بھارتی گلوکاروشال مشرا کا پاکستان کی مخالفت میں ترکیہ ، آذربائیجان نہ جانے کا اعلان

پیر 12 مئی 2025 20:20

بھارتی گلوکاروشال مشرا کا پاکستان کی مخالفت میں ترکیہ ، آذربائیجان نہ جانے کا اعلان
ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 مئی2025ء) بالی وڈ کے معروف گلوکار وشال مشرا نے پاک-بھارت کشیدگی کے دوران پاکستان کے منہ توڑ جواب کا غصہ ترکیہ اور آذربائیجان پر نکالنے کا انوکھا انداز اپنا لیا۔پاکستان کے خلاف بھارتی جارحیت کے بعد دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی شدت اختیار کر گئی تھی، تاہم پاکستان کی بھرپور جوابی کارروائی نے بھارت کو اپنی پوزیشن پر غور کرنے پر مجبور کر دیا اور بالآخر جنگ بندی کا معاہدہ طے پایا۔

امریکا کی کوششوں سے پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی ہوئی، جس نے دونوں ممالک کے تعلقات میں وقتی طور پر کمی کر دی۔تاہم اس کشیدگی کے اثرات صرف سیاسی نہیں بلکہ شوبز انڈسٹری پر بھی مرتب ہوئے، جس میں پاکستانی فنکاروں کو بھارت میں کام کرنے کی اجازت نہیں دی گئی اور ان کے سوشل میڈیا اکاونٹس کو بھی بند کر دیا گیا۔

(جاری ہے)

اس دوران جب بھارت کے دیگر فنکاروں نے بھارتی فوج کی حمایت کی، وشال مشرا نے پاکستان کے خلاف اپنی نفرت کا اظہار کرنے کے لیے ترکیہ اور آذربائیجان کے خلاف سخت مقف اپنایا۔

انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (ٹوئٹر) پر ایک پوسٹ میں کہا کہ وہ کبھی بھی ترکیہ اور آذربائیجان کا سفر نہیں کریں گے، نہ تفریح کے لیے اور نہ ہی کسی کنسرٹ کے لیے۔ انہوں نے اپنے الفاظ میں کہا کہ یاد رکھنا، کبھی نہیں مطلب کبھی نہیں۔وشال مشرا کا یہ موقف بھارتی حکام کے اس دعوے کے بعد سامنے آیا کہ پاکستان نے بھارت کے خلاف جوابی کارروائی میں جو ڈرون استعمال کیے، وہ مبینہ طور پر ترکیہ نے پاکستان کو فراہم کیے تھے۔مزید برآں، آذربائیجان نے پاک-بھارت کشیدگی کے دوران بھارت کے خلاف پاکستان کی مکمل حمایت کا اعلان کیا تھا۔یاد رہے کہ اس سے قبل، وشال مشرا نے بھارتی فوج کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے ایک جذباتی ٹوئٹ بھی کیا تھا۔
وقت اشاعت : 12/05/2025 - 20:20:41

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :