قازقستان کی 730 قیدیوں کی جیل میں عمر قید کی سزا کاٹنے والی انوکھی قیدی

Ameen Akbar امین اکبر پیر 15 اپریل 2019 23:45

قازقستان کی 730 قیدیوں کی جیل میں عمر قید کی سزا کاٹنے والی انوکھی قیدی

قوستانای، قازقستان کی ایک جیل میں  36 سالہ بھوری ریچھنی عمر قید کی سزا کاٹ رہی ہے ۔اگرچہ اس جیل میں قتل کے قیدیوں کو بھی  25 سال   سے زیادہ نہیں رکھا جاتا لیکن  حکام کا  مستقبل میں بھی کاٹیا کو چھوڑنے کا  ارادہ نہیں۔
اس جیل کے 730 قیدی  اس ریچھنی کو کاٹیا یا اکاتیرینا  کے نام سے بلاتے ہیں۔ کاٹیا کو 2004 میں  اس کے پنجرے کی سلاخوں سے نکال کر جیل کی کوٹھری کی سلاخوں کے پیچھے ڈالا گیا تھا۔

2004 میں کاٹیا نے کچھ دنوں کے وقفے سے دو انسانوں کو شدید زخمی کر دیا تھا۔
قوستانای شہر میں اپنے فن کا مظاہرہ کرنےو الی ایک سرکس  کاٹیا  کی پیدائش کے بعد اس سے دستبردار  ہو گئی تھی۔ سرکس کی انتظامیہ نے کاٹیا کو شہر سے باہر کیمپ سائٹ اور مقبول سیاحتی مقام کے  پاس ایک پنجرے میں بند کیا اور چلے گئے۔

(جاری ہے)

سالوں تک کاٹیا کیمپ سائٹ کے پنجرے میں رہی۔

2004 میں کیمپ سائٹ کے پنجرے میں ہی کاٹیا نے ایک بچے کو ٹانگ سے پکڑ کر کھینچا اور شدید زخمی کر دیا۔ وہ بچہ کاٹیا کو کھانا کھلانے آ رہا تھا۔ کچھ دنوں بعد  نشے میں دھت ایک شخص نے کاٹیا سے ہاتھ ملانے کی کوشش کی اور زخمی  ہوگیا۔ یکے بعد دیگرے ہونے والے ان دو حادثات کے بعد حکام نے اسے جیل بھیجنے کا فیصلہ کیا۔ جیل بھیجنے کی ایک وجہ یہ بھی کہ   کوئی چڑیا گھر یا جانوروں کا حفاظتی مرکز اسے اپنے پاس رکھنے کو تیار نہیں تھا، جس کی وجہ سے اسے 700 قیدیوں کی جیل کی ایک کوٹھری میں قید کر دیا گیا۔

جیل میں 15 سال گزارنےکےبعد کاٹیا اس جیل کی شناخت بن گئی ہے۔ جیل انتظامیہ نے  کاٹیا کے اعزاز میں اس کے مجسمے بھی نصب کیے ہوئے ہیں۔ جیل میں آنے والے قیدی اپنے ساتھ کاٹیا کے لیے کھانے، جیسے سیب، مٹھائیاں اور کوکیز لانے کی کوشش کرتے ہیں۔ قیدیوں کا کہنا ہے جب ان کا دن اچھا نہیں گزرتا تو کاٹیا انہیں مسکرا کر دیکھتی ہے۔ جیل میں قیدیوں سے ملنے کے لیے آنے  والے ملاقاتی کاٹیا سے بھی مل سکتے ہیں۔

اس جیل میں کاٹیا کی کوٹھری کو خصوصی طور پر اس کے مطابق بنایا گیا ہے۔ اس کوٹھری میں ایک تالاب اور ایک کچھار بھی ہے۔
کاٹیا کو جیل میں رکھنے پر انتظامیہ کے اخراجات نہیں ہوتے، کیونکہ اسے قیدیوں کا بچا ہوا کھانا دیا جاتا ہے اور نومبر سے اپریل کا عرصہ  کاٹیا جیل کی کوٹھری میں بنی کچھار میں سوکر گزارتی ہے۔
جیل میں تعلیمی امور کے ڈپٹی چیف عظمت گاپاسوف نے بتایا کہ اُن کا کاٹیا کو چھوڑنےکا کوئی ارادہ نہیں، وہ جیل کی شناخت بن چکی اور حکام کا بھی اس کے  بنا دل نہیں لگتا ہے، اس لیے اسے کسی کےحوالے نہیں کیا جائے گا۔

قازقستان کی 730 قیدیوں کی جیل میں عمر قید کی سزا کاٹنے والی انوکھی قیدی

متعلقہ عنوان :

Browse Latest Weird News in Urdu