وائٹ ہاؤس میں عید ملن پارٹی، پاکستانی نژاد امریکیوں کی صدربائیڈن سے ملاقات

پاکستانی امریکنز نے نائب صدر کاملا ہیریس سے بھی ملاقات کی ،عید ملن کا اہتمام پر ان کا شکریہ ادا کیا مسلمانوں کے خلاف اسلاموفوبیا کے دور میں ایسی تقاریب کا اہتمام کمیونٹی کیلئے مثبت پیغام ہے، پاکستانی امریکی لیڈرز

منگل 2 مئی 2023 18:55

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 مئی2023ء) وائٹ ہاؤس میں امریکی صدر کی جانب سے مسلمانوں کیلئے عید ملن کے انعقاد، پاکستانی نژاد امریکیوں کی جو بائیڈن اور نائب صدر کاملا ہیریس سے ملاقات ، تقریب کو اسلاموفوبیا کے خلاف امریکی صدر کا مثبت پیغام قرار دیدیا۔امریکی صدر جو بائیڈن کی جانب سے وائٹ ہاؤس میں منعقدہ عید ملن میں الہان عمر سمیت مسلم اراکین کانگریس، سفارتی، سیاسی، مذہبی اور مختلف محکموں سے تعلق رکھنے والی تقریباً چار سو شخصیات نے شرکت کی۔

تقریب میں ڈیموکریٹ رہنما ڈاکٹر آصف محمود، طاہر جاوید، امریکن پاکستانی پبلک افیئرز کمیٹی کے چیئرمین ڈاکٹر اعجاز احمد، گولڈ اسٹار فادر خضر خان اور امریکا کے پہلے مسلم وفاقی جج زاہد قریشی سمیت دیگر پاکستانیوں نے بھی شرکت کی۔

(جاری ہے)

پاکستانی امریکن لیڈرز نے کہا کہ مسلمانوں کے خلاف اسلاموفوبیا کے دور میں ایسی تقاریب کا اہتمام کمیونٹی کیلئے مثبت پیغام ہے۔

اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے ڈاکٹر آصف محمود نے کہا کہ ان کی صدر جو بائیڈن اور نائب صدر کاملا ہیریس سے مختصر ملاقات میں تعمیری بات چیت ہوئی۔پاکستانی امریکن ڈیموکریٹ طاہر جاوید نے کہا کہ عید ملن صدر بائیڈن کی جانب سے بہت اچھا علامتی پیغام تھا، انہوں نے رمضان اور عید کے بارے میں بہت اچھے کلمات ادا کیے، ساتھ ہی انہوں نے مسلم اور پاکستانی امریکنز کی کاوشوں کو بھی سراہا۔

امریکن پاکستانی پبلک افیئرز کمیٹی کے بانی چیئرمین ڈاکٹر اعجاز احمد نے کہا کہ وائٹ ہاؤس میں ایک روایت رہی ہے کہ صدر عید اور افطار پر مسلم کمیونٹی کو دعوت دیتا ہے تاہم افسوس کہ سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے یہ روایت ترک کردی تھی اور چھ مسلم ملکوں کے شہریوں کے امریکا آنے پر پابندی بھی لگادی تھی جس سے کمیونٹی تشویش کا شکار ہوگئی تھی۔انہوں نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کے برعکس صدر بائیڈن نے چار سو شخصیات کو امریکا بھر سے وائٹ ہاؤس میں بلایا ہے اور تہوار کی خوشیوں میں شریک ہوئے، ساتھ ہی جو بائیڈن نے مسلم ملکوں کے شہریوں پر ٹرمپ کی عائد پابندی بھی اٹھائی ہے جو اس بات کو ثابت کرتی ہے کہ ڈیموکریٹ صدر بائیڈن مسلم کمیونٹی کو انگیج کرنا چاہتے ہیں اور اس پر کمیونٹی بائیڈن انتظامیہ کی شکر گزار ہے۔

اس موقع پر ڈاکٹر آصف محمود اور ڈاکٹر اعجاز احمد نے امریکی نائب صدر کاملا ہیریس سے بھی ملاقات کی اور عید ملن کا اہتمام پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

Browse Latest Weird News in Urdu