زمینداروں کے اصرار پر صوبائی حکومت نے انصاف فوڈ سیکیورٹی پروگرام دوبارہ بحال کردیا ہے،جاوید مقبول بٹ

پیر 16 جنوری 2017 20:39

الپوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 16 جنوری2017ء)شانگلہ میں محکمہ زراعت شعبہ توسیع کے ضلعی ڈائریکٹرجاوید مقبول بٹ نے کہا ہے کہ صوبے کے زمینداروں کے اصرار پر صوبائی حکومت نے انصاف فوڈ سیکیورٹی پروگرام دوبارہ بحال کردیا ہے ،شانگلہ کے زمینداروں کو اطلاع دی جاتی ہے کہ حکومت خیبرپختونخوا نے صوبے کے چھوٹے زمینداروں کے اصرار پر طویل خشک سالی کی وجہ سے صوبے میں گندم کی کم کاشت کی صورت حال کو بہتر کرنے کیلئے انصاف فوڈ پروگرام جسے قبل اذیں مالی بحران کی وجہ سے بند کیا گیا تھا دوبارہ بحال کردیا ہے۔

اس پروگرام کے تحت صوبہ خیبرپختونخوا میں قائم فارم سروسز سنٹر کے رجسٹر ممبران کو 500روپے ایک بوری 50کلوگرام گندم دی جائے گی۔ جبکہ غیر رجسٹر ممبران کو یہی گندم 1100روپے میں کاشت کیلئے دستیاب ہوگی محکمہ زراعت توسیع کی طرف سے ان زمینداروں کو جو اس گندم کی کاشت کریں گے کو سفارش کی جاتی ہے کہ وہ فی ایکڑ 60کلوگرام گندم کا بیج کاشت کیلئے استعمال کریں۔

(جاری ہے)

صوبے کے بارانی علاقوں میں جو زمیندارزمین میں وتر نہ ہونے کی وجہ سے گندم کی کاشت نہیں کر سکے تھے وہ حالیہ بارشوں کے بعد اب بھی گندم کی پچھیتی کاشت کرسکتے ہیں ۔زمیندارحضرات گندم کی اس دستیابی ماڈل فارم سروسز کی ممبر شپ اورصوبائی حکومت کے اس امدادی پیکج سے بھرپورفائدہ اٹھائیں اور صوبے کی غذائی خود کفالت کی حکومتی کوششوں کو کامیاب بنائیں۔اس سلسلے میں اپنے قریبی زرعی کارکن سے رابطہ کریں۔

شانگلہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں