سیالکوٹ ،ماحولیاتی تغیرات کے اثرات انسانوں سمیت تمام جاندار وں پر پڑ رہے ہیں،اشفاق نذر

منگل 14 مئی 2024 14:41

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 مئی2024ء) سیالکوٹ ہیومن رائٹس روز ویلفیئر آرگنائزیشن کے صدر وکلین گرین پاکستان کے چیمپئن اشفاق نذر نے کہا ہے کہ ماحولیاتی تغیرات خطرناک حد تک بڑھ چکے ہیں جس کے برے اثرات انسانوں سمیت تمام جانداروں پر پڑرہے ہیں ایسے حالات میں ہر فرد کو چاہیے کہ حکومت اور اداروں کے ساتھ مل کر بھر پور شجر کاری کریں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایمر جنسی ریسکیو 1122 اور روز ویلفیئر آرگنائزیشن کے اشتراک سے فوکل پرسن شوکت علی ساجد، میڈیاکو آرڈینیٹر 1122محمد وسیم، ریسکیو زرز اور چیئرمین برائٹ وے ویلفیئر آرگنائزیشن سید انجم بخاری کے ہمراہ مختلف مقامات پر درخت لگانے کے موقع پر کیا ۔ اشفاق نذر اور سید انجم بخاری نے کہا کہ سماجی تنظیمیں ملک کو صاف اور سرسبز بنانے کیلئے اپنا کردار ادا کر رہی ہیں کیونکہ ملک کو بے شمار چیلنجز کا سامنا ہے جس میں ماحولیاتی تغیرات بہت بڑا چیلنج ہے جس سے تنہا حکومت نہیں نمٹ سکتی ،ہمیں چاہیے کہ اپنے اردگرد کا ماحول صافرکھیں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر انہوں نے کہا کہ درخت جاندار کی بقا کے لئے اہم کردار ادا کرتے ہیں ،شجر کاری مہم استحکام پاکستان کی کلید ہے ،گلوبل وارمنگ کے خلاف جنگ درختوں کے سنگ ہی ممکن ہے،درختوں کی کمی کے باعث گرمی کی شدت اور درجہ حرارت میں اضافہ ہو رہا ہے ،بڑھتے ہوئے درجہ حرارت کے باعث ملکوں کےطول و عرض میں بسنے والےافراد پر منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کلین اینڈ گرین پروگرام کے تحت سرکاری دفاتر، گھروں کے لانوں ویگر دستیاب اراضی پر شجرکاری کریں جبکہ شہری بھی پودے لگانے کی قومی مہم میں شریک ہوں۔

متعلقہ عنوان :

سیالکوٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں