تھائی لینڈ میں موٹے پولیس افسران کو وزن کم کرنے کے کیمپ میں بھیجا جا رہا ہے

Ameen Akbar امین اکبر جمعرات 21 مارچ 2019 23:50

تھائی لینڈ میں موٹے پولیس افسران کو وزن کم کرنے کے کیمپ میں بھیجا جا رہا ہے

تھائی لینڈ  بھر میں موٹے پولیس افسران کے لیے   ”بیلی ڈسٹرکشن “(Belly Destruction) کے نام سے ایک نئے پروگرام کا آغاز کیا گیاہے۔اس پروگرام کے تحت تھائی لینڈ کے تمام پولیس سٹیشنوں سے موٹے پولیس افسران کو  وزن کم کرنے کے کیمپوں میں بھیجا جا رہا ہے۔
دو ہفتوں کے پائلٹ پروگرام کی کامیابی کے بعد تھائی لینڈ کے پولیس سٹیشن اپنے سب سے موٹے افسران کو پاک چونگ شہر میں سنٹرل پولیس ٹریننگ سنٹر میں بھیج رہے ہیں، جہاں انہیں ایسی سخت ورزشیں کرنا پڑتی ہے جو پیٹ کا سائز کم کرنے کے لیے ڈیزائن کی گئی ہیں۔

ہر پولیس سٹیشن وقتاً فوقتاً اپنے دو سے تین موٹے پولیس افسران کو سنٹر  میں بھیج رہا ہے جہاں انہیں ورزش کرنی پڑتی ہے، سائیکل چلانی پڑتی ہے اور کھانے کو صحت مند غذا دی جاتی ہے۔

(جاری ہے)


کچھ دنوں پہلے تھائی لینڈ میں  پولیس افسران کی روزانہ کی ورزش کی تصاویر وائرل ہوئیں تھیں۔ان تصاویر کے وائرل ہونے کی وجہ اس میں  دکھائے گئے موٹے پولیس افسران تھے۔

اس تصاویر کے وائرل ہونے پر ہی بیلی ڈسٹرکشن نامی یہ پروگرام شروع کیا گیا ہے۔
اس کے پائلٹ پروگرام میں  200 پولیس افسران نے حصہ لیا تھا۔ پائلٹ پروگرام کے مثبت نتائج کی وجہ سے اس پروگرام کو ہمیشہ کے لیے نافذ کر دیا گیا۔
رپورٹس کے مطابق اس پروگرام کے تحت 200 کلو گرام وزنی پولیس افسران اپنا 60 کلو تک وزن کم کر چکے ہیں۔کچھ حد تک موٹے افسران (تقریباً 80 کلو گرام)  بھی اپنا وزن 20 کلو گرام  تک کم کر چکے ہیں۔


اس پروگرام کی تصاویر سے پتا چلتا ہے کہ اس میں شامل تمام پولیس افسران کو گنجا کیا جاتا ہے۔ پولیس افسران کے پروگرام میں شمولیت سے پہلے اور بعد میں وزن  کے انفرادی آئی ڈی کارڈز بھی دئیے جاتے ہیں۔پروگرام سے فراغت کے بعد بھی پولیس افسران کا ریکارڈ رکھ کر اُن کی کارکردگی کو  ٹریک کیا جاتا ہے۔

متعلقہ عنوان :

Browse Latest Weird News in Urdu