زہریلی ہوا سے بچانے کے لیے بھارت میں بھگوانوں کو بھی ماسک پہنا دئیے گئے

Ameen Akbar امین اکبر ہفتہ 9 نومبر 2019 23:53

زہریلی ہوا سے بچانے کے  لیے بھارت  میں  بھگوانوں کو بھی ماسک پہنا دئیے گئے

دیوالی کے بعد بھارت میں فضائی آلودگی میں خطرناک حد تک اضافہ ہو گیا ہے۔ بھارتی وزیر اعظم  نریندرا مودی  کے لوک سبھا کے حلقہ انتخاب   وارانسی  بھی اس فضائی آلودگی سے محفوظ نہیں۔
شہر میں ہوا کی کوالٹی  دن بدن خراب ہونے پر  اندرون شہر میں موجود ایک مندر کے پجاریوں نے مندر میں موجود بتوں کے منہ  حفاظتی ماسک سے ڈھک دئیے ہیں۔
پجاریوں نے سگرا کے مشہور شیو-پاروتی  مندر میں بھگوان شیو، دیوی درگا، دیوی کالی اور سائیں بابا کے  بتوں کے منہ  کو ماسک  سے ڈھک دیا ہے۔


مندر کے پجاری ہریش مشرا نے   بتایا کہ وہ اپنے پتھر کے خداؤں کو زندہ دیوتا سمجھتے ہیں اور  انہیں  راحت اور آرام پہنچانے کے لیے گرمیوں میں  ان پر صندل کی لکڑی کا پیسٹ ملتے ہیں تاکہ یہ ٹھنڈے رہیں اور سردیوں میں ان پر  اونی کپڑے ڈھانپتے ہیں، اسی طرح  انہوں نے آلودگی سے بچانے کے لیے ان کے منہ پر ماسک لگائے ہیں۔

(جاری ہے)

ہریش مشرا کا کہنا ہے کہ کالی دیوی کے منہ پر ماسک لگانا مشکل ہو سکتا ہے، کیونکہ اس غصے کی دیوی کی زبان باہر نکلی ہوئی ہے، ایسے میں انہوں نے کالی دیوی کے منہ پر ماسک نہیں لگایا۔


ہریش مشرا نے بتایا کہ  اپنے بھگوانوں کے منہ پر ماسک دیکھ کر یہاں آنے والے  بہت سے لوگوں نے بھی  ماسک پہننا شروع کر دیا ہے۔
ہریش مشرا کا کہنا ہے کہ شہر میں ہر شخص انفرادی طور پر اس مسئلے کو بڑھا رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ شہر میں ہر طرف سموگ ہے لیکن  میونسپل کے ورکر اس حوالے سے کچھ کام کرنے کی بجائے کچرے کو جلا رہے ہیں۔ اُن  کا کہنا ہے کہ جب تک لوگ مجموعی طور پراپنی عادات تبدیل نہیں کریں گے، صورتحال کبھی تبدیل نہیں ہوگی۔

Browse Latest Weird News in Urdu