آسکر ایوارڈ 2024 ، اوپن ہائمر اور پوور تھنگز کی دھوم ، ایما سٹون کو بہترین ااکارہ کے اعزازسے نوازا گیا

پیر 11 مارچ 2024 13:16

آسکر ایوارڈ 2024 ،  اوپن ہائمر اور پوور تھنگز کی دھوم ، ایما سٹون  کو بہترین  ااکارہ کے اعزازسے  نوازا گیا
لاس اینجلس (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 مارچ2024ء) فلمی دنیا آسکر ایوارڈ 2024 میں ’اوپن ہائمر‘ اور ’پوور تھنگز‘ نامی فلمیں چھائی رہیں ،کلر آف دی فلاور مون کوئی ایوارڈ نہیں جیت سکی۔اے ایف پی کے مطابق 96ویں اکیڈمی ایوارڈز کی تقریب اتوار کو ہوئی جس کی میزبانی جمی کامل نے کی۔فلم اوپن ہائمر نے ہالی وڈ کا سب سے اہم اور بہترین فلم کا اکیڈمی ایوارڈ جیتا۔

اس فلم نے امریکن فکشن، ایناٹومی آف اے فال، باربی، دی ہولڈوورز، کلرز آف دی فلاور مون، ماسٹرو، پاسٹ لائف، پوور تھنگز اور دی زون آف انٹرسٹ کو پرفارمنس میں پیچھے چھوڑ دیا۔ہدایت کار کرسٹوفر نولین کی یہ شاہکار فلم ایک شاندار ماہر فزکس (طبیعیات دان) کی کہانی ہے جس کی نگرانی میں دنیا کو ہمیشہ کے لیے بدل دینے والا ایٹم بم ایجاد ہوا۔

(جاری ہے)

اس شاہکار فلم کی تیاری میں 10 کروڑ ڈالر کی لاگت آئی۔

جولائی میں ریلیز ہونے والی فلم اوپن ہائمر نے پوری دنیا میں ایک ارب ڈالر کا کاروبار کیا۔اوپن ہائمر کو 13 انعامات کے لیے نامزد کیا گیا تھا، لیکن رات کو سات ایوارڈز جیت پائی لیکن یہ اب بھی آسکر کی تاریخ کی سب سے زیادہ ایوارڈ حاصل کرنے والی فلموں میں سے ایک ہے۔ہدایت کار کرسٹوفر نولین کی اوپن ہائمر بہترین ڈائریکٹر اور بہترین فلم سمیت سات ایوارڈز کے ساتھ سر فہرست رہی، جب کہ پوور تھنگز نے چار ایوارڈ جیتے ہیں۔

کرسٹوفر نولین کو اوپن ہائمر بنانے پر بہترین ڈائریکٹر کا ایوارڈ دیا گیا جبکہ بہترین اداکار کا ایوارڈ بھی اسی فلم کے مرکزی کردار کیلین مرفی کو ملا۔اوپن ہائمر کے آئرش اداکار کیلین مرفی نے اپنی کیٹیگری میں چار امریکی حریفوں، پال گیامٹی (دی ہولڈاوورس)، جیفری رائٹ (امریکن فکشن)، بریڈلی کوپر (ماسٹرو) اور کولمین ڈومنگو (رسٹن) کو شکست دی۔

بہترین اداکارہ کا ایوارڈ ایما سٹون کو ملا انہوں نے پوور تھنگز میں بیلا کا کردار نبھایا تھا۔ایما سٹون نے اپنا ایوارڈ وصول کرتے ہوئے کہا کہ یہ میرا نہیں بلکہ یہ پوری ٹیم کا ہے جو ایک بہترین چیز بنانے کے لیے اکٹھی ہوئی اور فلمیں بنانے کا بہترین حصہ یہ ہے کہ ہم سب ایک ساتھ ہیں۔ہدایت کار یورگوس لینتھیموس کی ’پوور تھنگز‘ کو بہترین اداکارہ، بہترین میک اپ، بہترین کاسٹیوم ڈیزائن اور بہترین پروڈکشن ڈیزائن کی کیٹیگری میں آسکر ایوارڈز سے نوازا گیا۔
وقت اشاعت : 11/03/2024 - 13:16:53

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :