Baghbani - Aik Sehat Bakhsh Mashghala - Article No. 2764

Baghbani - Aik Sehat Bakhsh Mashghala

باغبانی ۔ ایک صحت بخش مشغلہ - تحریر نمبر 2764

باغبانی آپ کے مدافعتی نظام کو مضبوط بناتی ہے اور دماغ کو فعال کرتی ہے

ہفتہ 18 دسمبر 2021

حمیرہ ریاست علی رندھاوا
کیا آپ جانتے ہیں کہ باغبانی (Gardening) اُن چند مشاغل میں سے ایک ہے،جو صحت کے لئے بہت مفید ہے۔باغبانی آپ کے مدافعتی نظام کو مضبوط بناتی ہے اور دماغ کو فعال کرتی ہے۔عام طور پر جو لوگ صحت مند اور توانا رہنا چاہتے ہیں،وہ ورزش کو ترجیح دیتے ہیں۔یقینا ورزش ایک مفید صحت عادت ہے،کیونکہ اس سے آپ کے پٹھے مضبوط ہوتے ہیں۔
اسی طرح آپ یوگا کے ذریعے نہ صرف جسمانی لچک بڑھا سکتے ہیں،بلکہ جسمانی توازن کو بھی برقرار رکھ سکتے ہیں،لیکن اگر آپ کو یہ بتایا جائے کہ مذکورہ تمام فوائد آپ باغبانی سے بھی حاصل کر سکتے ہیں تو آپ بہت حیران ہوں گے۔ذیل میں باغبانی کے چند فوائد درج کیے جا رہے ہیں،جن پر عمل کرکے آپ تندرست و توانا رہ سکتے ہیں:
آپ اپنے گھر کے باغیچے میں سبزیوں کے علاوہ پودینہ،دھنیا اور سونف بھی اُگا سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

آپ کیاری تیار کر لیں یا بڑے گملے خرید لیں۔پھر اُن میں بیج بوئیں اور انھیں روزانہ پانی دیں۔ایک کیاری یا گملے میں سبزیاں اُگائیے۔ایک دوسری کیاری بھی تیار کر لیں،اُس میں پودے یا پھل اُگائیے۔باغبانی سے آپ اور آپ کے بچوں میں سبزیوں اور پودوں سے محبت پیدا ہو گی۔جو بچے باغبانی کے مشغلے کا مشاہدہ کرتے اور اس میں دلچسپی لیتے ہیں،وہ پھل اور سبزیاں زیادہ کھاتے ہیں۔
یہ مختلف ذائقوں اور لذت سے بھرپور پھل اور سبزیاں ہی تو ہیں،جو آپ کو زندگی میں صحت سے بھرپور لطف اُٹھانے کی کیفیت سے آشنا کرتی ہیں۔
باغبانی وزن کو قابو میں کرنے میں بھی مدد دیتی ہے،ایک حالیہ تحقیق کے مطابق باغبانی کرنے والے افراد کا بی ایم آئی (باڈی ماس انڈیکس: یہ وزن معلوم کرنے کا ایک خاص طریقہ ہے) دوسرے افراد کی نسبت خاصا کم ہوتا ہے۔
یہی وجہ ہے کہ باغبانی کا مشغلہ اختیار کرنے والے افراد موٹاپے کا کم ہی شکار ہوتے ہیں۔باغبانی کی مدد سے خواتین 11 پونڈ اور مرد 16 پونڈ وزن کم کر سکتے ہیں۔
باغبانی جسمانی سرگرمی (ورزش) کے علاوہ تفریح کا بھی ایک ذریعہ ہے۔اس سے مختلف قسم کے پودوں،پھلوں اور سبزیوں کے متعلق نہ صرف معلومات بڑھتی ہیں،بلکہ کھٹے میٹھے ذائقوں والے پھل اور نمکین و چرپرے مزے والی سبزیوں کو کھا کر لذت کام و دہن کا بھی بندوبست ہو جاتا ہے۔
اس کے علاوہ مٹی کھودنے،گوڈی کرنے،پودوں کو پانی دینے،اُن کی دیکھ بھال کرنے اور اُن کے قریب رہنے سے آپ ذہنی تناؤ سے بھی نجات حاصل کر لیتے ہیں۔باغبانی کے مشغلے سے مزاج میں خوشگواریت پیدا ہو جاتی ہے۔
باغبانی دل کی بیماریوں کے خطرات کو کم کرنے میں مدد دیتی ہے۔بے شک یہ دل کی صحت کے لئے دوسری مفید ورزشوں کے برابر تو نہیں ہے،تاہم پھر بھی دل کو صحت مند رکھنے میں معاونت کرتی ہے۔
برطانیہ میں کی گئی ایک تحقیق کے مطابق باغبانی دل کے دورے اور فالج کے امکانات کو گھٹا دیتی ہے۔تحقیق کاروں نے بتایا کہ مٹی میں کام کرنے سے جسم سرگرم رہتا ہے۔باغبانی موسمی تبدیلیوں کی رفتار کو بھی کم کر دیتی ہے۔آپ اپنے گھر کے پچھلے حصے میں ایک چھوٹا سا باغیچہ بنا کر گرین ہاؤس گیسوں میں بھی کمی لا سکتے ہیں۔باغبانی کے دوران ہاتھوں میں لگنے اور ناخنوں میں گھسنے والی مٹی سے یقینا صفائی کی حالت متاثر ہوتی ہے،لیکن سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ مٹی میں پائے جانے والے بیکٹیریا ناخنوں میں پہنچ کر انسان کے مدافعتی نظام کو مضبوط کرتے ہیں اور مضبوط مدافعتی نظام کی وجہ سے بیماریاں قریب نہیں آتیں۔

باغبانی کرنے سے ہاتھ بھی مضبوط ہو جاتے ہیں۔یہ آپ کی حرکیاتی صلاحیتوں کو بہتر اور پٹھوں کو مضبوط بناتی ہے۔باغبانی آپ کو آنے والے وقت کے لئے پُرامید بھی کرتی ہے،اس لئے کہ آپ زمین میں جو کچھ بُوتے ہیں تو آپ اُس کے بڑھنے اور اُس میں مسلسل تبدیلی کی توقع بھی رکھتے ہیں۔روزانہ ورزش کرنے کے نتیجے میں آپ کے جسم کو جس قدر فوائد حاصل ہوتے ہیں،اس سے کئی گنا زیادہ فوائد باغبانی سے بھی مل سکتے ہیں۔ایک اور تحقیق کے مطابق باغبانی اُن دماغی اعصاب کی کارکردگی کو بہتر کرتی ہے،جن کا تعلق یادداشت سے ہے۔باغبانی ایک مفید ترین مشغلہ ہے۔اگر آپ اچھی صحت کے خواہش مند ہیں تو باغبانی کا مشغلہ اختیار کر لیجیے۔

Browse More Gardening Tips and Tricks for Women

Special Gardening Tips and Tricks for Women article for women, read "Baghbani - Aik Sehat Bakhsh Mashghala" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.