حکومت صوبائی خود مختاری پر مکمل یقین رکھتی ہے،صدر مشرف،بلوچستان کی پارلیمانی کمیٹی کی طرف سے مرتب کردہ سفارشات پر عملدرآمد کے حوالے سے تمام سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لینے کی کوششیں قابل قدر ہیں،صدر مملکت کا اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب

منگل 26 دسمبر 2006 21:16

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26دسمبر۔2006ء) صدر جنرل پرویز مشرف نے کہا ہے کہ حکومت صوبائی خود مختاری پر مکمل یقین رکھتی ہے اور صوبوں کو زیادہ سے زیادہ اختیارات دینا چاہتے ہیں، بلوچستان کی پارلیمانی کمیٹی نے جو سفارشات مرتب کی ہیں ان پر عملدرآمد کے حوالے سے تمام سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لینے کی کوششیں قابل قدر ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز یہاں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت صوبائی خود مختاری پر مکمل یقین رکھتی ہے اور صوبوں کو زیادہ سے زیادہ اختیارات دینا چاہتے ہیں۔ صدر مشرف نے کہا کہ بلوچستان کی پارلیمانی کمیٹی نے جو سفارشات مرتب کی ہیں ان پر عملدرآمد کے حوالے سے تمام سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لینے کی کوششیں قابل قدر ہیں۔

(جاری ہے)

صدر نے مزید کہا کہ حکومت پہلے ہی این ایف سی ایوارڈ میں صوبوں کا حصہ بڑھا چکی ہے جبکہ چھوٹے صوبوں کی ترقی کے لئے خصوصی فنڈز مختص کئے گئے ہیں۔

اجلاس میں مسلم لیگ صوبہ سرحد کی تنظیمی اور صوبائی خودمختاری سے متعلق سفارشات اور دیگر اہم سیاسی امور کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر آئندہ عام انتخابات میں مسلم لیگ اور اس کی ہم خیال جماعتوں سے اتحاد کا معاملہ بھی زیر غور آیا۔ اجلاس میں حکمران جماعت کے صدر چوہدری شجاعت حسین، سیکرٹری جنرل مشاہد حسین سید، بین الصوبائی رابطے کے وفاقی وزیر سینیٹر سلیم سیف اللہ اوردیگر پارٹی عہدیداروں نے شرکت کی۔ سلیم سیف اللہ نے صدر کو صوبائی خود مختاری کے حوالے سے قومی تعمیر و نو بیورو اور بلوچستان کی پارلیمانی کمیٹی کے ساتھ مل کر تیار کی جانے والی سفارشات سے آگاہ کیا۔