پنجاب بھر میں شوگر ملز کی جانب سے گنے کے کاشتکاروں کو رقوم کی ادائیگی کی سختی سے مانیٹرنگ کی ہدایت ، مقررہ قیمت ادا نہ کرنے والی شوگر ملز کے خلاف بلا امتیاز سخت کارروائی کا بھی حکم

منگل 10 دسمبر 2019 16:33

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 دسمبر2019ء) وزیر اعلیٰ پنجاب سردار محمد عثمان بزدار کی خصوصی ہدایت پر چیف سیکرٹری پنجاب میجر (ر) اعظم سلیمان خان نے صوبہ بھر میں شوگر ملز کی جانب سے گنے کے کاشتکاروں کو رقوم کی ادائیگی کی سختی سے مانیٹرنگ کی ہدایت کی ہے اورمقررہ قیمت 190 روپے فی 40کلو گرام ادانہ کرنے والی شوگر ملز کے خلاف بلا امتیاز سخت کارروائی کا بھی حکم دے دیا گیاہے ۔

اس سلسلہ میں فیصل آباد ، سرگودھا ، گوجرانوالہ ، ساہیوال، لاہور ، راولپنڈی ، ملتان، بہاولپور، ڈی جی خان ڈویژنز کے ڈویژنل کمشنر اور صوبہ بھر کے تمام 36 اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کے نام جاری کئے گئے ہدایت نامہ میں کہا گیاہے کہ چونکہ حکومت پنجاب کی جانب سے رواں سال گنے کے کرشنگ سیزن 2019-20ء کے سلسلہ میں گنے کی خریداری کیلئے امدادی قیمت 190روپے فی من مقرر کی جا چکی ہے اسلئے تمام شوگر ملیں مذکورہ ریٹ پر گنے کی خریداری کی پابند ہیں۔

(جاری ہے)

مراسلہ میں کہا گیاہے کہ اگر کسی جگہ پر کوئی شوگر مل مالک گنے کی خریداری کے وقت نرخوں میں کمی یا وزن اور ناپ تول کے پیمانوں و کنڈوں میں ہیرا پھیری کا مرتکب پایا جائے تو اس کے خلاف سخت ترین کارروائی عمل میں لائی جائے اور بلا امتیاز قانون کو حرکت میں لاتے ہوئے ذمہ داران کے ساتھ کوئی رعائت نہ برتی جائے۔ فیصل آباد ڈویژنل انتظامیہ کے ذرائع نے بتایاکہ اس ضمن میں تمام اضلاع کے ڈی سیز کو تمام صورتحال کی لمحہ بہ لمحہ مانیٹرنگ کی ہدایت کر دی گئی ہے ۔

انہوںنے کہا کہ تمام شوگر ملز کے قرب و جوار سمیت شہروں کے داخلی و خارجی راستوں اور اہم مقامات پر بینرز بھی آویزاں کئے گئے ہیں جن میں کاشتکاروں سے اپیل کی گئی ہے کہ اگرگنے کی فروخت کے سلسلہ میںانہیں کسی قسم کی کوئی شکایت ہو تو وہ فوری طور پرمتعلقہ ضلع کے ڈی سی کے دفتر میں تحریر ی شکایت جمع کروا سکتے ہیں جس پر فوری کاروائی کو یقینی بنایا جائیگا۔

مزید برآں ڈی سی فیصل آباد محمد علی نے بھی تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو حکم دیا ہے کہ وہ اپنی اپنی تحصیلوں میں گنے کی خریداری کے غیر قانونی کنڈوں کا فوری طورپر صفایا کریں اور گنے کی خریداری مہم کے دوران قیمت میں کمی اور وزن میں بلا جواز کٹوتی کو سختی سے روکا جائے ۔ انہوںنے اسسٹنٹ کمشنر ز کو مزید ہدایت کی کہ وہ محکمہ لیبر ویلفیئر حکام کے ہمراہ کنڈوں کی تسلسل کے ساتھ چیکنگ کاسلسلہ جاری رکھیں تاکہ کاشتکاروں کا استحصال روکا جا سکے۔