دورہ پاکستان سے قبل بھارتی حکومت سے مذاکرات چاہتے ہیں۔عبدالغنی بٹ،سیلف رول اور سیلف گورننس فارمولوں کو آزاد اور مقبوضہ کشمیر میں عوامی حمایت درکار ہے ۔حریت کانفرنس کے اجلاس بعد صحافیوں سے گفتگو

جمعہ 1 دسمبر 2006 13:41

سرینگر (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین01دسمبر2006 ) حریت کانفرنس (میرواعظ) نے کہا ہے کہ وہ بھارت کے ساتھ بات چیت کرنے کے لئے تیار ہیں اور سیلف رول کا فارمولہ آزاد اور مقبوضہ کشمیر میں عوامی سطح پر زیر بحث لایا جانا چاہئے- حریت کانفرنس کی ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سابق حریت چیئرمین پروفیسر عبدالغنی بٹ نے کہاکہ حریت کانفرنس بھارتی لیڈر شپ سے ملاقات کرنے کی خواہشمند ہے تاہم اس کے لیے بھارت کو بھی رضامندی ظاہر کرنا ہو گی انہوں نے کہاکہ مذاکرات کے عمل میں پیشرفت ہونی چاہئے انہوں نے کہاکہ حریت کانفرنس چاہتی ہے کہ اس کے لیڈر پاکستان کے دورے سے پہلے بھارتی حکومت سے بات چیت کریں-پروفیسر عبدالغنی بٹ نے کہاکہ سیلف رول ایک سیاسی سوچ ہے جس کا مقصد عوام کو اپنی قسمت اور منزل کا فیصلہ کرنے کا حق ملے گا اس لیے اس مسئلے کو آزاد اور مقبوضہ کشمیر میں عوام کے سامنے پیش کیا جاناچاہئے-صدر مشرف کے سیلف گورننس کے فارمولے پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ حریت کانفرنس اس کی حمایت کرتی ہے کیونکہ اس سے مسئلہ کشمیر کا حقیقت پسندانہ حل نکالا جا سکتاہے-پروفیسر عبدالغنی بٹ نے کہاکہ ہم چاہتے ہیں کہ کوئی آقا یا غلام نہ ہو بلکہ لوگ اپنے مقدر کا خود فیصلہ کریں حریت کے سابق چیئرمین نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کشمیری عوام کو نظرانداز کرتے ہوئے مسئلہ کشمیر کا کوئی حل نہیں نکال سکتے-اس لیے ریاست کے عوام کو مذاکرات میں شامل کیا جانا ضروری ہے-