Kale Rang Ka Sehar Kabhi Na Toot Saka - Article No. 3188

Kale Rang Ka Sehar Kabhi Na Toot Saka

کالے رنگ کا سحر کبھی نہ ٹوٹ سکا - تحریر نمبر 3188

رنگوں کا مناسب انتخاب شخصیت کو چار چاند لگا دیتا ہے

پیر 4 ستمبر 2023

راحیلہ مغل
رنگ کی اہمیت ان افراد سے پوچھیں جن کے لئے دنیا تاریک ہو (نابینا) یا انہیں ہر چیز سیاہ و سفید یا بلیک اینڈ وائٹ (کلر بلائنڈ) نظر آتی ہو،درحقیقت یہ ہر چیز میں ہوتے ہیں جنھیں ہم چھوتے،چکھتے،سونگھتے اور محسوس کرتے ہیں اور ان کا جادو ہر ایک پر چلتا ہے۔کچھ رنگ ایسے ہوتے ہیں جن کو دیکھ کر ذہن میں اچانک اچھی بری یادوں کی ریل چل پڑتی ہے،یہ ہمارے کیریئر کی بنیاد بن سکتے ہیں،ہمارے طرز زندگی کا اظہار کر سکتے ہیں،ہماری پسند و ناپسند کا انتخاب بھی ان کی ہی مرہون منت ہے اور زندگی میں تفریح بھی رنگوں کے بغیر ممکن ہے۔
زندگی میں سے اگر رنگ اور خوشبو کو نکال دیا جائے،تو یہ بالکل ماند سی پڑ جاتی ہے،خاص طور پر خواتین،جنہیں رنگوں سے بے حد لگاؤ ہوتا ہے،وہ مختلف رنگوں کے پیراہن زیب تن کر کے خوشی محسوس کرتی ہیں۔

(جاری ہے)


رنگوں کا مناسب انتخاب شخصیت کو چار چاند لگا دیتا ہے ویسے تو تمام رنگ ہی قدرت کا خوبصورت تحفہ ہیں بات اگرخواتین کے پسندیدہ رنگ کی ہو تو سب سے پہلے کالا رنگ ہی ذہن میں ابھرتا ہے۔

کالا ہر دوسری خاتون کا پسندیدہ رنگ ہے۔کالے رنگ کا شمار گہرے رنگوں میں ہوتا ہے اور گہرے رنگ عموماً سردیوں کے موسم میں زیب تن کئے جاتے ہیں لیکن واحد یہ گہرا رنگ ہے جسے گرمیوں میں بھی پہنے جانے کو ترجیح دی جاتی ہے۔یہی وجہ ہے کہ آج برینڈڈ ملبوسات میں بھی ڈریس ڈیزائنرز کالے رنگ کو خاصی اہمیت دیتے ہیں یہاں تک کہ اب تو عروسی ملبوسات کی تیاری میں بھی کالا رنگ استعمال کیا جارہا ہے۔
کبھی کوئی تصور بھی نہیں کر سکتا تھا کہ برائیڈل ملبوسات کالے رنگ کے بھی ہوں گے لیکن اب فیشن ٹرینڈز خاصے تبدیل ہوچکے ہیں اور عروسی ملبوسات لال کی بجائے کالے رنگ کے بنائے جارہے ہیں ان پر خوبصورت کام اور بیڈز لگا کر جوڑے کی خوبصورتی کو نمایاں کیا جاتا ہے۔کالے رنگ کی انفرادیت کے بارے میں ”بی جی“ کہتی ہیں کہ کالا رنگوں کا بادشاہ ہے اس ڈریس کو آپ کسی بھی چیز سے سجا سکتے ہیں اگر آپ لیس لگا لیں یا سادے کالے سوٹ کے ساتھ رنگ برنگی چادر بھی لے لیں تو بہت ہی خوبصورت لگتا ہے۔
پاکستان کے ساتھ ساتھ پوری دنیا میں خواتین اس رنگ کو پسندیدگی کی نگاہ سے دیکھتی ہیں۔میں سمجھتی ہوں کہ یہ شام کو پہننے والا رنگ ہے سردی ہو یا گرمی اس رنگ کا سوٹ شام میں پہنا جائے تو بہت ہی خوبصورت لگتا ہے۔جس طرح سفید رنگ کی اپنی انفرادیت ہوتی ہے اسی طرح سے کالے رنگ کی بھی اپنی انفرادیت ہے جو ہمیشہ سے ہی برقرار ہے۔کسی بھی دور میں آپ دیکھیں ملبوسات میں خواتین کہ اولین چوائس کالا رنگ ہی رہا ہے۔

معروف گلوکارہ ”حدیقہ کیانی“ کہتی ہیں کہ ویسے تو تمام رنگ بہت ہی خوبصورت ہیں لیکن جو خوبصورتی کالے رنگ میں ہے وہ کسی دوسرے رنگ میں نظر نہیں آتی۔یہی وجہ ہے کہ مجھے کالا رنگ بہت پسند ہے میری کوشش ہوتی ہے کہ جو بھی ڈریسنگ کروں اس میں کالے رنگ کا ٹچ ضرور ہو۔میرے حساب سے خواتین اس رنگ کو اس لئے بھی پسند کرتی ہیں کیونکہ اسے پہن کر وہ خاصی سلم سمارٹ نظر آتی ہیں۔
آپ جتنی بھی موٹی اور بھدی جسامت رکھتی ہوں لیکن کالا رنگ پہن کر جسامت کا بے ڈھنگا پن چھپ جاتا ہے۔ہمارے ہاں زیادہ تر خواتین کارنگ
گندمی ہے اور ایسی خواتین جب کالا رنگ پہنتی ہیں تو وہ زیادہ نکھری ہوئی نظر آتی ہیں اور یہ واحد ایسا رنگ ہے جس کو پہن کر آپ خود کو محفوظ محسوس کرتی ہیں کیونکہ اس رنگ کو پہننے کے بعد یہ جھنجھٹ ختم ہوجاتا ہے کہ جسم نظر آرہا ہے۔
ڈریس ڈیزائنر ”آصفہ نبیل“ کہتی ہیں کہ کالے رنگ کی خوبصورتی کا اندازہ آپ اس چیزسے لگاسکتے ہیں کہ اگر سادہ اچھی سلائی کی ہوئی کالی قمیض زیب تن کریں اور اس کے ساتھ کوئی بھی سمپل جیولری پہن لیں تو قمیض کی خوبصورتی میں اضافہ ہوجاتا ہے۔مجھے بذات خود کالا رنگ ہمیشہ سے ہی بہت پسند رہا ہے بنیادی طور پر یہ موسم گرما کا رنگ نہیں ہے کیونکہ یہ گرمی کو اپنی جانب کھینچتا ہے ہاں شام کے اوقات میں اس کو بخوبی پہنا جا سکتا ہے۔

کالے رنگ کو عام طور پر اداسی یا ڈپریشن کا رنگ کہا جاتا ہے۔اسی طرح اس رنگ کے حوالے سے منفی تاثر بھی لیا جاتا ہے،لیکن اس کے علاوہ بھی اس رنگ کی کئی خصوصیات ہیں۔ایسی خواتین،جنہیں یہ رنگ پسند ہے،وہ آزادی کے دلدادہ ہونے کے ساتھ ساتھ انتہائی مضبوط ہوتی ہیں۔انہیں اپنے احساسات کو چھپانا اچھی طرح آتا ہے،ہر طرح کے حالات سے خود کو ہم آہنگ کر لینا ان کے لئے کوئی بڑی بات نہیں ہوتیلیکن اس کے ساتھ ہی دوسروں کو خود سے بے تکلف نہیں ہونے دیتیں اور اپنے اور دوسروں کے درمیان حد قائم رکھتی ہیں اور اپنی ذات اور خواہشات کو سب پر ترجیح دینا پسند کرتی ہیں۔

کالا رنگ ہر قسم کی رنگت پر سوٹ کرتا ہے اگر آپ کے نقش اچھے ہیں اور رنگت سانولی بھی ہے تو کالا رنگ آپ کو بہت جچے گا۔کچھ رنگ ایسے ہوتے ہیں جو موسم کی مناسبت سے پہنے جاتے ہیں یعنی اگر موسم چلاجائے تو وہ رنگ بھی آوٴٹ آف فیشن ہوجاتا ہے لیکن کالا واحد ایسا رنگ ہے جو ہر موسم کی جان ہے۔بین الاقوامی سطح پر دیکھیں تو بڑی بڑی تقریبات میں زیادہ تر لوگ کالا رنگ ہی زیب تن کر کے آتے ہیں۔
ڈریس ڈیزائنر ”صائم علی دادا“ کہتی ہیں کہ فیشن کے حوالے سے کالا آئیڈیل رنگ ہے آپ اسے casual سے لے کر فارمل تک لے جا سکتے ہیں۔کالا رنگ آپ کو نمایاں اور شخصیت میں نکھار پیدا کرتا ہے۔اس رنگ کے ساتھ آپ کسی قسم کی جیولری اور میک اپ کر سکتی ہیں جبکہ باقی رنگوں کیلئے آپ کو باقاعدہ میچنگ جیولری کا انتخاب کرنا پڑتا ہے اور میک اپ میں بھی رنگوں کا انتخاب خاصا سوچ سمجھ کر کرنا پڑتا ہے۔
ہمارے خطے کی خواتین کا رنگ نہ زیادہ گورا ہوتا ہے نہ کالا اور ہڈیوں کی ساخت بھی چوڑی ہوتی ہے اور مجموعی طور پر جسامت ہلکی ہوتی ہے جس کی وجہ سے خواتین رنگوں کے انتخاب میں خاصا سوچ بچار سے کام لیتی ہے۔
کالا رنگ اگر آپ نے سیدھے کٹ کے ساتھ ایک ہی ٹون میں پہنا ہو تو آپ نہ صرف پتلی لگیں گی بلکہ لمبی بھی نظر آئیں گی۔اس رنگ کو پہننے کا بڑا فائدہ یہ ہے کہ ہئیر سٹائل کیلئے بھی تگ و دو نہیں کرنی پڑتی یعنی اگر آپ بالوں کو سٹریٹ کرکے کھول بھی لیں تو خاصی اچھی لُک آتی ہے۔
ماہر بیوٹیشن ”مسرت مصباح“ کہتی ہیں کہ کالے رنگ کی خوبصورتی سے تو انکار ممکن نہیں ہے ہاں اس کے ساتھ میک اپ اگر ہلکا رکھ کر کیا جائے تو جوڑے اور شخصیت کی خوبصورتی اور زیادہ بڑھ جاتی ہے۔میری تو ہمیشہ سے ہی کوشش رہی ہے کہ جب بھی کالے رنگ کا سوٹ زیب تن کروں اس کے ساتھ ہلکی جیولری اور ہلکا میک اپ کروں۔آج کل تو برائیڈل ڈریسز میں بھی کالے رنگ کا استعمال کیا جا رہا ہے میرے پاس جب بھی کوئی لڑکی اگر کالے رنگ کا برائیڈل ڈریس لے کر آتی ہے تو میں اس کو اس انداز سے تیار کرتی اور ہئیر سٹائل بناتی ہوں کہ جوڑے کی خوبصورتی نمایاں ہو۔

Browse More Clothing Tips for Women

Special Clothing Tips for Women article for women, read "Kale Rang Ka Sehar Kabhi Na Toot Saka" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.