حریت کانفرنس اور بھارتی حکومت کے درمیان مذاکرات کا سلسلہ بحال کرنے کی کوشش شروع ۔دسمبر کے آخری ہفتے میں مذاکرات کا امکان

پیر 11 دسمبر 2006 12:25

سرینگر (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین11دسمبر2006 ) بھارتی حکومت اور حریت کانفرنس کے درمیان مذاکرات کا تیسرا دور دسمبر کے آخری ہفتے میں ہونے کا امکان ہے۔ حریت کانفرنس کو مذاکرات پر تیار کرنے کے لئے خفیہ ڈپلومیسی شروع ہوگئی ہے۔ ایک بھارتی اخبار کی رپورٹ کے مطابق بھارت کی مرکزی حکومت اور حریت کانفرنس کے درمیان مذاکرات کا تیسرا دور دسمبر کے آخری ہفتے میں متوقع ہے اس حوالے سے بھارت کے ایک مرکزی وزیر نے حریت کانفرنس کے رہنماؤں کے ساتھ رابطے کئے ہیں اور ان کو امید ہے کہ مذاکرات کا تیسرا دور دسمبر کے آخری ہفتے میں متوقع ہے۔

واضح رہے کہ وزیراعظم واجپائی کے دور حکومت میں حریت کانفرنس اور مرکزی حکومت کے درمیان مذاکرات کے دو دور ہوئے تھے من موہن سنگھ حکومت کے دور میں اس سے قبل بھی مذاکرات کی کوشش کی گئی لیکن حریت کانفرنس نے انکار کردیا تھا رپورٹ کے مطابق حریت کانفرنس کا وفد جنوری کے پہلے ہفتے میں پاکستان کا دورہ کرے گا اور اس سے قبل حریت کانفرنس اور بھارتی حکومت کے درمیان مذاکرات کا امکان ہے۔

(جاری ہے)

حریت کانفرنس کے ذرائع نے بھارتی حکومت اور حریت کانفرنس کے درمیان مذاکرات کرانے کی کوششوں کی تعریف کی اور کہا کہ بھارت کے ایک مرکزی وزیر مذاکرات کیلئے حریت کانفرنس کو تیار کررہے ہیں رپورٹ کے مطابق حریت کانفرنس اور بھارتی حکومت کے درمیان مذاکرات بحال کرانے کی کوششیں تیز ہوگئی ہیں اور اس بات کے امکانات ہیں کہ مذاکرات دسمبر کے چوتھے ہفتے میں ہونگے۔