پاکستان دہشت گردی کیخلاف جنگ میں امریکہ کا اہم اتحادی ہے، صدر بش،مسئلہ کشمیر و فلسطین کو حل کرنے کی اشد ضرورت ہے

جمعہ 22 ستمبر 2006 21:27

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22ستمبر۔2006ء) امریکی صدر جارج واکربش نے صدر پرویزمشرف کے دورہ امریکہ کو انتہائی اہم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ دہشت گردی کیخلاف پاکستان کو اپنا اتحادی سمجھتاہے فلسطین اور کشمیر کے مسئلے کو حل کرنے کی اشد ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے جمعہ کو یہاں وائٹ ہاؤس میں صدر مشرف کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران کیا۔

صدر بش نے پریس کانفرنس کا آغاز کرتے ہوئے صدر پرویزمشرف کے دورہ امریکہ کو انتہائی اہم قراردیا اور کہا کہ امریکہ دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پاکستان کو اہم اتحادی سمجھتا ہے۔ صدر بش نے کہا کہ امریکہ اور پاکستان کے درمیان اقتصادی اور تعلیمی شعبے میں تعاون پر بھی بات چیت ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صدر پرویز مشرف سے افغانستان اوربھارت کے ساتھ پاکستان کے تعلقات پر بات چیت ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

صدر مشرف نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ان کی صدر بش سے اہم معاملات پر بات چیت ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ صدر بش عالمی مسائل کے حل میں اہم کردارادا کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فلسطین اور کشمیر کا مسئلہ حل کرنے کی اشد ضرورت ہے۔ صدرپرویزمشرف نے کہا کہ صدر بش سے ان کی ملاقات کے درمیان افغانستان کی صورتحال پر بھی بات چیت ہوئی ہے۔ پرویز مشرف نے نے کہا کہ ہم نے امریکہ پر واضح کیا ہے کہ مقامی طالبان سے کیا جانے والا امن معاہدہ طالبان کو شلٹر فراہم کرنے کیلئے نہیں کیا گیا بلکہ اس سے طالبانائزیشن کیخلاف مدد ملے گی۔