مقبوضہ کشمیر میں جھڑپیں‘ ایک بھارتی فوجی ہلاک‘ 3زخمی‘ 2مجاہد شہید ہوگئے

پیر 2 اکتوبر 2006 13:10

جموں (اُردو پوائنٹ تازہ ترین 2اکتوبر 2006) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج اور مجاہدین کے درمیان جھڑپ‘ ایک بھارتی فوجی ہلاک ‘ تین زخمی جبکہ دو مجاہدین جام شہادت نوش کرگئے ہیں۔ بھارتی فوج نے چار مجاہدین کو گرفتار کرنے کا بھی دعویٰ کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز ضلع پونچھ کی تحصیل سرنکوٹ میں 19 راشٹریہ رائفلز سے وابستہ سکیورٹی اہلکاروں اور مجاہدین کے ایک گروپ کے درمیان طویل جھڑپ میں ایک بھارتی فوجی ہلاک اور تین زخمی ہوگئے ہیں جبکہ ایک مجاہد بھی جام شہادت نوش کرگیا ہے۔

بھارتی فوج نے اس جھڑپ کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ سکیورٹی فورسز نے مخبر کی اطلاع پر چھاپہ مارا تو عسکریت پسندوں نے فائرنگ کردی کئی گھنٹوں تک جاری رہنے والی جھڑپ میں ایک بھارتی فوجی ہلاک اور تین زخمی ہوگئے ہلاک ہونے والے سکیورٹی اہلکار کا نام رانجش شرما بتایا جاتا ہے ادھر ضلع ڈوڈہ کے علاقے بندرکوٹ میں بھارتی فوج نے چھاپے کے دوران چار مجاہدین کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

(جاری ہے)

گرفتار افراد کا تعلق حزب المجاہدین سے ہے ان کی شناخت نور دین‘ نثار احمد‘ جاوید ایوب اور احمد علی کی حیثیت سے ہوئی ہے۔ گرفتار افراد کے قبضے سے بھاری اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے کپواڑہ میں جھڑپ کے دوران ایک مجاہد شہید ہوگیا ادھر ادھمپور میں بھارتی فوج کی دہشت گردی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔