دبئی میں سونے سے بنی سائیکل فروخت کیلئے پیش

4 کلو خالص سونے سے تیار کردہ سائیکل کی قیمت نے سب کو حیرت میں مبتلاء کردیا

Sajid Ali ساجد علی بدھ 4 اکتوبر 2023 10:18

دبئی میں سونے سے بنی سائیکل فروخت کیلئے پیش
دبئی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 04 اکتوبر 2023ء ) دبئی میں خالص سونے سے تیار کردہ سائیکل فروخت کیلئے پیش کردی گئی۔ خلیج ٹائمز کے مطابق سونے کے شہر کے نام سے مشہور دبئی اپنی پوری شان و شوکت سے چمک رہا ہے، شہر نے سونے کا پانی پھری کار سے لے کر سونے کی گھڑیوں تک سب کچھ دیکھا ہے، اس فہرست میں جدید ترین شاہکار سونے سے بنائی گئی برطانوی ریسنگ سائیکل ہے، اس سائیکل کی قیمت 1.5 ملین درہم ( تقریباً 11 کروڑ 52 لاکھ پاکستانی روپے ) ہے جوکہ رولس رائس سے بھی زیادہ ہے اور یہ سائیکل اب فروخت کے لیے باضابطہ طور پر پیش کر دی گئی ہے۔

بتایا گیا ہے کہ الرومیزان گولڈ اینڈ جیولرز دبئی کی طرف سے تیار کردہ یہ سائیکل تقریباً 4 کلو خالص سونے سے بنی ہے اور اس کا مجموعی وزن 7 کلو گرام ہے، 24 قیراط سونے کے ساتھ بننے والی اس برطانوی ریسنگ سائیکل نے نقل و حمل کے اس بظاہر معمولی ذریعے کو ایک الگ ہی لیول تک پہنچا دیا ہے، ڈراپ ہینڈل بار کی نوک سے لے کر وہیل تک اور اس کے درمیان کا ہر دوسرا حصہ بشمول گیئر چین کے ہر کنارے 24 قیراط سونے سے بنے ہیں، صرف ٹائر، بریک، سیٹ اور ان سے متعلقہ پرزے سونے کے نہیں ہیں۔

(جاری ہے)

الرومیزان گولڈ اینڈ جیولرز کے چیف ڈیجیٹل آفیسر محمد عباسی نے کہا کہ اس پروڈکٹ کو ڈیزائن اور تیار کرنے میں تقریباً 20 ملازمین کو 6 ماہ کا عرصہ لگا، اس سائیکل کو شارجہ ایکسپو میں حال ہی میں منعقد ہونے والے واچ اینڈ جیولری شو میں بھی نمائش کے لیے رکھا گیا جہاں دیکھنے والوں اس کو خوب سراہا اور اسے بنانے والوں کو بھی داد دی، کمپنی جلد ہی یہاں اپنے ایک فلیگ شپ اسٹور پر اس سائیکل کی نمائش کرے گی، تاہم یہ سائیکل صرف ایک شو پیس نہیں ہے بلکہ خریدار اسے چلا بھی سکتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ کہ ابھی سے ہی اس منفرد شاہکار کے لیے ممکنہ خریداروں کی طرف سے زبردست دلچسپی دیکھی جارہی ہے، کوئی بھی اسے خرید سکتا ہے، ابھی تک ہمارے پانچ دلچسپی رکھنے والے کلائنٹس سامنے آئے ہیں اور ہم ان میں سے ایک کے ساتھ بہت جلد معاہدہ کرنے والے ہیں۔

Browse Latest Weird News in Urdu