Surkh Qarmazi Rang Shahana Shakhsiyat Ka Aaina Dar - Article No. 3168

Surkh Qarmazi Rang Shahana Shakhsiyat Ka Aaina Dar

سرخ قرمزی رنگ شاہانہ شخصیت کا آئینہ دار - تحریر نمبر 3168

اس رنگ کی میکسی،گاؤن،فلورل فراک اور فل لینتھ شرٹ ہاٹ فیشن کی حیثیت رکھتی ہے

جمعرات 6 جولائی 2023

راحیلہ مغل
عید کے بعد تقریبات اور شادیوں کا سیزن شروع ہو جاتا ہے لہٰذا اس حوالے سے ہم نے رنگا رنگ،حسین و دلکش اور جدت و ندرت سے بھرپور پیراہن کو موضوع بنایا ہے۔یہ ہیں سرخ قرمزی رنگ کی کام دار میکسی،گاؤن،فلورل فراکس اور فل لینتھ شرٹ،جو اس وقت ہاٹ فیشن کی حیثیت رکھتی ہیں۔دنیا بھر میں فیشن کے دلدادہ اپنی آرائش و زیبائش کے لئے اس رنگ کے ملبوسات کو لازم تصور کرتے ہیں۔
اس رنگ کا گلیمر تقریبات میں پہننے والے کو ایک منفرد انداز بخشتا ہے۔کیونکہ یہ گلاب کا رنگ ہے،شباب کا رنگ ہے۔محبت و چاہت،خلوص و اپنائیت،حسن و جمال کا رنگ ہے۔جہاں تک اس رنگ کے خواص و خصوصیات کا تعلق ہے،تو رنگوں کا علم رکھنے والے کہتے ہیں کہ قرمزی رنگ پسند کرنے والے عموماً بہت زندہ دل،زندگی سے بھرپور ہوتے ہیں۔

(جاری ہے)

یہ افراد تخلیقی صلاحیتوں سے مالا مال فن کارانہ ذہن رکھتے ہیں اور اس رنگ سے محبت رکھنے کا مطلب ہے کہ آپ بہت خوش مزاج،پُرامید،ہم درد و مہربان،دوسروں کا خیال رکھنے اور تعمیر و ترقی کی ترغیب دینے والے انسان ہیں۔

اس رنگ میں اتنی توانائی،اتنی کشش ہے کہ اس کا چاہنے والا،بہت چاہ کر بھی خود کو کسی ہجوم میں الگ تھلگ نظر آنے،ممیز و ممتاز ہونے سے نہیں بچا سکتا۔یہ دراصل زندگی میں اپنی راہوں کے خود تعین کرنے،سوتی یا جاگتی آنکھوں سے دیکھے گئے اپنے خوابوں کو تعبیر دینے والوں کا رنگ ہے۔شام کی تقریبات میں سرخ قرمزی کا مدار میکسی کا انتخاب آپ کی شخصیت کو نمایاں کر دینے کیلئے کافی ہے۔

دیکھا جائے تو بنیادی رنگ تو صرف تین ہی ہیں۔سُرخ،پیلا اور نیلا۔اور باقی یہ سارا رنگا رنگ جہاں پھر ان ہی کا طفیلی،مرہونِ منت ہے،تو قرمزی رنگ کو یہ اعزاز بھی حاصل ہے کہ یہ بنیادی رنگ سُرخ کے قریب ترین ہے۔اور یہ شربتی،تربوزی،اناری،کچناری،روبی،کسم،بنفشی،شنگرفی،آتشیں،احمریں رنگ اور شفق کی لالی و سرخی،ارغوان،بیر بہوٹی سب گویا اسی کے عکس و آہنگ ہیں۔
شعلہ جوالا سایہ رنگ اپنی ہیئت میں ایک ایسا جیتا جاگتا،ہنستا بولتا،گاتا گنگناتا رنگ ہے کہ پھر اسے پسند کرنے،اپنانے والے کی بھی خوش پوشی و خوش مزاجی مسلمہ ٹھہرتی ہے۔
انسان کی فطرت ہے کہ وہ ایسا لباس زیب تن کرنا چاہتا ہے جسے لوگ پسند کریں اور اس لباس سے اس کی شخصیت بھی اُجاگر ہو۔فیشن پرست خواتین ہمیشہ نئے ٹرینڈ کا انتخاب کرتی ہیں۔
فلورل فراکس،لانگ شرٹس اور میکسی ایسا ہی دلکش پہناوا ہے۔عورت کی حیا اور مشرقی روایات کی پاس داری کرتی لانگ شرٹ اور فلورل فراکس شخصیت کو رعنائی عطا کرنے کے ساتھ اپنی اقدار کی ترجمانی کا ذریعہ بھی ہیں اور فیشن کا حصہ بھی۔لانگ شرٹس اور فلورل فراکس کا رجحان ہر طرح کے کپڑے میں خوبصورت اسٹائل میں دیکھنے میں آ رہا ہے۔صرف یہ ہی نہیں،ڈیزائنر کی جانب سے بھی اس بار موسم سرما کے ملبوسات کی تشہیر کے لئے بھی لانگ شرٹ اور فلورل فراکس کا انتخاب کیا گیا ہے۔
جو اس بات کا غماز ہے کہ رواں برس موسم سرما خواتین کے لئے ایک بار پھر لمبی قمیضوں کا ٹرینڈ لے کر آیا ہے۔ان پر بنے نت نئے ڈیزائن شخصیت کو انفرادیت عطا کرتے ہیں۔لانگ شرٹ اور فراک کم و بیش ہر قامت پر اور ہر روپ پر سجتی ہے۔اس پہناوے کو صرف روزمرہ زندگی میں ہی نہیں بلکہ تہواروں اور تقریبات میں بھی زیب تن کیا جا سکتا ہے۔اگر شادیوں یا تقریبات کے حوالے سے بات کی جائے تو ڈیزائنرز سلک اور شیفون سے تیار کردہ فراکس اور میکسیاں بھی متعارف کروا چکے ہیں،اکثر لڑکیاں جو ڈیزائنر سے فراکس یا میکسی خریدنے کی سکت نہیں رکھتی،وہ گھر پر بھی سی کر تیار کر سکتی ہیں یا سلوا سکتی ہیں۔

اس میں شک نہیں جیسے جیسے وقت آگے کی جانب سفر کر رہا ہے ویسے ویسے انسان کے طرز زندگی اور پہناوؤں میں تبدیلیاں بھی وقت کی ضرورت بنتی جا رہی ہیں۔لائف اسٹائل میں جدت اور خواتین کے فیشن تبدیل نہ ہوں یہ تو ہو ہی نہیں سکتا۔دراصل لباس تن کو ڈھانپتا اور سرد و گرم سے بچاتا ہی نہیں،یہ ہماری سماجی اقدار کا عکاس بھی ہے اور شخصیت کو جاذبیت،دلکشی اور نیا پن بھی عطا کرتا ہے۔
مختلف رنگوں اور منفرد تراش خراش کے لباس انسان کو جاذب نظر بناتے ہیں اور اسے انفرادیت دیتے ہیں۔ملبوسات پر کی جانے والی ڈیزائننگ لباس کو نیا انداز اور انوکھی خوبصورتی عطا کرتی ہے۔دراصل مختلف رنگوں کو اپنا پیراہن کر کے خوش لباسی کے ذوق کی تسکین کی جاتی ہے۔روایتی مشرقی لباس کا اہم جزو لمبی فراکس،گاؤن اور میکسی ہمیشہ سے ہی ہر طبقے کی خواتین میں مقبول رہا ہے لیکن شادی بیاہ جیسی تقریبات پر تو اسے اور بھی پسند کیا جاتا ہے اکثر خواتین شادی کی تقریب میں اس رنگ کے ملبوسات خصوصی طور پر زیب تن کرنا پسند کرتی ہیں۔

گزشتہ چند برسوں سے پاکستانی فیشن ٹرینڈز میں ہر مہینے تبدیلی رونما ہو رہی ہے آج کچھ فیشن ٹرینڈز ہیں تو اگلے مہینے کچھ۔اس وقت آپ جتنے بھی ڈیزائنرز کے ڈریسز دیکھیں گیں اُن میں لانگ شرٹ،فلورل فراکس اور میکسی سرفہرست ہو گیں۔ان کے ساتھ دستیاب پاجامے بھی خاصے اسٹائلش ملتے ہیں۔بات وہی ہے کہ یہ دور بہت سارے فیشن ٹرینڈز کا دور ہے جس کا جو دل کرتا ہے وہ اسی قسم کا فیشن ٹرینڈ اپنا لیتا ہے اور یہ ایک حوصلہ افزاء رجحان ہے۔
ایک دہائی قبل کے فیشن ٹرینڈز پر غور کریں تو پتہ چلتا ہے کہ ایک ہی قسم کا فیشن ٹرینڈ چلتا تھا یعنی ہر ایک کو ایک ہی فیشن ٹرینڈ فالو کرنا پڑتا تھا لیکن اب صورتحال خاصی مختلف ہے۔آنے والے برسوں میں فیشن ٹرینڈز میں اس سے بھی زیادہ تبدیلیاں دیکھنے کو ملیں گی۔

Browse More Clothing Tips for Women

Special Clothing Tips for Women article for women, read "Surkh Qarmazi Rang Shahana Shakhsiyat Ka Aaina Dar" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.