھا کرنے کیلئے 27اکتوبر 2016کو دوبارہ کیس کی خود ساختہ انکوائری کرکے ٹی ایم اے سمبڑیال میں گذشتہ سات سالوں میں مختلف اوقات میں تعینات 27اہلکاروں جن میں ٹی ایم اوز چوہدری سلیم ورائچ، ملک شوکت علی مجوکہ،عارف حسین شاہ، چوہدری محمد فیاض وڑائچ، ملک توصیف احمد، فدا افتخار میر ،8ٹی او آرز شاہد فاروق وڑائچ، سید جمیل صفدر ،عمر شجاع، سعد الزمان ڈوگا، خاور جاید گجر،رفاقت علی بھلی، عثمان سرور، مظہر شکیل بھلی، 4ٹی او پیز سمیرا شفیع ،محمد عاصم ،عامر صفدر اور دیگر سات اہلکاروں انور یاسین، محمد تنویر، خضر احسان، گل میراں، جاوید اقبال، محمد انیم احسن اور حافظ اشتیاق علی کو گناہ گار قرار دے دیا اور ایف آئی آر میں نامزد چار ملزمان اسد حسین شاہ ،مشرف بیگ، کامران،مریم صدیقہ کے بے گناہ قرار دیکر بقیہ اہلکاروں کے خلاف قانونی کاروائی کیلئے ڈائریکٹر گوجرانوالہ ریجن کو رپورٹ کردی ۔

اہلکاروں کی درخواست پر ڈی جی انٹی کرپشن پنجاب بریگیڈئر (ر) مظفر رانجھا نے فوری ایکشن لیتے ہوئے سرکل انسپکٹر رانا الیاس کو ڈیوٹی آف کرکے ڈی جی آفس لاہور رپورٹ کرنے کی ہدایت اور مکمل ریکارڈ طلب کرلیا۔ جبکہ متاثرہ اہلکاروں نے بتایا کہ ہم بالکل بے گناہ ہیں اور نہ ہی ہمیں کسی انکوائری میں شامل کیا گیا ہے اور نہ ہی ہم کبھی بلڈنگ برانچ میں تعینات رہے ہیں محکمہ انٹی کرپشن کے تفتیشی افسر رانا الیاس نے مک مکا کرکے ہمیں ”قربانی کا بکرا“ بنا کر کیس کا رخ ہی موڑ دیا ہے ۔ رابطہ پر انسپکٹر رانا الیاس نے الزامات کی تردید کرتے ہوئے بتایا کہ انکوائری میرٹ پر ہوئی ہے ۔

متعلقہ عنوان :

سیالکوٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں