Kitchen Garden - Mehngai Ke Khilaf Jihad - Article No. 2720

Kitchen Garden - Mehngai Ke Khilaf Jihad

کچن گارڈن ․․․ مہنگائی کے خلاف جہاد - تحریر نمبر 2720

اپنی مدد آپ کرکے باغبان بن جایئے

جمعرات 28 اکتوبر 2021

سبزیاں ہماری خوراک کا اہم جزو ہیں اور ان میں موجود غذائیت ہماری خوراک کو متوازن بناتی ہے۔سائنسی طور پر یہ تسلیم کیا گیا ہے کہ انسانی صحت کے لئے 280 گرام سبزی فی کس روزانہ استعمال کی جانی چاہئے۔سبزیوں کا مناسب قیمت پر دستیاب ہونا از بس ضروری ہے۔اگر مارکیٹ میں دستیاب سبزیاں مہنگے داموں ملیں گی تو صارف دال،مرغی،گوشت یا پھر سستی سبزیوں کو خوراک جزو بنانے پر توجہ دے گا جس کے نتیجے میں صحت متاثر ہو گی تجارتی بنیادوں پر سبزیاں ماہر باغبانوں (کاشتکاروں) کے زیر نگرانی اُگائی جاتی ہیں اور یہ بھی اگر خراب پانی اور خراب فرٹیلائزرز کے ساتھ اُگائی جائیں تو صحت پر بُرے اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔
ذیل میں چند بنیادی اصول درج کئے جا رہے ہیں۔
براہ راست دھوپ کا حصول
پودے اپنی خوراک خود پیدا کرتے ہیں اور خوراک بننے کے عمل میں جن عوامل کی ضرورت ہوتی ہے ان میں پانی،کاربن ڈائی آکسائیڈ، کلوروفل اور براہ راست دھوپ شامل ہیں۔

(جاری ہے)

ان عوامل میں سے ایک کی بھی کمی اس عمل کو نا مکمل بنا دیتی ہے لہٰذا سبزیوں کو ایسی جگہ کاشت کیا جائے جہاں ان پر کم از کم 6 تا 8 گھنٹے براہ راست دھوپ پڑے۔

آپ اپنے گھر کا جائزہ لیجئے کہ کونسا کونا زیادہ مفید ہو سکتا ہے۔
زمین کا انتخاب
ایسی زرخیز زمین جس میں نکاسی آب بہترین ہو موزوں ترین مانی جاتی ہے اس زمین میں ریت (Sand) پھل (Silt) اور چکنی مٹی (Clay) کژی مناسب مقدار پائی جاتی ہے۔زمین کی PH جو کہ زمین کی تیزابیت یا شور زدہ ماینے کا پیمانہ ہے۔PH7 کی حامل زمین نارمل ہوتی ہے یہ کاشتکاری کے لئے موزوں ہے۔
PH1-6.9 کی حامل زمینیں تیزابی PH7.1-4 کی حامل شور زدہ ہوتی ہے۔کچن گارڈن گھر سے قریب،گھر کے احاطے ہی میں ہو تو بہتر ہے تاکہ اس کی دیکھ بھال اچھی طرح کی جا سکے۔جس میں آبپاشی،خودرو جڑی بوٹیوں اور کیڑوں مکوڑوں کی تلفی آسان ہو پانی کی ضرورت تو ہر جاندار کو ہوتی ہے مگر آپ نے زیادہ پانی دے دیا تو پودے مرجھا جائیں گے۔گھروں میں سبزیوں کو بڑھوتری کم اس وجہ سے ہوتی اس کی وجہ غیر موزوں پانی،پانی کی زیادتی یا کمی یا بروقت نہ دینا شامل ہے۔
ناموزوں پانی کا مسئلہ کراچی میں زیادہ پایا جاتا ہے۔پینے والے پانی سے آبپاشی کرنا ضروری ہے۔بارش نہ ہونے کی صورت میں آبپاشی کا وقفہ ایک سے دو ہفتے تک بڑھایا جا سکتا ہے کورا پڑنے کی صورت میں پودوں کو شام کے وقت ہلکا پانی دینا ضروری ہے۔پانی نہ دینے سے پودوں کے خلیوں میں موجود پانی نقطئہ انجماد کی وجہ سے جم جاتا ہے۔ان میں ٹوٹ پھوٹ ہوتی ہے اور پودے مرجھا جاتے ہیں۔
زیادہ گرمی پڑنے کی صورت میں آبپاشی کو بڑھایا جا سکتا ہے۔
ہوا کا عمل دخل
سبزیاں ایسی جگہ کاشت کریں جہاں ہوا کا گزر باآسانی ہو کیونکہ پودوں کو سرد اور گرم حالت کا مقابلہ کرنے کے لئے ہوا کا گزر درکار ہوتا ہے خاص طور پر گرمیوں میں پودوں کا درجہ حرارت کم ہو جاتا ہے۔سردیوں میں یہ گزر بڑھ جاتا ہے۔پودے مختلف طرح کے Shocks لیتے ہیں۔
سردیوں میں پودوں کی بڑھوتری کم ہوتی ہے۔آپ چاہیں تو کنٹینر یا پرانے ٹائروں کے علاوہ کھاد والے تھیلوں،لکڑی کے کریٹ اور لوہے کے ڈرموں میں بھی سبزیاں کاشت کر سکتے ہیں۔آلو،شلجم،پھول گوبھی،پالک،بینگن،بروکولی،گاجر،کچھ بھی اُگایا جا سکتا ہے۔ آپ سلاد کی سبزیاں مثلاً مولی،سلاد،کھیرا،ٹماٹر اُگا کر گھر کا بجٹ متوازن رکھ سکتے ہیں۔مہنگائی کی وجہ سے لوگ روزانہ کی خوراک میں کمی لانا شروع کر دیتے ہیں۔
اگر آپ کنٹینرز میں سبزیاں اُگا رہے ہیں تو ان میں نمی سوکھنی نہیں چاہئے۔نہ زیادہ پانی دینا چاہئے۔
جڑوں کو Blanching کے ذریعے محفوظ کیا جا سکتا ہے۔جیسے ہی سبزیاں تیار ہوں انہیں فریزر محفوظ کر لینا چاہئے تاکہ ان کو Bio-Chemical Activity متاثر نہ ہو کچن گارڈننگ میں بیکٹیریل اور فنگل سے متاثرہ پودوں سے حاصل شدہ سبزی بھی قابل استعمال ہوتی ہے۔
اگر کسی سبزی میں سنڈی لگ جائے تو متاثرہ حصہ الگ کرکے باقی سبزی استعمال کی جا سکتی ہے۔اگر ان سبزیوں پر زہروں کا استعمال نہ کیا گیا ہو تو سبزیاں اپنی غذائی و طبی اہمیت کی وجہ سے حفاظتی خوراک کے نام سے منسوب کی جاتی ہیں۔ان میں صحت کو برقرار رکھنے اور بہترین نشوونما کے لئے تمام ضروری اجزاء مثلاً نشاستہ لحمیات،حیاتین،نمکیات وافر مقدار میں پائے جاتے ہیں جو کہ دیگر اجناس میں قلیل مقدار میں ملتے ہیں۔
طبی لحاظ سے بھی سبزیوں کی افادیت مسلمہ ہے۔یہ غلیض مادوں کے اخراج میں مدد دیتی ہیں۔غذا میں 300 سے 350 گرام فی کس ہونا چاہئے مگر پاکستان میں سبزیوں کا فی کس استعمال 100 گرام سے بھی کم ہے۔کیا ہی اچھا ہو کہ لوگوں میں کچن گارڈننگ کا شعور بیدار ہو اور وہ اپنی مدد آپ کے بل پر گھریلو اخراجات میں کمی کے ساتھ شاندار صحت و تندرستی بھی پا لیں۔

Browse More Gardening Tips and Tricks for Women

Special Gardening Tips and Tricks for Women article for women, read " Kitchen Garden - Mehngai Ke Khilaf Jihad" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.