صدام کے سوتیلے بھائی اور سابق چیف جسٹس کی پھانسی اتوار تک ملتوی۔۔دارالحکومت بغداد میں 2کار بم دھماکے‘ 13افراد ہلاک‘ 23زخمی،مزاحمت کاروں نے 4 امریکیوں سمیت 5غیر ملکی مغویوں کی ویڈیو جاری کردیا

جمعرات 4 جنوری 2007 15:08

بغداد (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین04جنوری2007 ) عراقی حکومت نے صدام حسین کے سوتیلے بھائی برزان التکریتی اور سابق چیف جسٹس اعواد البندر کی پھانسی کو اتوار تک ملتوی کردیا ہے جبکہ دو کار بم دھماکوں میں تیرہ افراد ہلاک اور 23 زخمی ہو ہوگئے‘ مزاحمت کاروں نے چار امریکیوں سمیت پانچ غیر ملکی مغویوں کی ویڈیو جاری کردی۔ فرانسیسی خبر رساں ایجنسی کے مطابق عراقی حکومت کے دو اعلیٰ عہدیداروں نے بتایا ہے کہ حکومت صدام حسین کے سوتیلے بھائی برزان التکریتی اور سابق چیف جج اعواد البندر کی پھانسی کو اتوار تک ملتوی کردیا ہے۔

شیعہ رکن پارلیمنٹ بہا العرجی نے بتایا کہ ان دونوں افراد کو اتوار کے روز پھانسی دی جائے گی وزیراعظم نوری المالکی نے بھی پھانسی کے التواء کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ اقدام عالمی دباؤ کے تحت اٹھایا گیا واضح رہے کہ برزان التکریتی اور اعواد البندر کو جمعرات کے روز پھانسی دی جانی تھی عراق کے معزول صدر صدام حسین کے ساتھ ان دونوں افراد کو بھی دجیل قتل عام کیس میں پھانسی کی سزا دینے کا حکم دیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

عراقی حکومت پر اس وقت انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں اور اقوام متحدہ کی جانب سے ان دونوں افراد کو پھانسی نہ دینے کے لئے دباؤ کا سامناہے۔ ادھر عراقی دارالحکومت بغداد کے مغربی ضلع منصور میں دو کار بم دھماکوں کے نتیجے میں تیرہ افراد ہلاک اور تیئس زخمی ہوگئے۔ پولیس کے مطابق پہلا دھماکہ سڑک کے کنارے اس وقت کیا گیا جب کثیر تعداد میں لوگ ایندھن کے حصول کے لئے ایک پٹرول پمپ کے باہر قطار میں کھڑے تھے اسی اثناء میں ایک اور گاڑی کو دھماکہ خیز مواد سے اڑا دیا گیا۔

دھماکوں سے آس پاس کھڑی گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا زخمیوں کو طبی امداد کے لئے ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے جن میں سے بیشتر افراد کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔ ادھر عراقی مزاحمت کاروں نے نومبر کے مہینے میں جنوبی عراق سے اغواء کئے گئے چار امریکیوں اور ایک آسٹرین شہری کی ویڈیو جاری کردی فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق ویڈیو میں تمام مغویان اچھی حالت میں ہیں۔