حکومت پنجاب کی جانب سے ضلع سیالکوٹ میں کلینک آن ویل وین پروگرام کی مہم کا آغاز کر دیا گیا ،ڈاکٹر ریحان اظہر

پیر 13 مئی 2024 17:20

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 مئی2024ء) ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر ریحان اظہر نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب کی جانب سے ضلع سیالکوٹ میں بھی کلینک آن ویل وین پروگرام کی مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ طبی سہولیات کے پیش نظر مہم کا آغاز پہلے مرحلے میں منتخب یونین کونسلز فتح گڑھ، مظفر پور ، کوٹلی بہرام ، واٹر ورکس اور حبیب پورہ شامل ہے۔

اس موقع پر انہوں نے کلینک آن ویل میں ادویات،طبی سہولیات کا جائزہ لیا اور سٹاف سے بات چیت کی۔ انہوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ صرف ایک گاڑی نہیں بلکہ پورا کلینک ہے جس کو طبی سہولیات کے لیے عوام کی دہلیز پر کھڑا کریں گے،کلینک آن ویلز پروگرام اس لیے شروع کیا گیا ہے تاکہ چھوٹی موٹی بیماریوں کے لیے غریب کو ہسپتال نہ جانا پڑے اور وقت کی بھی بچت ہو، کلینک آن ویلز میں میڈیکل ٹیسٹ،فری ادویات اور سکریننگ کی سہولت موجود ہوگی،کلینک آن ویلز میں ویکسی نیشن اور زچہ بچہ کے علاج کی سہولیات،ملیریا،شوگر اور بچوں کے علاج کی سہولت بھی موجود ہوگی،محکمہ صحت کی خصوصی ٹیم آپ کی دہلیز پر آپ کو صحت کی تمام سہولیات فراہم کرے گی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ضلعی فوکل پرسن برائے نیوٹریشن ڈاکٹر محمد عدنان نے کہا کہ عوام کی سہولت کے لیے ایک ایم بی بی ایس ڈاکٹر/لیڈی ڈاکٹر ، نیوٹریشن سپروائزر ، کوالیفائیڈ ڈسپنسر، کوالیفائیڈ ایل ایچ وی ، ویکسینیٹر ، لیڈی ہیلتھ سپروائزر اور دیگر عملہ بھی موجود ہوگا ،مرض کے مطابق شہریوں کو موقع پر مفت ادویات فراہم کی جائیں گی اور مزید سہولیات میں حاملہ خواتین کا چیک اپ ،الٹراساؤنڈ ،ہیپاٹائٹس بی ، ہیپاٹائٹس سی ،بلڈ پریشر ،شوگر اور خون کے دیگر ٹیسٹ بھی مفت کیے جائیں گے ۔

سیالکوٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں