پی آئی اے ہوائی اڈوں پر پارلیمنٹری کاؤنٹرز کو فعال بنائے، سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے قواعد و ضوابط کی ہدایت

جمعرات 5 اکتوبر 2006 20:32

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔5اکتوبر۔2006ء) سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے قواعد و ضوابط نے پی آئی اے کو ہدایت کی ہے کہ وہ ہوائی اڈوں پر بنائے پارلیمنٹری کاؤنٹر کو فعال بنائے اور وزارت دفاع سے کہاہے کہ وہ سینیٹر مسز کلثوم پروین کے ساتھ ناروا سلوک کی تحقیقات کرے۔ کمیٹی کا اجلاس جمعرات کے روز یہاں سینیٹر سید طاہر حسین مشہدی کی زیر صدارت ہوا اجلاس میں کمیٹی نے کہا کہ پی آئی اے عوام کو دی جانے والی سہولیات کو مزید بہتر بنائے۔

اجلاس میں سینیٹر مسز کلثوم کی طرف سے ایک تحریک پیش کی گئی کہ ان کے ساتھ پی آئی اے کاؤنٹر راول لاؤنج کے انچارج نے ناروا رویہ اختیار کیا اوربورڈنگ کارڈ دینے سے انکار کر دیا اس پر کمیٹی نے وزارت دفاع کو ہدایت کی کہ وہ گیارہ ستمبر 2006ء کو پیش آنے والے اس ناخوشگوار واقعہ کی تحقیقات کرے اس کے علاوہ اجلاس میں بتایا گیا کہ پارلیمنٹ ممبران کی سہولت کیلئے ہوائی اڈوں پر بنائے گئے پارلیمنٹری کاؤنٹرزکو ابھی تک فعال نہیں بنایا گیا ہے جس پر سیکرٹری دفاع نے کمیٹی کو یقین دہانی کرائی کہ بہت جلد ان کاؤنٹرزکو فعال کر دیا جائیگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت قومی ایئرلائن کو مزید بہتر بنانے کیلئے اقدامات کرے اس کے علاوہ اجلاس میں سینیٹر پروفیسر خورشید احمد کی تحریک کا جائزہ لیا گیا جس میں انہوں نے کہا کہ انہیں سکیورٹی ایجنسیز نے ممتاز سائنسدان عبدالقدیر کی عیادت کیلئے اجازت نہیں دی جس پر چیئرمین سینٹ کے مشیر نے کمیٹی کو بتایا کہ پرفیسر خورشید نے چیئرمین کودرخواست دی تھی کہ انہیں عبدالقدیر خان کے ساتھ ملاقات کی اجازت دی جائے جس پر انہوں نے وزارت داخلہ سے درخواست کی اور انہوں نے وعدہ کیا کہ ملاقات کا بندوبست کر دیا جائے گا۔

سیکرٹری داخلہ نے کمیٹی کو بتایا کہ انہوں نے سکیورٹی اتھارٹی سے رابطہ کے بعد مشیر چیئرمین سینٹ کو بتایا کہ سینیٹر 14 ستمبر کو ڈاکٹر عبدالقدیر خان سے مل سکتے ہیں تاہم اگلے ہی دن یہ کہا گیا ک ان کے قریبی رشتہ داروں کے علاوہ کسی کو بھی ڈاکٹر قدیر سے ملنے کی اجازت نہیں۔ کمیٹی کے چیئرمین نے قائد حزب اختلاف کی درخواست پر ممبران کی کیمرہ میٹنگ کا فیصلہ کیا۔

اجلاس میں وزیردفاع راؤ سکندر اقبال، پارلیمانی امور کے وزیرمملکت کامل علی آغا، سینیٹرز نعیم حسین چٹھہ، میاں رضا ربانی، ڈاکٹر محمد اسماعیل بلیدی، پروفیسرخورشید احمد، حمید اللہ جان ۱آفریدی، حافظ عبدالمالک کے علاہ وزارت دفاع، داخلہ، ریاستوں، فرنٹیئر ریجن، چیئرمین سینٹ کے مشیر، چیئرمین سی ڈی اے اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :