اداکارمسعود اخترکی دوسری برسی منگل کو منائی گئی

منگل 5 مارچ 2024 15:11

اداکارمسعود اخترکی دوسری برسی منگل کو منائی گئی
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 مارچ2024ء) پاکستان ٹیلی ویژن اور فلم انڈسٹری کے ورسٹائل اداکار مسعود اخترکی دوسری برسی5مارچ منگل کو منائی گئی۔مسعود اختر ستمبر 1940 میں پنجاب کے شہر ساہیوال میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے کم عمری میں ہی 1960 کے بعد پاکستان ٹیلی وژن (پی ٹی وی) لاہور سے اپنے فنی کیریئر کا آغاز کیا۔مسعود اختر نے پی ٹی وی کے علاوہ ریڈیو پاکستان میں بھی اداکاری اور صداکاری کی اور ان کا شمار 1980 کے مقبول ترین اداکاروں میں ہوتا ہے۔

(جاری ہے)

مسعود اختر نے ماضی کے مقبول ڈراموں میں منفی کردار ادا کرکے لوگوں کے دلوں میں جگہ بنائی۔انہوں نے پہلی بار فلم سنگدل میں کام کیا، جو بہت مقبول ہوئی، اس کے بعد درد، دوسری ماں، آنسو، تیری صورت میری آنکھیں، جاپانی گڈی، گھرانہ، میرا نام محبت، بھروسا، انتخاب، نکی جئی ہاں سمیت کئی فلموں میں شاندار اداکاری کے جوہر دکھائے۔انہیں ان کی شاندار اداکاری پرمتعدد ایوارڈز بھی ملے اور حکومت پاکستان نے انہیں تمغہ برائے حسن کارکردگی سے بھی نوازا۔اداکار مسعود اختر کو ستمبر 2021 میں اپنے جواں سال اکلوتے بیٹے کی موت کا ایسا غم لگا کہ دوبارہ ٹھیک نہ ہو سکے اور 5مارچ2022 کو پھپھڑوں کے سرطان کے باعث انتقال کر گئے۔
وقت اشاعت : 05/03/2024 - 15:11:04

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :