Musician Kamal Ahmed Lazawal Dhunon Ke Khaliq

Musician Kamal Ahmed Lazawal Dhunon Ke Khaliq

موسیقار کمال احمد لازوال دُھنوں کے خالق

بہترین موسیقی پر 6 نگار ایوارڈ حاصل کیے

منگل 6 جون 2023

وقار اشرف
متعدد لازوال دُھنوں کے خالق معروف فلمی موسیقار کمال احمد کی 30 ویں برسی 6 جون کو منائی جا رہی ہے۔وہ 6 جون 1993ء کو لاہور میں انتقال کر گئے تھے اور میانی صاحب کے قبرستان میں آسودہ خاک ہیں۔1937ء کو یوپی میں پیدا ہونے والے کمال احمد کو ابتداء ہی سے موسیقی کا شوق تھا۔
سب سے پہلے انہیں فلم ”شہنشاہ جہانگیر“ کی موسیقی دینے کا موقع ملا جس میں سنتوش کمار اور صبیحہ خانم نے مرکزی کردار ادا کئے تھے لیکن ان کی فنی صلاحیتوں کا بھرپور اظہار فلم ”دیا اور طوفان“ میں ہوا۔اس کے بعد انہوں نے بہت سی فلموں کی موسیقی دی جن میں رنگیلا،دل اور دنیا،تیرے میرے سپنے،دولت اور دنیا،راول،بشیرا،وعدہ،سلسلہ پیار دا،دلہن ایک رات کی،کندن،محبت اور مہنگائی،عشق عشق،مٹھی بھر چاول،عشق نچاوے گلی گلی،سنگرام،ان داتا اور دیگر فلمیں شامل ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے اپنی بہترین موسیقی پر 6 فلموں عشق نچاوے گلی گلی،میں جینے نہیں دوں گی،کندن،آسمان،آندھی اور آج کا دور پر نگار ایوارڈ بھی حاصل کیے۔اردو کے ساتھ ساتھ پنجابی طرزیں بھی بنائیں جو بے حد مقبول ہوئیں۔ان گانوں میں وے میں دل تیرے قدماں چے رکھیا،کندا ڈولی نوں دے جائی ویر وے اور وے سب توں سوہنیا شامل ہیں۔
رنگیلا کی پہلی ذاتی فلم ”دیا اور طوفان“ کے بعد رنگیلا کی اگلی فلم ”رنگیلا“ میں تصور خانم کی آواز میں پنجابی نغموں نے دھوم مچا دی اور ”وے سب تو سوہنیا“ تو آج بھی مقبول ہے۔
رنگیلا کی فلم ”دل اور دنیا“ کی موسیقی بھی کمال احمد نے ترتیب دی ان میں ”چمپا اور چنبیلی یہ کلیاں نئی نویلی“ سمیت تین گانے مقبول ہوئے۔رنگیلا کی ایک اور فلم ”میری محبت تیرے حوالے“ کا گانا ”میرا پیار بھرا سنسار لٹا“ بھی کافی پسند کیا گیا۔

Browse More Articles of Music