پارلیمنٹ حملہ کیس میں مبینہ ملزم افضل گورو نے سپریم کورٹ میں سزائے موت پر نظرثانی کی اپیل دائر کر دی

جمعرات 14 دسمبر 2006 13:06

سرینگر (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین14دسمبر2006 ) بھارتی پارلیمنٹ پر مبینہ حملہ کیس میں پھانسی کے سزا یافتہ کشمیری نوجوان محمد افضل گورو نے بھارتی سپریم کورٹ میں فیصلے پر نظرثانی کی درخواست دائر کر دی ہے-اطلاعات کے مطابق اس درخواست میں افضل گورو نے بتایا ہے کہ انہیں مقدمے کی سماعت کے دوران اپنے دفاع کا موقع فراہم نہیں کیا گیا یادر ہے کہ سزائے موت سے بچنے کیلئے افضل گورو کے پاس یہ آخری قانونی حربہ ہے اس سے قبل سپریم کورٹ نے اس کے خلاف 4 اگست 2005ء کے سزائے موت کے فیصلے پر دائر کی گئی نظرثانی کی درخواست مسترد کر دی تھی-پارلیمنٹ حملہ کیس کے دوسرے ملزم شوکت حسین گورو نے بھی سپریم کورٹ میں اپنی سزا پر نظرثانی کی درخواست دائر کر دی ہے شوکت گورو کو سپریم کورٹ نے 10برس کی سزائے قید سنائی تھی-بھارتی پارلیمنٹ میں افضل گورو کو سزائے موت کے حوالے سے شدید ہنگامہ آرائی جاری ہے پارلیمنٹ میں بی جے پی اور شیوسینا کے علاوہ ہندو انتہا پسند ممبران پارلیمنٹ افضل گورو کو سزائے موت دینے کے حق میں نعرے بازی کرتے ہیں اور شورو غل برپا کر دیتے ہیں-دریں اثناء افضل گورو نے سپریم کورٹ میں دائر کی گئی نظرثانی کی درخواست میں کہا ہے کہ بھارتی آئین کی دفعہ 21 اور(1) 22 جبکہ 39A کے تحت اپنا دفاع کرنے کا حق حاصل تھا لیکن انہیں یہ حق نہیں دیا گیا-جو کہ انصاف کی موت ہے افضل گورو نے عدالت سے درخواست کی ہے کہ ان کی اپیل پر نظرثانی کے فیصلے تک ان کی پھانسی روک دی جائے-