مجھے ایک اداکارہ نے زہر دینے کی کوشش کی لیکن اللہ نے مجھے بچا لیا

جس کو مجھے زہر دینے کے لیے بھیجا گیا، اُس کو ایک لاکھ روپے دئے گئے تھے۔ اداکارہ ریما

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 28 جنوری 2019 15:40

مجھے ایک اداکارہ نے زہر دینے کی کوشش کی لیکن اللہ نے مجھے بچا لیا
لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 28 جنوری 2019ء) : لالی وڈ کی معروف اداکارہ ریما خان کا کہنا ہے کہ ایک اداکارہ نے مجھے زہر دینے کی کوشش کی لیکن اللہ نے مجھے بچا لیا۔ انہوں نے کہا کہ جس شخص کو مجھے زہر دینے کے لیے بھیجا گیا تھا اُسی نے مجھے بتا دیا۔ مجھے زہر دینے کے لیے اُس شخص کو ایک لاکھ روپے دئے گئے تھے۔ فلم انڈسٹری سے متعلق بات کرتے ہوئے اداکارہ ریما خان نے کہا کہ فلم انڈسٹری میں ہراساں کیا جاتا ہے۔

انہوں نےمزید کہا کہ مجھے کئی سیاسی جماعتوں نے شمولیت کے دعوت نامے بھیجے ہیں۔ خیال رہے کہ اداکارہ ریما شادی سے قبل پاکستانی فلم انڈسٹری کی مصروف ترین اداکارہ تھیں۔ ریما خان نے انتہائی کم وقت میں 200 سے زائد فلموں میں جلوے دکھائے ریما خان نے 2011ء میں پاکستانی نژاد امریکی ڈاکٹر طارق شہاب سے شادی کی، ان کا ایک 4 سالہ بیٹا بھی ہے۔

(جاری ہے)

حالیہ انٹرویو میں اداکارہ ریما نے شادی کے بعد کی مشکلات سمیت شادی سے قبل کی زندگی پر بھی بات کی اور بتایا کہ کس طرح انہیں اپنی شادی کو کامیاب بنانے کے لیے محنت کرنی پڑی۔

ریما خان کا کہنا تھا کہ شادی کے بعد میں نے شوہر اور اپنے سسرال والوں کا اعتبار حاصل کرنے اور وہاں اہم مقام بنانے کے لیے بہت محنت کی، اس وجہ سے میں نے صرف اپنی گھریلو زندگی پر ہی دھیان دیا۔ اداکارہ کا کہنا تھا کہ چند سال کی مسلسل محنت کے بعد میں اپنے سسرال اور شوہر کا اعتبار جیتنے میں کامیاب ہو گئی جس کے بعد ہی میں نے شوبز میں ایک بار پھر آہستہ آہستہ قدم رکھا۔

ریما خان نے بتایا کہ امریکہ منتقل ہونے کے بعد تھوڑی سی محنت ضرور کرنی پڑی، تاہم اب میں اس بات پر بہت خوش ہیں کہ مجھے وہاں بہت عزت اور اہمیت حاصل ہے اور لوگ مجھ سے ملنے کے بعد یہ کہتے نظر آتے ہیں کہ وہ اپنی بیٹیوں کو میرے جیسا بنانا چاہتے ہیں۔اداکارہ نے اپنے انٹرویو کے دوران بتایا کہ فلمی کیریئر سے قبل بھی میں مادھوری ڈکشٹ اور سری دیوی کو بہت پسند کرتی تھی اور پہلے آڈیشن کے دوران مادھوری ڈکشٹ کے گانے پر پرفارمنس کرنے سے ہی مجھے فلم میں کام کرنے کا چانس ملا تھا۔

ریما خان نے کہا کہ اگرچہ میں شادی سے قبل اپنی تعلیم مکمل نہیں کر سکی تھی، تاہم امریکہ منتقل ہونے کے بعد میں نے اپنی تعلیم بھی مکمل کی۔اداکارہ نے شادی سے قبل مختلف اداکاروں سے تعلقات کے حوالے سے چلنے والی خبروں پر بات کرتے ہوئے کہا کہ میں زرد صحافت کا نشانہ بنی۔ریما خان کا کہنا تھا کہ ماضی میں میرا نام کبھی ساتھی اداکار بابر علی کے ساتھ جوڑا گیا تو کبھی خبروں میں یہ دعویٰ کیا گیا کہ میرے اداکارہ کے شان کے ساتھ تعلقات ہیں۔یہ خبریں پڑھ کر مجھے بے حد دکھ پہنچا۔ کبھی کہا گیا کہ میرے تعلقات کسی سیاستدان سے ہیں اور میں ان کے ساتھ چھٹیاں منانے سوئٹزرلینڈ گئی ہوں۔ریما خان نے کہا کہ لوگ ایسی خبروں کو جلد ہی بھول گئے، کیوں کہ ان میں کوئی سچائی نہیں تھی۔
وقت اشاعت : 28/01/2019 - 15:40:33

Rlated Stars :

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :