Kurta And Churidar Pajama - Article No. 3161

Kurta And Churidar Pajama

کُرتا اینڈ چُوڑی دار پاجامہ - تحریر نمبر 3161

آج کل اس سدا بہار مقبول عام پہناوے کو نئے اسٹائل سے سلوایا جا رہا ہے

جمعرات 22 جون 2023

راحیلہ مغل
جیسے جیسے وقت آگے کی جانب گامزن ہے،ویسے ویسے لائف اسٹائل میں تبدیلیاں بھی وقت کی ضرورت بن گئی ہیں۔لائف اسٹائل میں جدت آئے اور خواتین کے فیشن تبدیل نہ ہوں یہ تو ہو ہی نہیں سکتا۔لانگ شرٹ ہو یا شارٹ،کُرتا ہو یا سادی قمیض چوڑی دار پاجامے کا فیشن زور پکڑ رہا ہے۔لانگ شرٹ کے ساتھ چوڑی دار پاجامے اور شارٹ شرٹ کے ساتھ ڈھیلے لمبے ٹراؤزرز خواتین اور لڑکیوں میں فیشن ”ٹرینڈز“ بن گئے ہیں۔
اسی طرح شہر کی مارکیٹوں میں بھی مختلف رنگوں اور دیدہ زیب ڈیزائنوں والے تیار ”پلازوز“ اور چوڑی دار پاجامے فروخت ہو رہے ہیں۔دراصل لباس تن کو ڈھانپتا اور سرد و گرم سے بچاتا ہی نہیں،یہ ہماری سماجی اقدار کا عکاس بھی ہے اور شخصیت کو جاذبیت،دلکشی اور نیا پن بھی عطا کرتا ہے۔

(جاری ہے)


مختلف رنگوں اور منفرد تراش خراش کے لباس انسان کو جاذب نظر بناتے ہیں اور اسے انفرادیت دیتے ہیں۔

ملبوسات پر کی جانے والی ڈیزائننگ لباس کو نیا انداز اور انوکھی خوبصورتی عطا کرتی ہے۔دراصل مختلف رنگوں کو اپنا پیراہن کر کے خوش لباسی کے ذوق کی تسکین کی جاتی ہے۔روایتی مشرقی لباس کا اہم جزو پاجامہ ہمیشہ سے ہی ہر طبقے کی خواتین میں مقبول رہا ہے لیکن شادی بیاہ جیسی تقریبات پر تو اسے اور بھی پسند کیا جاتا ہے اکثر خواتین مہندی کی تقریب کے دوران پیلے اور سبز رنگ کے خوبصورت امتزاج سے تیار کردہ ملبوسات کے ساتھ خصوصی طور پر جامہ ور کا پاجامہ زیب تن کرنا پسند کرتی ہیں۔

گزشتہ چند برسوں سے پاکستانی فیشن ٹرینڈز میں ہر مہینے تبدیلی رونما ہو رہی ہے آج کچھ فیشن ٹرینڈز ہیں تو اگلے مہینے کچھ۔اس وقت آپ جتنے بھی ڈیزائنرز ویئر میں تھری پیس دیکھیں گی ان کے ساتھ دستیاب پاجامے خاصے اسٹائلش پائیں گی۔انٹرنیشنل فیشن مارکیٹ میں بھی پاجاموں پر کڑھائی کا ٹرینڈ چل رہا ہے۔پاجاموں پر لگائے جانے والی لیس یا نیٹ میں بھی خاصی ورائٹی دستیاب ہے آپ اپنی مرضی کے مطابق کسی قسم کی لیس یا نیٹ لگوا سکتی ہیں۔
اگر آپ نے روزمرہ کے استعمال کے لئے پاجامہ بنوانا ہے تو پھر آپ کو زیادہ شوخ نہیں سادہ پاجامے کا انتخاب کرنا چاہیے لیکن اگر آپ کسی تقریب کے لئے پاجامہ تیار کروا رہی ہیں تو پھر اسٹائلش اور ڈیزائن والے پاجامے کا انتخاب کریں۔
اس کے علاوہ پاجاموں اور ٹراؤزر پر کڑھائی خاصی اہمیت کی حامل ہے اس پر دھاگے کی کڑھائی خاصی دیدہ زیب لگتی ہے اگر آپ مارکیٹ میں جائیں تو آپ کو جابجا مختلف ڈیزائن کے ملبوسات نظر آئیں گے لیکن جب آپ ان کے ساتھ پاجامے دیکھیں گے تو وہ خوبصورت کڑھائی اور بیڈز سے سجے ہوں گے۔
پاجاموں کے ساتھ قمیضوں پر بھی کڑھائی کی جا رہی ہے لیکن پاجاموں پر کڑھائی کا فیشن خواتین کے لئے خاصا دلچسپ ہے۔
قمیض کی لمبائی کم ہو تو پاجامہ کی کڑھائی اور بٹن نمایاں ہوتے ہیں لیکن بہت ساری خواتین ان کو لانگ شرٹ کے ساتھ بھی زیب تن کر رہی ہیں۔پرنٹڈ اور کڑھائی والے پاجاموں کے ساتھ سادی قمیضیں پسند کی جا رہی ہیں تاکہ پاجامے پر کی گئی کڑھائی،بٹن اور لیس نمایاں ہو۔
اس کے علاوہ ایک اور اہم بات وہ یہ ہے کہ اگر شادی بیاہ کی تقریب کے لئے لباس تیار کروایا جا رہا ہے تو اس کے لئے جیولری کی مناسبت سے پاجامے اور قمیض پر کڑھائی کروائی جا رہی ہے۔
بات وہی ہے کہ یہ دور بہت سارے فیشن ٹرینڈز کا دور ہے جس کا جو دل کرتا ہے وہ اسی قسم کا فیشن ٹرینڈ اپنا لیتا ہے اور یہ ایک حوصلہ افزاء رجحان ہے۔ایک دہائی قبل کے فیشن ٹرینڈز پر غور کریں تو پتہ چلتا ہے کہ ایک ہی قسم کا فیشن ٹرینڈ چلتا تھا یعنی ہر ایک کو ایک ہی فیشن ٹرینڈ فالو کرنا پڑتا تھا لیکن اب صورتحال خاصی مختلف ہے۔
آنے والے برسوں میں فیشن ٹرینڈز میں اس سے بھی زیادہ تبدیلیاں دیکھنے کو ملیں گی۔
اچھی بات یہ ہے کہ فیشن ٹرینڈز میں آئے روز تبدیلیوں کو لوگ قبول بھی کر رہے ہیں۔اب چونکہ گرمی کا موسم ہے اور اس کے بعد برسات آنے کو ہے اور یہ بھی سچ ہے کہ موسم کی تبدیلی سے نہ صرف لباس تبدیل ہو جاتا ہے بلکہ فیشن بھی بدل جاتا ہے اور طرز زندگی میں بدلاؤ بھی آ جاتا ہے۔
اس موسم میں کوئی بھی لباس کُرتے اور پاجامے کا نعم البدل ہو ہی نہیں سکتا۔اس موسم میں کھلے رنگ دیکھنے والے کے من کو بھا جاتے ہیں۔
کُرتا پاجامہ اور ڈھیلے ڈھالے ملبوسات کا موسم سدا بہار رہتا ہے،یہ شخصیت کو نکھارتا ہے۔آج کل اس سدا بہار مقبول عام پہناوے کو نئے اسٹائل سے سلوایا جا رہا ہے جو نہ صرف منفرد بلکہ بہتر لُک دیتا ہے دراصل یہ قدیم اور جدید فیشن کا حسین امتزاج ہے۔
اس میں شک نہیں کہ ہر عورت کی ہمیشہ سے یہی خواہش رہی ہے کہ وہ اچھی نظر آئے ویسے تو مرد حضرات بھی اس دوڑ میں کسی سے پیچھے نہیں ہیں مگر عورتیں ابھی بھی مردوں سے بازی لے گئی ہیں بناؤ سنگھار کرنا اپنی اسکن کا خیال رکھنا،اچھے کپڑے پہننا کس عورت کو پسند نہیں ہوتا،قلوپطرہ سے لے کر آج کل کے دور کی عورتیں اپنا بے حد خیال رکھتی ہیں۔زمانہ چاہے کوئی بھی ہو نیا یا پرانا ہر زمانے کے ساتھ کپڑوں کے نئے اور جدید کٹس فیشن میں آتے رہتے ہیں کبھی گھیر والی شلواریں،چوڑی دار پاجامے،غرارہ،شرارہ،اسکرٹس،ساڑھیاں،پٹیالہ شلوار،کم اور زیادہ گھیر والے ٹراؤزر،لمبی قمیض،زپ لگی قمیض،کھلی فراکس،آگے کچھ پرنٹ تو پیچھے قمیض میں الگ کپڑا وغیرہ وغیرہ،ہر کوئی زمانے کے حساب سے ویسے ہی کپڑے بنواتا ہے تاکہ وہ زمانے کے ساتھ چلتا ہوا لگے لوگ اسے اولڈ فیشن کپڑے وغیرہ وغیرہ کے ناموں سے نہ بلائیں۔

Browse More Clothing Tips for Women

Special Clothing Tips for Women article for women, read "Kurta And Churidar Pajama" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.