امریکا میں پاکستان کی آواز بن گیا ہوں، گلوکار فیصل اختر

میرے گائے ہوئے گیتوں نے امریکا میں دھوم مچا رکھی ہے‘ نیا البم ’ریوائیول‘‘ کے نام سے ریلیز کرنے کراچی آیا ہوں

جمعہ 3 جنوری 2020 17:43

امریکا میں پاکستان کی آواز بن گیا ہوں، گلوکار فیصل اختر
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 جنوری2020ء) امریکا کی مختلف ریاستوں میں پاکستانی میوزک کی بہت ڈیمانڈ ہے۔ 30 برس سے کنسرٹس میں اپنی آواز کا جادو جگا رہا ہوں، امریکا میں پاکستان کی آواز بن گیا ہوں۔ان خیالات کا اظہار پاکستانی نژاد امریکی سنگر فیصل اختر نے پاکستان آمد پر میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ میرے گائے ہوئے گیتوں نے امریکا میں دھوم مچا رکھی ہے۔

الوداع، جدا میرے وہ گانے ہیں جو بے حد مقبول ہوئے۔ ایک نیا البم ’ریوائیول‘‘ کے نام سے ریلیز کرنے کراچی آیا ہوں۔ اس سلسلے میں تعارفی تقریب ہفتے کو ہورہی ہے۔فیصل اختر نے بتایا کہ میرا یہ البم مداحوں کے لیے نئے سال کا تحفہ ثابت ہوگا۔ اس رومانٹک البم میں چار گیت شامل ہیں، جن کی ویڈیو کراچی کی دلکش لوکیشن پر شوٹ کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جب بھی پاکستان آتا ہوں، بہت سارا پیار اور ڈھیروں خوشیاں سمیٹ کر لے جاتا ہوں۔

مہدی حسن، استاد راحت فتح علی خان، جنون گروپ، جنید جمشید اور استاد نصرت فتح علی خان کے گانوں کا عاشق ہوں۔ایک سوال کے جواب میں گلوکار فیصل اختر نے بتایا کہ میں نے ایک امریکی لڑکی سے شادی کی۔ وہ بھی پاکستانی گیت شوق سے گاتی ہیں۔جب بھی کوئی پاکستانی فلم امریکا میں ریلیز کی جاتی ہے تو ہم نہ صرف اسے شوق سے دیکھتے ہیں بلکہ بھرپور سپورٹ بھی کرتے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ پاکستانی ڈراموں کو امریکا میں بے حد پسندیدگی سے دیکھا جاتا ہے۔ ہمایوں سعید، دانش تیمور، فیصل قریشی اور فیروز خان کے ڈرامے شوق سے دیکھے جاتے ہیں، ماہرہ خان، مہوش حیات اور صبا قمر کو بھی بہت پسند کیا جاتا ہے۔
وقت اشاعت : 03/01/2020 - 17:43:55

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :