Maxi Aur Gown - Article No. 3207

Maxi Aur Gown

میکسی اور گاؤن - تحریر نمبر 3207

اس کا گلیمر پہننے والے کو ایک منفرد انداز بخشتا ہے

منگل 31 اکتوبر 2023

راحیلہ مغل
لباس انسانی شخصیت کا آئینہ دار ہوتا ہے۔انسان اور لباس کا تعلق زمانہ قدیم سے ہے۔لباس،جسے انسان نے اپنے آپ کو محفوظ کرنے کیلئے بنایا تھا،آپ کی تہذیب اور وقار کی علامت ہوتا ہے۔یہ آپ کی شخصیت اور مزاج کے علاوہ آپ کی ثقافت،تہذیب کو بھی ظاہر کرتا ہے۔موزوں لباس کا انتخاب جہاں آپ کی شخصیت کو نکھارتا ہے،وہیں نامناسب لباس کے انتخاب سے آپ کی شخصیت کا منفی تاثر قائم ہوتا ہے۔
لباس کے انتخاب میں مختلف عوامل اثر انداز ہوتے ہیں۔ایک وقت تھا جب انسان کی پہچان اس کے لباس سے ہوتی تھی کیونکہ اس کا لباس اس کے علاقے کو نمایاں کرتا تھا۔اس کی وجہ شاید یہ بھی ہو سکتی ہے کہ لباس کو ہر علاقے کی ضرورت کے مطابق بنایا گیا تھا۔جیسے گرم اور سرد علاقے کے ملبوسات میں کافی فرق ہوتا تھا۔

(جاری ہے)

مختلف تہواروں پر مخصوص لباس پہنے جاتے۔

لباس کے انتخاب میں پہلے مذہبی اور ثقافتی پہلوؤں کو پیشِ نظر رکھا جاتا تھا۔
گاؤن اور میکسی ایک ایسا ہی دلکش پہناوا ہے۔عورت کی حیا اور مشرقی روایات کی پاس داری کرتے گاؤن شخصیت کو رعنائی عطا کرنے کے ساتھ اپنی اقدار کی ترجمانی کا ذریعہ بھی ہیں اور فیشن کا حصہ بھی۔گزشتہ سال موسم سرما میں خواتین کے لئے لانگ شرٹ کے بجائے میڈیم شرٹ ود سگریٹ پینٹس،شارٹ شرٹ ود غرارہ یا ٹراؤزر کا فیشن زیادہ ”ان“ رہا،مگر اس سال لمبی فراکس،میکسی اور گاؤن کا فیشن خواتین میں مقبول ہو رہا ہے گاؤن کا رجحان ہر رنگ اور ہر طرح کے کپڑے میں خوبصورت اسٹائل میں دیکھنے میں آ رہا ہے۔
صرف یہ ہی نہیں،ڈیزائنر کی جانب سے بھی اس بار موسم سرما کے ملبوسات کی تشہیر کے لئے گاؤن کا انتخاب کیا گیا ہے۔دیدہ زیب،خوش رنگ اور خوبصورت ڈیزائنوں کی حامل اوپن شرٹس اور گاؤن خواتین میں تیزی سے مقبول ہو رہے ہیں۔
اس پہناوے کو صرف روزمرہ زندگی میں ہی نہیں بلکہ تہواروں اور تقریبات میں بھی زیب تن کیا جا رہا ہے۔ملک کے طول و عرض میں خواتین اور طالبات اس ٹرینڈ کی گویا دیوانہ ہو رہی ہیں۔
دکانداروں کا کہنا ہے کہ ورکنگ وویمن ہو کالج گرلز ہو،یا بڑی عمر کی خواتین سب اوپن شرٹس اور گاؤن کا انتخاب کرتی نظر آتی ہیں۔پھولوں کے پرنٹس پر مبنی یہ شرٹس دیکھنے میں بہت خوبصورت لگتی ہیں۔اس وقت بھی کئی ایسے برانڈز ہیں،جنہوں نے پرنٹڈ گاؤنز کو مارکیٹ میں متعارف کروایا ہے۔اگر شادیوں یا تقریبات کے حوالے سے بات کی جائے تو ڈیزائنرز سلک اور شیفون سے تیار کردہ اوپن شرٹ اور گاؤن بھی متعارف کروا چکے ہیں،اکثر لڑکیاں جو ڈیزائنر سے گاؤن خریدنے کی سکت نہیں رکھتی،وہ گھر پر بھی سی کر تیار کر سکتی ہیں یا سلوا سکتی ہیں۔
کوشش کریں کہ گاؤن کو مختلف انداز دینے کیلئے کسی شوخ رنگ کی کوٹی اسٹائل کو شامل کر لیں۔اس سے گاؤن کا ڈیزائنر والا لُک آئے گا۔
اس میں شک نہیں جیسے جیسے وقت آگے کی جانب سفر کر رہا ہے ویسے ویسے انسان کے طرز زندگی اور پہناوؤں میں تبدیلیاں بھی وقت کی ضرورت بنتی جا رہی ہیں۔لائف اسٹائل میں جدت اور خواتین کے فیشن تبدیل نہ ہوں یہ تو ہو ہی نہیں سکتا۔
دراصل لباس تن کو ڈھانپتا اور سرد و گرم سے بچاتا ہی نہیں،یہ ہماری سماجی اقدار کا عکاس بھی ہے اور شخصیت کو جاذبیت،دلکشی اور نیا پن بھی عطا کرتا ہے۔مختلف رنگوں اور منفرد تراش خراش کے لباس انسان کو جاذب نظر بناتے ہیں اور اسے انفرادیت دیتے ہیں۔ملبوسات پر کی جانے والی ڈیزائننگ لباس کو نیا انداز اور انوکھی خوبصورتی عطا کرتی ہے۔دراصل مختلف رنگوں کو اپنا پیراہن کر کے خوش لباسی کے ذوق کی تسکین کی جاتی ہے۔
روایتی مشرقی لباس کا اہم جزو اوپن شرٹس یا گاؤن ہمیشہ سے ہی ہر طبقے کی خواتین میں مقبول رہا ہے لیکن شادی بیاہ جیسی تقریبات پر تو اسے اور بھی پسند کیا جاتا ہے۔
گاؤن کا شمار ان ملبوسات میں ہوتا ہے جو عرب ممالک میں بے حد مقبول ہے اور اب پاکستان میں بھی اپنی مقبولیت کے جھنڈے گاڑ رہا ہے۔گزشتہ چند برسوں سے پاکستانی فیشن ٹرینڈز میں ہر مہینے تبدیلی رونما ہو رہی ہے آج کچھ فیشن ٹرینڈز ہیں تو اگلے مہینے کچھ۔
اس وقت آپ جتنے بھی ڈیزائنرز کے ڈریسز دیکھیں گیں اُن میں گاؤن سرِ فہرست ہے۔ان کے ساتھ دستیاب پاجامے بھی خاصے سٹائلش ملتے ہیں۔بات وہی ہے کہ یہ دور بہت سارے فیشن ٹرینڈز کا دور ہے جس کا جو دل کرتا ہے وہ اسی قسم کا فیشن ٹرینڈ اپنا لیتا ہے اور یہ ایک حوصلہ افزاء رجحان ہے۔ایک دہائی قبل کے فیشن ٹرینڈز پر غور کریں تو پتہ چلتا ہے کہ ایک ہی قسم کا فیشن ٹرینڈ چلتا تھا یعنی ہر ایک کو ایک ہی فیشن ٹرینڈ فالو کرنا پڑتا تھا لیکن اب صورتحال خاصی مختلف ہے۔آنے والے برسوں میں فیشن ٹرینڈز میں اس سے بھی زیادہ تبدیلیاں دیکھنے کو لیں گی۔پاکستان کے فیشن کے دل لاہور میں گاؤن کے استعمال میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔

Browse More Clothing Tips for Women

Special Clothing Tips for Women article for women, read "Maxi Aur Gown" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.