پاکستان مسلم لیگ کے سابق صدر میاں محمد اظہر نے پاکستان مسلم لیگ میں شمولیت اختیار کرلی۔ ہم آئندہ میاں اظہر کے ساتھ مل کر ہر سیاسی چیلنج کا مقابلہ کریں گے ۔وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویزالٰہی

ہفتہ 10 فروری 2007 12:37

پاکستان مسلم لیگ کے سابق صدر میاں محمد اظہر نے پاکستان مسلم لیگ میں ..
لاہور( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین 10فروری2007 ) پاکستان مسلم لیگ کے صدر چوہدری شجاعت حسین اور وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی ممتاز سیاسی راہنما میاں محمد اظہر کی رہائش گاہ گارڈن ٹاؤن گئے۔ میاں محمد اظہر نے پاکستان مسلم لیگ کے صدر چوہدری شجاعت حسین اور وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے پارٹی میں فعال کردار ادا کرنے کے عزم کا اظہار کیا ۔

اس موقع پر میاں اظہر نے کہا کہ وہ پہلے بھی تقریباً 25 سال سے پاکستان مسلم لیگ میں ہیں او راب وہ پھر نئے عزم کے ساتھ پاکستان مسلم لیگ کی قیادت کے ساتھ مل کر لاہور اور ملک کے تمام حصوں میں پاکستان مسلم لیگ کو منظم اور مضبوط کرنے کی جدوجہد کو مزید تیز کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ مجھے کئی جماعتوں کی طرف سے شمولیت کیلئے کہا جا رہا تھا لیکن میں نے مسلم لیگ کے ساتھ اپنی طویل وابستگی کی بناء پر دوبارہ اپنی پارٹی میں متحرک کردار ادا کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پارٹی کے اندر اختلاف رائے جمہوری عمل کا حصہ ہے او رپاکستان مسلم لیگ کے صدر چوہدری شجاعت حسین اور وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے مسلم لیگ کو منظم کرنے کیلئے جو کوششیں کی ہیں اس کے انتہائی مثبت نتائج برآمد ہوئے ہیں ۔ پاکستان مسلم لیگ کے صدر چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ میاں محمد اظہر پر مختلف جماعتوں کی طرف سے شمولیت کا دباؤ تھا لیکن وہ پورے عرصے میں انتہائی فراخ دلی اور تحمل مزاجی سے حالات کو دیکھتے رہے ۔

انہوں نے کہا کہ آئندہ ہم انشا ء اللہ الیکشن اکٹھے لڑیں گے او رپاکستان مسلم لیگ کارکردگی کی بناء پر آئندہ الیکشن میں زبردست کامیابی حاصل کرے گی ۔ انہوں نے کہا کہ میاں محمد اظہر کی تجاویز اور مشاورت کی روشنی میں پاکستان مسلم لیگ کو مزید منظم کیا جائے گا ۔ وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے کہا کہ ہم ممتاز مسلم لیگی راہنما میاں محمد اظہر کو دوبارہ پاکستان مسلم لیگ کو منظم کرنے کے حوالے سے فعال کردار ادا کرنے کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ ہم آئندہ میاں اظہر کے ساتھ مل کر ہر سیاسی چیلنج کا مقابلہ کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ کو منظم کرنے کے حوالے سے میاں محمد اظہر کی قائدانہ صلاحیتوں سے بھرپور استفادہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی نمائندگی بے نظیر بھٹو کر رہی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے راہنما گزشتہ 18 سال سے پیپلز پارٹی کو ملک توڑنے والی جماعت قرار دیتے رہے ہیں اور اب وہ ان میں ضم ہو کر اپنی شناخت کھو بیٹھے ہیں ۔ اس موقع پر مسلم لیگی راہنما سردار نصراللہ دریشک ، سینیٹر نعیم حسین چٹھہ او رپاکستان مسلم لیگ پنجاب کے جنرل سیکرٹری اور صوبائی وزیر مواصلات و تعمیرات چوہدری ظہیر الدین بھی موجود تھے ۔