سیالکوٹ،تھانہ سبز پیر پولیس کی بروقت کارروائی ، 13 سالہ مغوی بچہ بحفاظت بازیاب، اغواء کار گرفتار

جمعرات 7 اگست 2025 17:37

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 اگست2025ء) سیالکوٹ کے تھانہ سبز پیر پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے 13 سالہ مغوی بچہ بحفاظت بازیاب کر کے اغواء کار کو گرفتار کر لیا۔ترجمان سیالکوٹ پولیس کے مطابق دروال کے رہائشی محنت کش زاہد محمود نے تھانے میں رپورٹ درج کروائی کہ اس کا کمسن بیٹا عثمان، جو گھریلو سامان لینے دکان گیا تھا، واپس نہیں آیا۔

پولیس نے فوری طور پر مقدمہ درج کر کے تفتیش کا آغاز کیا۔

(جاری ہے)

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سیالکوٹ فیصل شہزاد نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے مغوی بچے کی جلد بازیابی کے احکامات جاری کیے۔ پولیس ٹیم نے پیشہ ورانہ مہارت اور انتھک محنت سے بچے کو ٹریس کر کے بحفاظت والدین کے حوالے کر دیا۔ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا کہ ملزم نے بچے کو مذموم مقاصد کے لیے اغواء کیا تھا تاہم پولیس کی بروقت کارروائی سے ایک ممکنہ سانحہ کو رونما ہونے سے پہلے روک لیا گیا۔

بچے کے والدین اور اہل علاقہ نے پولیس کے فوری اور مؤثر اقدام پر شکریہ ادا کیا۔ ڈی پی او فیصل شہزاد نے والدین سے اپیل کی ہے کہ بچوں کے تحفظ کے حوالے سے محتاط اور ذمہ دارانہ رویہ اختیار کریں کیونکہ معمولی غفلت بھی بڑے سانحے کا سبب بن سکتی ہے۔

متعلقہ عنوان :

سیالکوٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں