وہیکل انسپکشن اینڈ سرٹیفیکیشن سسٹم(وی آئی سی ایس) کی عمارت کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیا

ہفتہ 18 مئی 2024 21:00

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 مئی2024ء) ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ محمد ذوالقرنین نے کہا ہے کہ ضلع سیالکوٹ میں وہیکل انسپکشن اینڈ سرٹیفیکیشن سسٹم(وی آئی سی ایس) کی بلڈنگ کی تعمیر شروع کر دی گئی ہے، وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت کے مطابق 14 اگست تک وی آئی سی ایس سنٹر فنکشنل کردیا جائے گا جس کے بعد پبلک /گڈز سمیت تمام کمرشل ٹرانسپورٹ کی فٹنس انسپکشن اور سرٹیفکیشن کی سہولت ضلع کی سطح پر میسر آ جائے گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایمن آباد روڈ نزد وویمن یونیورسٹیز کیمپس وی آئی سی ایس سنٹر کا سنگ بنیاد رکھنے کے موقع گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ڈپٹی کمشنر محمد ذوالقرنین نے کہا کہ یہ پراجیکٹ ٹرانسپورٹ اینڈ ٹرانزٹ ڈیپارٹمنٹ حکومت پنجاب اور اوپس انسپکشن پرائیویٹ لمیٹڈ کا مشترکہ پراجیکٹ ہے، حکومت پنجاب کی جانب سے وی آئی سی ایس سنٹر کی تعمیر کیلئے 4 کنال اراضی فراہم کی گئی ہے جبکہ اوپس انسپکشن کمپنی اس منصوبے پر تعمیراتی کام اور گاڑیوں کی انسپکشن اور سرٹیفیکیشن کیلئے جدید آلات نصب کرے گی اور اس سنٹر کو چلائے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں گزشتہ دہائی میں گاڑیوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، گاڑیوں کے اضافہ میں 14.54 فیصد کی اوسط سالانہ شرح نمو ریکارڈ کی گئی ہے، اسی طرح موٹر سائیکلوں اور پرائیویٹ کاروں کی ملکیت میں بھی بہت زیادہ شرح نمو دیکھی گئی ہے۔ گاڑیوں کی تعداد میں اس تیزی سے اضافے کے نتیجے میں نہ صرف ماحولیاتی مسائل پیدا ہوئے ہیں بلکہ ٹریفک حادثات میں خطرناک حد تک اضافہ دیکھنے میں آیا ہے جس کی بڑی وجہ گاڑیوں کا قابل بھروسہ اور بروقت فٹنس کا چیک اپ نہ ہونا ہے ۔

انسپکشن کے بارے میں بھی خدشات اور تحفظات کے ازالہ کیلئے محکمہ ٹرانسپورٹ محفوظ، قابل بھروسہ اور موثر ٹرانسپورٹ خدمات فراہم کرنے کے لیے پورے پنجاب میں وہیکل انسپکشن اینڈ سرٹیفیکیشن سسٹم (وی آئی سی ایس) سنٹر قائم کررہی ہے ۔ ضلع سیالکوٹ جیسے صنعتی شہر میں اس کی کمی عرصہ سے محسوس کی جارہی تھی۔ اس منصوبے کے تحت تمام گھریلو پبلک و کمرشل ٹرانسپورٹ کا معائنہ اور جدید آلات استعمال کرتے ہوئے تصدیق کی جاسکے گی اور دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کی بندش ممکن ہوگی۔ اس موقع پر سیکرٹری آر ٹی اے مظفر حیات اور اوپس انسپکشن کے حکام بھی موجود تھے۔

سیالکوٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں