Dhanak Rang Malbosat Lagain Phool Bahar K - Article No. 2045

Dhanak Rang Malbosat Lagain Phool Bahar K

دھنک رنگ ملبوسات لگیں پھول بہار کے - تحریر نمبر 2045

فروری کے اختتام اور مارچ کے اوائل میں جب موسم بہار کے خوبصورت موسم کا آغاز ہوتا ہے

ارشد میر منگل 23 اپریل 2019

عنبرین فاطمہ
فروری کے اختتام اور مارچ کے اوائل میں جب موسم بہار کے خوبصورت موسم کا آغاز ہوتا ہے تو گویا شہر نگاراں کا رنگ ،ڈھنگ ہی بدل جاتا ہے ۔بڑی بڑی شاہراہوں کے گرد کھلے پھولوں کے تختے ،دھوئیں اور ٹریفک کے اژدبام میں بھی ذہن ودل کو تروتازگی دیتے ہیں۔ بہارکا موسم خدا کا دیا ہوا وہ تحفہ ہے جس کی اہمیت سے انکار ممکن نہیں ہے یہ موسم اپنے ساتھ رنگوں کی بارات لیکر آتا ہے جس کی خوبصورتی سے ہر انسان اپنے انداز میں لطف اندوز ہوتا ہے ۔
ہمارے قدیم تہواروں میں جشن بہاراں اور میلہ چراغاں کا تہوار بھی بہار کے موسم سے مقبول ومنسوب ہیں ۔
بہار کا موسم آتے ہی ہر جگہ پھول ہی پھول کھل اٹھتے ہیں سارا شہر کیا سارا ملک ہی پھولوں سے مہک سا جاتا ہے بات کریں لاہور کی تو لاہور کی تو کیا ہی بات ہے سارا شہر پھولوں کی چادر سے لپٹاہوا نظر آتا ہے ان خوبصورت اور رنگ برنگے پھولوں کو دیکھ کر ذہن ودل معطر ساہو جاتا ہے ۔

(جاری ہے)

اس موسم میں مختلف شہروں میں جشن بہار کے سلسلے میں پھولوں کی نمائش منعقد ہوتی ہے ہمارے وطن میں موسم بہار انتہائی خوبصورت انداز لیے آتا ہے موسم بہار کائنا ت کا ایک انمول عطیہ ہے اس موسم میں حسن وجمال حقیقی معنوں میں بے نقاب نظر آتا ہے ۔
خالق کائنات کا حسن آنکھوں کے سامنے موجود نظر آتا ہے ۔آزادی کو بھی بہار سے تشبیہ دی جاتی ہے ۔
اگر ہم یہ کہیں کہ موسم بہار ترقی خوشی ،خوشحالی،امن وسکون اور آزادی کی علامت ہے تو بے جانہ ہو گا۔موسم بہارمیں ہر طرف سبزہ ہی سبزہ نظر آتا ہے ۔بہار کے موسم میں پرندوں کی بڑی چہچاہٹ اور شو رہوتا ہے ۔موسم بہارکی آمد سے ہر طرف رونق اور چہل پہل شروع ہوجاتی ہے ۔
لوگ اس موسم اور آب وہو سے بہت متاثر ہوتے ہیں ۔صبح کے وقت لوگ کھلے میدانوں اور پارکوں میں ورزش کرتے ہیں ۔
اور ٹھنڈی ٹھندی ہوا سے لطف اندوز ہوتے ہیں ۔جونہی موسم بہار شروع ہو تا ہے تو بارشوں کا سلسلہ شروع ہو جاتا ہے ۔بارشوں کی وجہ سے فصلوں کی پیداوار میں بھی اضافہ ہو جاتا ہے ۔اس کے علاوہ صبح کے وقت جب سورج طلوع ہوتا ہے تو شبنم کے قطروں پر جب سورج کی کرنیں پڑتی ہیں تو یہ قطرے موتیوں کی طرح چمکتے ہیں ۔
ہمارے لئے موسم بہار خدا کی ایک عظیم نعمت ہے ۔
بات کریں ہم موسم بہار کے پہناؤں کی تو اس موسم کے دھنک رنگوں کے ملبوسات کی تو کیا ہی بات ہے ۔رنگ برنگے جوڑے زیب تن کرکے ویسے ہی موڈ خوشگوار ہو جاتا ہے ۔جیسے ہی موسم بہار شروع ہو رہا ہوتا ہے تو فیشن ڈیزائنرز اور مختلف برینڈز میں ایک دوسرے سے پہلے اور منفرد کلیکشن متعارف کروانے کی دوڑلگ جاتی ہے ۔یہی وجہ ہے کہ بہار کا موسم شروع ہونے سے قبل ہی فیشن ڈیزائنرز مارکیٹ میں اس موسم کی مناسبت سے اپنی اپنی کلیکشنز لے آتے ہیں۔

مارکیٹوں میں نت نئے رنگوں اور ڈیزائنز پر مشتمل لان کے ملبوسات ایسے پڑے نظر آتے ہیں جیسے بہار کے پھول جابجا بکھرے ہوں ۔فضا میں بکھرے رنگوں کی مناسبت سے موسم بہار میں خواتین ملبوسات کے لیے زیادہ ترشوخ رنگوں کا انتخاب کریں ۔”موسم بہار“جہاں باغوں کو رونق بخشتا ہے وہاں یہ حسین موسم رویوں اور مزاجوں میں بھی قدرتی طور پر ایک خوشگوار تبدیلی لاتا ہے کیونکہ بہار کے موسم میں نکھری ہوئی ہر یالی اور رنگا رنگ پھولوں کی خوشبو سے معطر فضا ہر ذی روح میں خوشی کا احساس اجاگر کرتی ہے
۔

ویسے تو اس خوبصورت موسم کی آمد کے ساتھ ہی پورے ملک میں جشن بہاراں منانے کے لئے مختلف تقریبات کا انعقاد کیا جاتا ہے خواتین اپنے لئے مختلف رنگوں کے ملبوسات تیار کرواتی ہیں ۔اس موسم میں ہلکے اور گہرے دونوں طرح کے رنگوں کا استعمال پہننے اور دیکھنے والے کی طبیعت بحال کر دیتے ہیں دیدہ زیب رنگوں کے لباس اور دوپٹے بازاروں میں ہر دکان کی رونق بن جاتے ہیں ۔
گرمی کے موسم میں زیادہ تر ہلکے رنگوں کا استعمال ہوتا ہے جبکہ سرد موسم میں گہرے رنگوں کا استعمال کیا جاتا ہے یعنی اگر آپ سردی کے موسم میں ہلکا رنگ پہنیں گی تو وہ آنکھوں کو شاید اتنا بھلا نہیں لگے گا اور اگر گرمی کے موسم میں آپ گہرا رنگ پہن لیں گی تو وہ آنکھوں کو چبھے گا۔
اس حوالے سے دیکھا جائے تو بہار کے موسم کی یہ خوبی ہے کہ اس موسم میں آپ ہلکے اور گہرے دونوں رنگوں کا استعمال کر سکتی ہیں ملٹی شیڈ کا لباس اور اس کا دوپٹہ اپنے آپ میں دلکشی رکھتا ہے ۔
اگر یہ کہا جائے کہ اس موسم میں کھلتے ہوئے رنگوں کا استعمال بہت بھلا لگتا ہے تو وہ بے جا نہ ہو گا خاص کر کسی تقریب میں جانا ہوتو زراشوخ رنگوں کے خاص لباس تیار کئے جاتے ہیں کیونکہ لباس میں رنگوں کی اپنی اہمیت ہوتی ہے پھر اس کو کس طرح خوبصورت بنانا ہے کبھی اس میں ٹائی اینڈ ڈائی سے نئے ڈیزائن کی مدد سے لباس میں انفرادیت پیدا کی جاتی ہے اور کبھی کشیدہ کاری میں ہاتھ کی کڑھائی کے ساتھ ساتھ مشینی کڑھائی بھی استعمال کی جاتی ہے ۔

رنگوں کی بہار کا موسم بہار سے مطابقت رکھنا قدرتی ہے کیونکہ خدا کی قدرت کا حسین نظارہ رنگوں کے حوالے سے موسم بہارمیں نظر آتا ہے ہر طرف سر سبز وخوشنما باغات میں اتنے بے شمار رنگوں کے کھلتے ہوئے پھول دیکھ کر عقل دنگ رہ جاتی ہے اور یہ ہی وہ رنگ ہیں جو ہمیں لباس کے رنگوں کے انتخاب میں مدد دیتے اور کسی طرح سے رنگوں کا حسین امتزاج پیدا کرنا ہے ۔

موسم بہار کی دلر بائی سے کسی کو بھی انکار نہیں ! جیسے ہی اس کی آمد ہوتی ہے ہر طرف خوشی کا سماں دیکھنے کو ملتا ہے ہر کوئی چاہتا ہے کہ اس موسم کی خوبصورتی سے بھر پور فائدہ اٹھائے اور خاص کر خواتین تو سب سے آگے ہوتی ہیں اکثر خواتین اس موسم میں خوش رنگوں کی مناسبت سے پہنا وے تیار کرتی ہیں انتہائی جوش
وجذبے سے جشن بہاراں کی تقریبات میں شرکت کرتی ہیں ۔یہ ایک ایسا موسم ہے جب فضاؤں میں بسی پھولوں کی خوشبو اور مدھر ہواؤں کے معطر جھونکے روح کو سر شار کر دیتے ہیں ۔اس موسم میں نہ تو اتنی گرمی ہوتی ہے اور نہ ہی سردی اس لئے گھومنے پھرنے کے لئے یہ موزوں موسم ہوتا ہے اور فیملیاں شام کے وقت مختلف پارکوں اور تفریح کے مقامات کا رخ کرتی ہیں۔

Browse More Clothing Tips for Women

Special Clothing Tips for Women article for women, read "Dhanak Rang Malbosat Lagain Phool Bahar K" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.