معروف بھارتی کامیڈین کپل شرما اور سنیل گروور کے درمیان تعلقات پر جمی برف پگھلنے لگی

فلم ’بھارت‘ کی شوٹنگ کے بعد سنیل ایک بار پھر کپل شرما شو میں ’ڈاکٹر مشہور گولاٹی اور رنکو بھابھی‘ کے روپ میں نظر آئینگے،بھارتی میڈیا

ہفتہ 19 جنوری 2019 11:40

معروف بھارتی کامیڈین کپل شرما اور سنیل گروور کے درمیان تعلقات پر جمی برف پگھلنے لگی
ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جنوری2019ء) معروف بھارتی کامیڈین کپل شرما اور سنیل گروور کے درمیان تعلقات پر جمی برف پگھلنے لگی۔ بھارتی میڈیا کے مطابق سنیل گروور اور کپل شرما ایک ساتھ ’دی کپل شرما شو‘ میں جلوہ گر ہوتے تھے لیکن 2017 میں آسٹریلیا سے واپسی پر دوران پرواز ہونیوالی لڑائی دونوں کی علیحدگی کا سبب بنی تھی۔دونوں کی لڑائی کے بعد ’دی کپل شرما شو‘ کی پوری ٹیم بکھر گئی اور سنیل گروور، علی اصغر سمیت متعدد اداکاروں نے شو کو خیرباد کہہ دیا تھا۔

سنیل اور دیگر اداکاروں کے شو چھوڑ جانے کے بعد کپل کا شو بھی ٹی آر پی ریٹنگ میں تنزلی کا شکار ہوگیا تھا جس کے باعث ٹی وی انتظامیہ کو شو ہی بند کرنا پڑا۔شو بند ہونے کے بعد سنیل گروور نے ذاتی حیثیت میں سلمان خان سمیت کئی بالی ووڈ اداکاروں کی فلموں کی تشہیر کی اور کپل کیساتھ کام کرنے سے انکار کردیا۔

(جاری ہے)

حال ہی میں سنیل گروور ایک نئے شو ’کان پور والے کھرانہ‘ کیساتھ ٹی وی پر جلوہ گر ہوئے ہیں لیکن کپل شرما کے ’دی کپل شرما شو ‘ سیزن ٹو کے شروع ہونے کے بعد اس شو کی بھی ٹی آر پی گرگئی ہے۔

سنیل گروور نے سلمان خان کیساتھ فلم ’بھارت‘ بھی سائن کر رکھی ہے جس کی شوٹنگ کے باعث ان کا شو بھی آف ایئر کردیا گیا ہے لیکن دوسری طرف کپل شرما اور سنیل گروور کے تعلقات پر جمی برف پگھلنا شروع ہوگئی ہے جس کا اظہار سوشل میڈیا پر دونوں اداکاروں کی جانب سے تہنیتی پیغامات بنے ہیں۔گزشتہ دنوں کپل شرما نے والدہ کی سالگرہ پر ان کی مسکراتی ہوئی تصویر پوسٹ کرکے مبارکباد دی تھی جس پر سنیل نے بھی ان کی والدہ کو مبارکباد کا پیغام دیا جس کے جواب میں کپل شرما نے سنیل کا شکریہ ادا کیا۔

یہی نہیں کپل شرما نے اپنی شادی میں بھی سنیل گروور کو دعوت دی تھی لیکن پیشہ وارانہ مصروفیات کے باعث وہ شرکت نہ کرسکے تھے تاہم انہوں نے سوشل میڈیا پر شادی شدہ جوڑے کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا تھا۔دوسری جانب سنیل گروور کا نیا شو ’کان پور والے کھرانا‘ بند ہونے کے بعد ان کی کپل شرما کے شو میں واپسی کی چہ مگوئیاں کی جارہی ہیں۔ بھارتی میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ فلم ’بھارت‘ کی 35 روزہ شوٹنگ کے بعد سنیل ایک بار پھر کپل شرما شو میں ’ڈاکٹر مشہور گولاٹی اور رنکو بھابھی‘ کے روپ میں نظر آئینگے۔
وقت اشاعت : 19/01/2019 - 11:40:03

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :