لائیو سٹاک سیکٹر میں سرمایہ کاری کی بڑی گنجائش موجود ہے، مویشی پال حضرات کو ہر ممکن سہولت دے رہے ہیں،میاں اسلم اقبال

منگل 12 نومبر 2019 15:06

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 نومبر2019ء) صوبائی وزیر صنعت وتجارت میاں اسلم اقبال کی زیر صدارت پنجاب سرمایہ کاری بورڈ کے دفتر میں اجلاس کا انعقاد کیا گیا،اجلاس میںقصور ریجن میں عالمی معیار کے مطابق بیماریوں سے پاک زون بنانے اور لائیو سٹاک سیکٹر میں سرمایہ کاری کے امکانات کا جائزہ لیا گیا، اجلاس میںکیب روب کمپنی کے حکام، لائیو سٹاک سیکٹر کے عالمی ماہرین،سی ای او پنجاب سرمایہ کاری بورڈ اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران کیب روب کمپنی نے لائیو سٹاک کے شعبے میں سرمایہ کاری میںدلچسپی کا اظہار کیا،صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کے مختلف شعبوں میں نئی سرمایہ کاری لانا ہماری حکمت عملی ہے،صوبے میں سازگار ماحول اور سرمایہ کاردوست پالیسیوں کے باعث سرمایہ کار پنجاب کا رخ کررہے ہیں،انہوںنے کہا کہ ملکی وغیر ملکی سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولتیں ایک چھت تلے دے رہے ہیں،انہوں نے کہا کہ غربت اور بے روزگاری کے مسائل میں کمی لانے کے حوالے سے لائیو سٹاک سیکٹر بڑی اہمیت کا حامل ہے،کیب روب کمپنی کی لائیو سٹاک سیکٹر میں سرمایہ کاری کا خیرمقدم کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ لائیو سٹاک سیکٹر میں سرمایہ کاری کی بڑی گنجائش موجود ہے، مویشی پال کاشتکاروں کو ہر ممکن سہولتیں دے رہے ہیں،انہوںنے کہا کہ قصور ریجن میں بیماریوں سے پاک زون بننے سے مقامی زراعت اور لائیو سٹاک سیکٹر کو فروغ ملے گا اور برآمدات کے بڑھنے سے ملک کو کثیر زرمبادلہ بھی حاصل ہو گا، اس اہم منصوبے کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لئے ہمیں تیزی سے اقدامات کرناہوںگے تاکہ جلد از جلد اس کے ثمرات عوام کو حاصل ہو سکیں۔

متعلقہ عنوان :