وزیراعظم اور وزیر داخلہ آپس کے اختلافات مل بیٹھ کر حل کریں ، اختلافات کی وجہ سے وزارت داخلہ درست انداز میں کام نہیں کر پا رہی ، اس صورتحال کے باعث ملک میں امن وامان کی صورتحال خراب ہورہی ہے

مسلم لیگ (ق) کے رہنماء سینیٹر کامل علی آغا کی پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے بات چیت

جمعرات 14 مئی 2015 17:20

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 14 مئی۔2015ء ) مسلم لیگ (ق) کے رہنماء سینیٹر کامل علی آغا نے کہاہے کہ وزیراعظم نواز شریف اور وفاقی وزیر داخلہ آپس کے اختلافات کو مل بیٹھ کر حل کرلیں ، ان کے اختلافات کی وجہ سے وزارت داخلہ درست انداز میں کام نہیں کر پا رہی ہے جس کی وجہ سے ملک میں دہشتگردی کے واقعات میں اضافہ اور امن وامان کی صورتحال خراب ہورہی ہے ۔

وہ جمعرات کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے بات چیت کررہے تھے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نواز شریف اور وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان اپنے آپس کے اختلافات کو حل کرلیں ، پھر وزیر داخلہ اپنی وزارت سے الگ ہو جائیں اگر وہ اپنی وزارت سے الگ نہیں ہوتے تو وزیراعظم انہیں وزارت سے نکال دیں اس مسئلے کا یہی حل ہے ، ان کے اختلافات کی وجہ سے ملک میں بدامنی ، دہشتگردی میں اضافہ ہوتا جارہا ہے ۔

دونوں کے اختلاف ختم ہوں گے تو وزارت داخلہ بہتر انداز میں کام کرسکے گی اور ملک میں امن وامان میں بہتری آئے گی ، دہشتگردی کے خاتمہ کا عمل آگے بڑھ سکے گا ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کراچی کے افسوسناک واقعہ کی ذمہ داری وفاقی اور صوبائی دونوں حکومتوں پر عائد ہوتی ہے کیونکہ انہوں نے غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کیا ہے ۔