Tar O Taza Chehra Aur Dilkash Malbosat - Article No. 3177

Tar O Taza Chehra Aur Dilkash Malbosat

تر و تازہ چہرہ اور دلکش ملبوسات - تحریر نمبر 3177

رم جھم موسم میں اپنی شخصیت کو بنائیں پُربہار

بدھ 26 جولائی 2023

راحیلہ مغل
برسات کی آمد آمد ہے۔اس موسم کے آتے ہی خواتین کے چہرے کھل اُٹھتے ہیں،یہ موسم خواتین کے چہروں اور ملبوسات پر بہار کے رنگ بکھیر دیتا ہے۔ویسے تو خواتین کے لئے فیشن،میک اپ اور کپڑوں کے انتخاب کے حوالے سے کوئی بھی خاص موسم نہیں ہے۔وہ مارکیٹ سے اچھی ساکھ رکھنے والی ملوں کا تیار کردہ کپڑا خریدتی ہیں اور نگاہوں کو بھانے والے ڈیزائن کی پوشاک بنواتی ہیں۔
وہ سفید ریشمی دوپٹے خریدتی ہیں اور انہیں کپڑوں کی مناسبت سے دیدہ زیب رنگوں میں رنگواتی ہیں یوں وہ ان تتلیوں کو شرماتی ہیں،جو برسات کے موسم میں اپنے جھلملاتے رنگوں کے ساتھ نمودار ہوتی ہیں۔
ساون رُت میں خواتین کے آنچل ماحول سے نہ صرف مطابقت رکھتے ہیں،بلکہ موسم کے سرمئی پن میں زندگی پیدا کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

کھلتے ہوئے ہلکے رنگوں میں لون،سوتی کپڑوں،شفون یا خالص ریشم کے لہراتے دوپٹے پہننے والوں کے ذوق کو اجاگر کرتے ہیں۔

مون سون،ساون بھادوں یا برسات کا موسم ایک ہی کیفیت کے مختلف نام ہیں۔یہ کیفیت گرمی سے جھلسے ہوئے جسموں کو سکون دیتی اور روح کی بے چینی کو اطمینان بخشتی ہے۔مون سون گرمیوں کے ایک سخت موسم کے بعد اپنی آمد سے ماحول کے تناؤ کو کم کرتا ہے۔
ایک کڑکتی دوپہر میں جب ہوا یک لخت چلنا شروع ہو جائے،ہلکے سرمئی بادل گہرے سیاہ بادلوں میں تبدیل ہو جائیں۔
آسمان پر بادلوں کے دل کے دل حرکت کرنے اور ان کی کڑکڑاہٹ سنائی دینے لگے تو وہ دل جو گرمی کی شدت سے ادھ موئے ہوئے ہوتے ہیں،یک لخت کھل اُٹھتے ہیں۔اس میں شک نہیں کہ بارش کا خوبصورت موسم ہر کسی کو پسند ہے وہ چاہیے انسان ہوں یا پرندے سورج کا بادلوں کے ساتھ آنکھ مچولی کھیلنا کبھی دھوپ کبھی چھاؤں قوس و قزح کے رنگوں کا افق پہ بکھرنا کبھی رم جھم برستی بوندوں کا مٹی کو مہکانا تو کبھی موسلا دھار بارش کا دن رات برسنا،کبھی بادلوں کا گرجنا اور کبھی ٹھنڈی ہواؤں کے جھونکے۔
بارش کا موسم کتنا حسین خوشگوار دلکش اور سہانا ہوتا ہے جب ہر چیز نکھری،نکھری اور دھلی دھلی نظر آتی ہے اور چار سو چھایا سبزہ آنکھوں کو ٹھنڈک بخشتا ہے۔پتے ٹہنیاں،پھول،شاخیں ہوا میں لہراتی ہوئی ٹھنڈک بکھیرتی ہیں اور چار سو مٹی کی خوشبویں چھا جاتی ہے۔یہ وہ موسم ہے جب نہ چاہتے ہوئے بھی نیند کا غلبہ طاری ہو جاتا ہے اور دل بلاوجہ خوشی سے جھومنے لگتا ہے شور مچاتا پانی اور ٹپ ٹپ گرتی بوندیں ہلکی پھلکی موسیقی سے بھلی لگتی ہیں یہ نرم آواز کو لبھاتی ہے۔
کبھی دیر کی بارش کے بعد جب بادل چھٹ جاتے ہیں بارش تھمتی ہے اور مطلع صاف ہو جاتا ہے تو قوس قزح نے آسمان پر اپنے رنگ بکھیر دیتی ہے فضا دھل کر صاف ہو جاتی ہے ہر طرف زندگی خوشگوار ہو جاتی ہے چشمے بہنے لگتے ہیں پرندے چہچہانے لگتے ہیں کلیاں مسکرانے لگتیں اور ہر طرف سبزہ نظر آنے لگتا ہے۔
بلاشبہ رب العزت کی یہ ایک بے پایاں رحمت ہے،جس کا شکر ہر حال میں واجب ہے،لیکن اس موسم میں نمی کا تناسب ہوا میں چونکہ زیادہ ہوتا ہے اس لئے ایک عجیب طرح کی چپ چپاہٹ بدن کا جزو بن جاتی ہے،جس سے چہرے کا میک اپ بگڑتا ہے اور کپڑے جسم سے چپکنے لگتے ہیں ،جو بھاری پن کا ایک علیحدہ احساس دلاتے ہیں۔
اب ہر جگہ تو ایئر کنڈیشنر کی سہولت موجود نہیں ہوتی،لہٰذا ملبوسات ایسے ہونے چاہیں جو سوہان روح نہ بنیں اور روزمرہ کے کام کاج میں زحمت پیدا نہ کریں۔ہمارے ملک میں بدقسمتی سے آلودگی اور کثافت نے موسموں پر گہرا اثر ڈالا ہے۔
برسات کے وہ دن عنقا ہو چکے ہیں جب آسمان سیاہ گھٹاؤں سے ڈھکا رہتا تھا۔ہفتہ بھر موسلا دھار بارش برستی تھی،فضا میں خنکی کا احساس رچا ہوتا تھا اس موسم میں شہروں کے لوگ پہاڑی علاقوں کا رخ نہیں کرتے تھے کیونکہ شہروں میں موسم زیادہ سکون بخش ہوتا تھا،گھروں میں پکوان پکتے تھے اور تقریبات میں ہر اس رنگ کے پہناوے پہنے جاتے تھے،جو رنگ موسم برسات کے رنگ سے میل کھاتے تھے۔
اب برسات کا موسم بارشیں اور ٹھنڈی ہوائیں کم اور مرطوبیت،حبس،نمی اور چپ چپاہٹ زیادہ لاتا ہے۔تاہم اب لڑکیاں بالیاں سمجھ دار اور ہوش مند ہیں جو اپنا اور اپنے ملبوسات کا خاص خیال رکھتی ہیں۔وہ جانتی ہیں کہ اس موسم میں دوپٹے کے رنگ سب سے زیادہ اہمیت رکھتے ہیں کیونکہ یہ بدن پر اوڑھا جاتا ہے اور فوری توجہ کا مرکز بنتا ہے۔
ان کی لمبی قمیضوں اور کرتوں کے ساتھ اپنے لباس کو وہ ایسی جدت دے رہی ہیں جو ان کے وقار میں اضافے کا باعث بنتا ہے اور ان کی شخصیت کو ایسی تازگی بخشتا ہے،جو برسات میں دھلنے کے بعد ہریالی کی رونق بنتی ہے۔
برسات کے موسم میں چونکہ پسینہ بھی بہت زیادہ آتا ہے اس لئے کوشش کریں کہ زیادہ ہیوی میک اپ نہ کریں۔صرف ہلکا فاؤنڈیشن استعمال کریں۔اور میک اپ کرتے وقت اس بات کی تسلی کر لیں کہ آپ کے میک اپ پراڈکٹس آئل فری ہوں۔
گرمی اور نمی والا یہ موسم میک اپ کے لئے مناسب نہیں۔اگر آپ میک اپ کرتے وقت ان تمام باتوں کا خیال رکھیں گی تو آپ کا چہرہ نکھرہ نکھرہ اور فریش لگے گا۔
میک اپ کرتے وقت دھیان رکھیں کہ آپ کا فاؤنڈیشن اور آئی شیڈز اچھے معیار کے ہوں،کیونکہ گرمی کے موسم میں میک اپ کو زیادہ دیر تک قائم رکھنے کے لئے ان پراڈکٹس کا آئل فری ہونا ضروری ہے۔
گرمی کے موسم میں کوشش کریں کہ واٹر پروف مسکارا کا انتخاب کریں،کیونکہ یہ گرمی اور پسینہ کے باعث پھیلتا نہیں ہے۔آئی شیڈ استعمال کرتے وقت اس بات کا دھیان رکھیں کہ آپ نے اس کو لگانے سے پہلے آئی شیڈ پرائمر لگایا ہے یا نہیں۔
کوشش کریں کہ آئی شیڈ کو انگلی کی مدد سے لگائیں۔آئی لائنر کے طور پر آئی پنسل کا استعمال کریں۔اس سلسلے میں آپ بلیک آئی پنسل یا کسی بھی دوسرے کلر کی آئی پنسل استعمال کر سکتی ہیں،چونکہ گرمی کا موسم ہے اس لئے کوشش کریں کہ میک اپ کرنے کے بعد میک اپ سیٹنگ سپرے کا استعمال بھی کریں اس سے آپ کا میک اپ زیادہ دیر تک آپ کے چہرے پر برقرار رہے گا۔

Browse More Clothing Tips for Women

Special Clothing Tips for Women article for women, read "Tar O Taza Chehra Aur Dilkash Malbosat" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.