پاکستان نے دہشت گردی کیخلاف جنگ میں بڑی کامیابیا ں حاصل کی ہیں ،افریقی ممالک تجربے سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں،ممنون حسین

افریقی ممالک سے تعلقات میں مزید قربت کیلئے ٴْلک افریقہ پالیسی اختیار کر رکھی ہے،مقصد سیاسی، تعلیمی،ثقافتی اور اقتصادی شعبوں کے درمیان تعاون میں مزید اضافہ کرنا ہے پاک چین اقتصادی راہداری ،ایک خطہ ، ایک روڈ کا منصوبہ پورے خطے کیلئے ہی نہیں بلکہ دنیا کو ملانے کیلئے اہمیت کا حامل ہے، صدر مملکت کی افریقی ممالک کے سفیروں سے گفتگو

بدھ 24 مئی 2017 17:16

پاکستان نے دہشت گردی کیخلاف جنگ میں بڑی کامیابیا ں حاصل کی ہیں ،افریقی ..
اسلا م آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 مئی2017ء) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بڑی کامیابیا ں حاصل کی ہیں اور افریقی ممالک دہشت گردی سے نمٹنے کیلئے پاکستان کے تجربے سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔صدر مملکت نے یہ بات ایوان صدر میں افریقی ممالک کے سفیروں کے اعزاز میں دیئے گئے ظہرانے سے خطاب کرتے ہوئے کہی جس میں جنوبی افریقہ، نیونس، کینیا، الجزائر، مصر، صومالیہ، سوڈان، مراکش، نائیجیریا ، ماریشس اور لیبیا کے سفیراورہائی کمشنر شریک تھے۔

اس موقع پر صدر مملکت نے افریقی یونین کے قیام کی 54ویں سالگرہ پر سفیروں کو مبارک باد بھی دی۔ اس موقع پر مشیر امور خارجہ سرتاج عزیز،سیکریٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

صدر مملکت نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان نے بہت قربانیاں دی ہیں اور اب اللہ تعالیٰ کے فضل سے اس پر کافی حد تک قابو پالیا گیا ہے۔

انھوں نے کہا کہ افریقی ممالک اس سلسلے میں پاکستان کے تجربے سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ انھوں نے افریقی ممالک کو دفاع اور خارجہ امورسمیت مختلف شعبوں میں افسروں کی تربیت کی پیش کش بھی کی۔صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان کی خارجہ پالیسی میں افریقہ کی خاص اہمیت ہے۔ پاکستان نے افریقی ممالک سے تعلقات میں مزید قربت کے لیے ٴْلک افریقہ(Look Africa) پالیسی اختیار کر رکھی ہے۔

اس پالیسی کا مقصد سیاسی، تعلیمی،ثقافتی اور اقتصادی شعبوں کے درمیان تعاون میں مزید اضافہ کرنا ہے تاکہ پاکستان اور افریقی ممالک کے درمیان تجارتی حجم میں مزیداضافہ ہو سکے۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری اور ایک خطہ ، ایک روڈ کا منصوبہ پورے خطے کے لیے ہی نہیں بلکہ دنیا کو ملانے کے لیے بڑی اہمیت کا حامل ہے اس لیے افریقی ممالک اس سے استفادے کے لیے تیاری کریں۔

انھوں نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری کی تعمیر کے بعد خطے میں پاکستان کی اہمیت میں غیر معمولی اضافہ ہو گیا ہے اور پاکستان کا مستقبل شاندار ہے۔انھوں نے کہا کہ اقتصادی راہداری اور ایک خطہ ایک شاہراہ کا منصوبہ اس صدی کا سب سے بڑا واقعہ ہے جس سے کئی خطے ایک دوسرے کے قریب ہوکر عوام کی قسمت بدل سکتے ہیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان اور افریقی ممالک کے درمیان سیاست، معیشت،سرمایہ کاری اور سیاحت کے شعبے میں کئی قدریں مشترک ہیں ، باہمی تعاون میں اضافہ کرکے ان مشترکہ اقدار سے مزید فائدہ اٹھایا جاسکتا ہے۔

اس موقع پر افریقی سفیروں کیڈین اور جنوبی افریقہ کے ہائی کمشنرمپینڈولو جیلی نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کا بڑی کامیابی سے مقابلہ کیا جو قابل ستائش ہے۔دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے نائجیریا کے سفیر نے پاکستان کے تعاون کا شکر ادا کیا۔