Jab Masjid E Nabvi Ke Minar Nazar Aaye - Article No. 2589

جب مسجد نبوی کے مینار نظر آئے - تحریر نمبر 2589
جب جدّہ ائیرپورٹ پر بمعہ سامان ہم Taxi میں بیٹھنے لگے تو خود سے کلام کیا کہ کون کہتا ہے کہ معجزات گئے دور کی باتیں ہیں. ہم جیسے، جانبِ مدینہ ہوں تو کیا یہ معجزہ نہیں ہے ؟؟؟
افشاں خاور
جمعہ 24 نومبر 2023
سوا چار گھنٹے کے اس سفر کی شروعات آج سے 6 سال پہلے 13000 فیٹ کی بلندی پر ہوئی تھی. امریکہ جاتے ہوۓ سیٹِ کے سامنے لگی سکرین پر نظر پڑی تو معلوم ہوا اس وقت ہمارا جہاز مدینہ پاک کی فضاؤں سے گزر رہا ہے. خوشی اور دکھ کی ملی جلی کیفیات کا اس دن ہم نے پہلی بار مشاہدہ کیا، خوشی اس بات کی کہ کس قدر با برکت فضا سے گزر رہے ہیں اور دکھ یہ کہ کس قدر محروم ہیں کہ گزر تو رہے ہیں لیکن یہاں کی چند ساعتیں ہمارے نصیب میں نہیں. خوشی اور دکھ کی اس کیفیت کے بعد اچانک شرمندگی کی ایک گہری چادر نے ہمیں لپیٹ لیا. ہمیں یہ سوچ آئی کہ مدینے نہ جانے کے دکھ کا کیا تذکرہ ، پہلے یہ بتاؤ وہاں جانے کے لیے کیا کبھی تڑپتے دل سے دعا مانگی ؟
پڑھنے والے سب ساتھی ماشااللہ اہل علم ہیں اور اس بات سے بخوبی واقف ہوںگے کے سب سے سخت سوالات تھانے، عدالت یا کمرہ امتحان میں نہیں پوچھے جاتے. یہ سوالات آپ کا ضمیر آپ سے پوچھتا ہے. اور پھر آپ کے اندر سے بالکل سچا جواب آتا ہے. بہت بار یہ سچ بہت کڑوا، سخت اور ظالم ہوتا ہے لیکن اس کی سچائی پر کوئی شبہ نہیں ہوتا. سِیٹ پر بیٹھے بیٹھے ہی ہم سوال و جواب کے مرحلوں سے گزرتے رہے. وہ رب جو کائنات کے ہر ذرے سے واقف ہے، ہماری دلی کیفیت سے بخوبی آگاہ تھا.
ہمیں یہ تسلیم کرنے میں کوئی عار نہیں، جہاز لینڈ کرنے سے پہلے ہی ہم اس دنیا کے معاملات کی طرف لوٹ آۓ اور دوبارہ بہت عرصہ تک ہمارا دھیان اس طرف نہ جا سکا.
تقریباً 2 سال پہلے ڈاکٹر صاحب کے ایک انتہائی شفیق دوست سینئر سرجن نے اپنی لکھی کچھ کتابیں ہمیں بھجوائیں. مختلف موضوعات پر لکھی ہوئی ان کتب میں ایک کتاب سفرِحج کے بارے میں تھی. ہماری بچپن سے ایک عادت ہے جس سے ہماری امی بہت زچ تھیں، جب کوئی کتاب ہمارے ہاتھ میں آۓ تو ہم اسے ختم کر کے ہی رکھتے ہیں. سفر نامہ حج بھی ہم نے ایک ہی بار میں ختم کیا اور سو گئے. اس رات ہم نے زندگی میں پہلی بار رات کو خواب میں مسجد نبوی کے مینار کی زیارت کی. صبح ڈاکٹر صاحب سے خواب کا ذکر کیا اور کہا کہ یہ کتاب سفر نامہ حج نہیں بلکہ دعوت نامہ حجاز معلوم ہوتا ہے. خیر بات آئی گئی ہو گئی.
پھر وقفے وقفے سے گھر میں عمرہ کی بات ہونے لگی. کچھ کورونا کی پابندیاں ابھی باقی تھیں اور شاید ابھی ہمارا وہ وقت تھوڑا دور تھا جو ہمارے رب نے ہمارے لیے مقرر فرمایا تھا. خیر اس دوران دنیا کے کئی حصوں میں آنا جانا رہا لیکن ادھر سے بلاوے کا انتظار ہی رہا.
کہتے ہیں کہ حضرت موسیٰ علیه اسلام کو پہاڑ پر جلتی ہوئی آگ کا شبہ ہوا اور وہ آگ لینے گئے اور واپسی پر نبوت لے کر آۓ.
ہم لاکھ گناہ گار سہی مگر جس الله کے موسیٰ علیه اسلام نبی تھے ہم بھی اسی پروردگار کی مخلوق ہیں. تو جناب ہم بھی شرم الشیخ گھومنے گئے اور عمرہ کی سعادت لے کر واپس آۓ.
خیر اب ہم دوبارہ جدّہ ائیرپورٹ سے شروع کرتے ہیں. ٹیکسی میں سوار ہونے سے لے کر مدینہ میں داخل ہونے تک ، وقت کیسے گزرا، یقین جانئیے کچھ پتہ نہیں چلا. یقین و بے یقینی، اور سونے جاگنے کے درمیان کی سی کیفیات تھیں. الله سے دعا مانگی کہ اے الله یہاں تک لایا ہے تو اپنے رسول کے روضہ سلام پیش کرنے اور کعبہ پاک کی زیارت کا موقع عطا فرما. مدینہ پاک میں داخل ہونے سے ذرا پہلے آنکھ لگ گئی اور جیسے ہی آنکھ کھلی تو مسجد نبوی کے مینار نظر آۓ، دھڑکتے ہوۓ دل کے ساتھ خود کو یقین دلانے کے لیے ڈرائیور صاحب سے پوچھا کہ بھائی یہ مینار ؟ وہ بولا جی باجی یہ حرم نبوی کے مینار ہیں.
تو جناب کچھ عرصہ قبل ہم نے جو خواب دیکھا تھا اس میں ہو بہو یہی منظر الله پاک نے ہمیں دکھایا تھا. اپنی خوش نصیبی پر یقین نہیں آ رہا تھا کہ ہم جیسے بھی یہاں تک آ گئے.
بچپن میں ایک نعت سنتے تھے
تو کجا من کجا
مدینہ پاک کی تو بس الگ ہی برکتیں ہیں. نہایت خوش اخلاق لوگ، فضاؤں میں ایک عجیب سی کشادگی.
ہوٹل پہنچے اور نہا دھو کر عشاء کی نماز مسجد نبوی میں ادا کرنے روانہ ہوۓ. ہوٹل اور مسجد نبوی میں بس چند قدم کا فاصلہ تھا. یہاں ہمیں اپنے ساس سسر بہت یاد آۓ اور دل سے ان کے لیے دعا نکلی کہ اگر میں یہاں ہوں تو الله نے اس کا وسیلہ ڈاکٹر صاحب کو بنایا ہے اور یہ ان کے والدین کی نیک تربیت ہے کہ وہ مجھے بھی یہاں لاۓ.
مرحومہ بانو قدسیہ سے مجھے بہت محبت تھی. اور بہت معاملات میں وہ میرے لیے مشعلِ راہ رہی ہیں. ان کا فرمانا تھا کہ اگر کوئی آپ پر احسان کرے اور جواباً آپ اس کے لیے کچھ اور نہ کر سکیں تو اس کے لیے دعا کر دیا کریں تو ہم بس یہی کرتے ہیں. میرے ساس سسر ماشااللہ ہر لحاظ سے خوشحال اور خود کفیل ہیں تو ان کے لیے دعا ان کے احسانات کا جواب ہے.

حرم نبوی میں کچھ خاص بات ہے، خزانہ کھلا ہے جتنا برتن آپکے پاس ہے اتنا آپ بھر لیں گے.
الحمدلللہ ڈاکٹر صاحب کا برتن برکت والا تھا، انھیں بغیر کسی Appointment کے ریاض الجنّه میں نماز تہجد سے نماز فجر تک کا وقت مل گیا.
جسے چاہا اپنا بنا لیا
یہ بڑے کرم کے ہیں فیصلے
یہ بڑے نصیب کی بات ہے

ہمیں ہماری ایک محسنہ کی محنت سے کرسی پر کھڑے ہو کر جالی مبارک اور ریاض الجنه دیکھنے کی سعادت نصیب ہوئی. ڈاکٹر صاحب کی قسمت پر بہت رشک آیا. پھر ان کی نرم طبیعت، ہمدرد دل ار انکساری کی طرف ذہن گیا. سنا ہے الله اور الله کے آخری نبی کو یہ اعمال بہت پسند ہیں شاید اسی لیے وہ اس سعادت سے نوازے گئے. میرے جیسے کے لیے تو یہ بھی بڑی سعادت تھی کہ اس مقام مقدس تک نظروں کی رسائی نصیب ہوئی. مسجد نبوی میں تین نمازیں اور نفل نصیب ہوۓ. جنت البقیع کے سامنے کھڑے ہو کر جب ان جلیل القدر شخصیات کا تصور کیا جو یہاں غریق رحمت ہیں تو رونگٹے کھڑے ہو گئے. حضرت بی بی خدیجہ، حضرت بی بی فاطمہ، حضرت بی بی عائشہ، حضرت عثمان بن عفان، ناموں کی ایک فہرست تھی. ایک سے ایک جلیل القدر، سبحان الله.
ہمارے خاندان کے ایک نوجوان کو بھی الله پاک نے جنّت البقیع عطا فرمایا. اور ہم جیسے بھی یہ دعویٰ کر سکتے ہیں کہ جنّت البقیع کے مکینوں میں ہمارا رشتے دار بھی شامل ہے. الله پاک اس کی اور ہم سب کی مغفرت فرمائیں، آمین.

نماز ظہر ادا کر کے اور احرام باندھ کر ہم مدینہ سے روانہ ہوۓ. ہمارے ساتھ ڈاکٹر صاحب کے ایک دوست اور ہمارے محسن میاں بیوی بھی تھے جنہوں نے ہر قدم پر ہماری رہنمائی کی اور ان کی رہنمائی سے ہم مسجد قبیٰ پہنچے. یہ اسلام کی پہلی مسجد تھی جس کی تعمیر میں نبی پاک نے خود حصہ لیا اور یہاں 2 نفل نماز کا ثواب مقبول عمرہ کے برابر ہے. ہم نماز ادا کر کے باہر نکلے تو اپنی محسنہ کو باہر پریشان پایا. انھیں کوئی بزرگ ملے جو کہ اپنے رشتے داروں سے الگ ہو کر بھٹک رہے تھے اور قوتِ گویائی سے محروم تھے. ہماری محسنہ جس طرح بزرگ کو تسلی دے رہی تھیں اور ان کی مدد کی کوشش کر رہی تھیں اس نے ہمیں یہ سوچنے پر مجبور کیا کہ الله ایسے ہی مقام سے نہیں نوازتا.
ورنہ عبادت کے لیے کم نہ تھے کروبیاں
اس کے بعد ہمارے محسن ہمیں بصد اصرار کھانے کے لیے لے گئے. تا کہ ہم مکہ پاک تازہ دم ہو کر پہنچیں اور جاتے ہی کھانے وغیرہ میں وقت ضا ئع نہ ہو. الله ان کے دسترخوان میں برکت دے. اور ان کے لیے آسانیاں ہوں. بے حد لذیز کھانے سے لطف اندوز ہوۓ.
یہاں ایک اور بات کا ذکر کرنا چاہوں گی . ہم ٹیکسی میں تھے اور ہمارے دوست اپنی گاڑی میں ڈرائیور کے ساتھ. ھم سب کھانے کے لیے اندر گئے اور انہوں نے ہوٹل اسٹاف کو ہدایت کی کہ ڈرائیورز جو بھی مرضی آرڈر کریں اور لطف اندوز ہوں. بل آپ اوپر ہمارے پاس بھیج دیں. یہ ایک بہت خوبصورت روایت تھی. ان دونوں سے بہت سیکھنے کا موقع ملا، الله ان کو ان کی اچھائی کا بہترین نعم و بدل عطا فرماۓ، آمین. ہمارے شکریہ کے بدلے میں ان کا ایک ہی جواب تھا. آپ الله کے مہمان ہیں اور آپ کا خیال رکھنا ہماری خوشی.
الله انھیں اور ان کے والدین کو حشر کے روز سرخرو کرے، آمین.
کھانے سے فراغت پا کر ہم نے اجازت چاہی اور مکّہ کی طرف روانہ ہوئے�
(جاری ہے)
�
Browse More Urdu Literature Articles

جب مسجد نبوی کے مینار نظر آئے
Jab Masjid E Nabvi Ke Minar Nazar Aaye

وہ جو طُور ہے بہت دور ہے
Wo Ju Tor Hai Buhat Dour Hai

سفرِ کعبہ
Safr E Kabba

لاہور سے نتھیا گلی
Lahore Se NathiyaGali

کراچی سے کھٹمنڈو : دو دن کا ہوائی سفر
Karachi Se Khatmandu - 2 Din Ka Hawai Safar

قلعہ سِنگھنی، گوجر خان
Qilla Singhni - Gujjar Khan

یادیں سفر حجاز کی۔آخری قسط
Yaadain Safr E Hijaz Ki - Last Qist

کراچی کا سفر - پانچویں قسط
Karachi Ka Safar - 5th Episode

یادیں سفر حجاز کی۔ قسط نمبر 7
Yaadain Safr E Hijaz Ki - Qist 7

یادیں سفر حجاز کی۔قسط 6
Yaadain Safr E Hijaz Ki - Qist 6

سفر حجاز: ایک ہندو جو مدینہ یونیورسٹی اور مسجد نبوی کا معلم بن گیا۔(قسط نمبر 4 )
Safar E Hijaz - Qist 4

کُسک فورٹ، چکوال
Kusak Fort Chakwal