ایک ماہ سے ریچھ کے بھٹ میں پھنسے شخص کو بچا لیا گیا۔ (اپ ڈیٹ: حقیقت کچھ اور ہی نکلی)

Ameen Akbar امین اکبر بدھ 26 جون 2019 21:18

ایک ماہ سے ریچھ کے بھٹ میں پھنسے شخص کو بچا لیا گیا۔ (اپ ڈیٹ: حقیقت کچھ اور ہی نکلی)

بظاہرممی کی سی حالت میں پہنچنے والے ایک شخص کو ایک ماہ تک ایک ریچھ کے بھٹ میں پھنسے رہنے کے بعد بچا لیا گیا ہے۔ ریچھ نے اس شخص کی ریڑھ کی ہڈی توڑ کر اسے  بعد میں کھانے کے لیے  اپنی بھٹ میں محفوظ کیا تھا۔
اس شخص، جس کا نام صرف الیگزینڈر معلوم ہوا ہے، کو شکاری کتوں نے تلاش کیا تھا۔ روسی شکاریوں کے ایک گروہ کو یہ شخص  روس کے دور دراز کے علاقے تووا میں موجود ریچھ کی ایک بھٹ سے ملا ہے۔

موت کے منہ  تک پہنچ جانے والے اس شخص کو ہسپتال پہنچایا  گیا تو  ڈاکٹروں کو پتا چلا کہ اس کی ریڑھ کی ہڈی  بھورے ریچھ کے ساتھ لڑائی میں ٹوٹ گئی ہے۔
الیگزینڈر نے بتایا کہ بڑے ریچھ نے اسے قابو کر کے بعد میں کھانے کے لیے محفوظ کر لیا تھا۔بھورے ریچھ کےبارے میں مشہور ہے کہ وہ اپنے شکار کو بعد میں کھانے کے  لیے واپس آتے ہیں۔

(جاری ہے)


الیگزینڈر نے بتا یا کہ   ایک ماہ کے عرصے میں وہ اپنا ہی پیشاب پی کر زندہ رہا۔

ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ الیگزینڈر کا زندہ بچ جانا  ایک معجزہ ہے۔
رپورٹ کے مطابق شکاریوں کا ایک گروہ اپنے کتوں کے ساتھ ایک پہاڑی غار کے نزدیک سے گزراتو کتے بھونکنے لگے اور آگے بڑھنے سے انکار کر دیا۔ جب شکار اندر داخل ہوئے تو انہیں لگا کہ اندر ایک  حنوط شدہ ممی ہے۔ شکاریوں نے جب آگے بڑھ کر دیکھا تو الیگزینڈر زندہ تھا۔
مقامی رپورٹ کے مطابق الیگزینڈر کو اپنا پہلا نام  ہی یاد تھا، اسے نہ تو عمر یاد تھی اور نہ ہی  اپنا خاندانی نام یاد تھا۔

ہسپتال میں بنائی گئی ایک ویڈیو میں  الیگزینڈر نے  اپنی نیلی آنکھیں کھول کر  اپنے پہلے نام کی تصدیق کی ہے۔ مقامی ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ وہ اتنے زخموں کے بعد الیگزینڈر کے زندہ بچنے کی وضاحت نہیں  کر سکتے۔
رپورٹس میں الیگزینڈر نے ہسپتال میں ڈاکٹروں سے مقامی توین زبان کی بجائے روسی زبان میں بات کی۔
الیگزینڈر کی کہانی لیونارڈو ڈائی کیپریو کی فلم ریویننٹ سے ملتی جلتی ہے، جس میں اس کا کردارریچھ کےحملے سے بچ جاتا ہے۔

اپ ڈیٹ:

کل تک سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی یہ خبر اب جھوٹ ثابت ہوئی ہے۔ حالانکہ اس خبر کو میل آن لائن، میٹرو اور دی سن نے بھی شائع کیا تھا۔ یہ خبر اس سے  پہلے سربین ٹائمز میں شائع ہوئی تھی۔ سربین ٹائمز روسی ویب سائٹ ہے جو ملکی خبروں کو انگریزی میں شائع کرتی ہے۔
حال ہی میں الیگزینڈر کی وائرل ہونے والی ویڈیو  پہلے بھی ایک بار وائرل ہوئی تھی، تاہم تب اس کے وائرل ہونے کی وجہ بالکل مختلف تھی۔

سوچی سٹریم کی سٹوری میں الیگزینڈر کو ایک زومبی کے طور پر پیش کیا گیا تھا، جو قبرستان میں  تابوت سے زندہ ملا تھا۔سوچی کی انتظامیہ نے ان خبروں کی تردید کی تھی۔ اب یہی ویڈیو ایک نئی  کہانی کے ساتھ ایک بار پھر وائرل ہوئی ہے، جس میں الیگزینڈر کو ریچھ کا شکار بتایا گیا ہے۔
آئی ٹی کے ماہرین کا کہنا ہے کہ ویڈیو میں آڈیو  کا وہ حصہ جس میں الیگزینڈر اپنا نام بتاتا ہے، وہ بعد میں شامل  کیا گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :

Browse Latest Weird News in Urdu