بینظیر اور نواز شریف کو وطن واپس نہ آنے دیا گیا تو اے آر ڈی کے پلیٹ فارم سے انتخابات کابائیکاٹ کریں گے، پیپلزپارٹی

سندھ میں ضمنی انتخابات منصفانہ نہ کرانے والے الیکشن کمشنر پر بھروسہ نہیں، ملک میں امن و امان کی صورتحال دگرگوں ہیں، حکمران ملک کو ”چلی“ بنانے کی کوشش کر رہے ہیں، مخدوم امین فہیم اور پیپلزپارٹی کے دیگر رہنماؤں کا احتجاجی مظاہرے سے خطاب

ہفتہ 17 فروری 2007 17:44

اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین 17فروری2007 ) پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹرین نے اعلان کیا ہے کہ اگر بینظیر بھٹو اور نواز شریف کو طن وپاس نہ آنے دیا گیا تو اے آر ڈی کے پلیٹ سے انتخابات کا بائیکاٹ کیا جائے گا، کراچی اورسندھ کے ضمنی انتخابات منصفانہ نہ کرانے والے الیکشن کمشنر پر بھروسہ نہیں ہے، ملک میں امن و امان کی صورتحال دگرگوں ہے، حکمران ملک کو ”چلی“ بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹرین کے صدر مخدوم امین فہیم، سیکرٹری جنرل راجہ پرویز اشرف، شاہ محمود قریشی، انور بیگ، فرحت اللہ بابر، فرزانہ راجہ، شفقت عباسی، اشتیاق مرزا، زمرد خان، ملک حاکمین، چوہدری عبدالمجید، چوہدری لطیف اکبر، سردار سلیم سابق سینیٹر، سردار غلام صدق خان، سردار قمر الزامان خان، قاضی سلطان، ناہید خان، صفدر عباسی، سید یوسف رضا گیلانی، سردار محمد عارف خان، سردار اخلاق خان ایڈووکیٹ، چوہدری محمد یاسین، چوہدری مطلوب انقلابی اور پی ایس ایف و پی وائی او کے رہنماؤں نے سندھ اور کراچی میں ضمنی انتخابات کے دوران دھاندلی کرائے جانے کیخلاف ہفتہ کو الیکشن کمیشن کے دفتر کے سامنے ایک بڑے احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

مخدوم امین فہیم نے کہا کہ ملک میں امن و امان کی صورتحال دگرگوں ہے پیپلزپارٹی کے رہنماؤں اور کارکنوں کیخلاف انتقامی کارروائیاں کی جا رہی ہیں فرد واحد نے ملک کے حالات خراب کر دیئے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اٹک میں پی پی کے 6 کارکنوں اور سندھ میں ضمنی انتخابات میں پی پی کی خواتین ممبران اسمبلی پر فائرنگ کرنے والوں کو گرفتار کر کے قرار واقعی سزا دی جائے۔

انہوں نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر اپنے فرائض ادا کرنے میں ناکام ہو گئے ہیں سندھ اور کراچی کے ضمنی انتخابات میں ریکارڈ دھاندلی سے ثابت ہوگیا ہے کہ آئندہ عام انتخابات بھی اسی طرز پر ہوں گے اس لئے پیپلزپارٹی مطالبہ کرتی ہے کہ موجودہ چیف الیکشن کمشنر کو برطرف کر کے آزاد اور خودمختار چیف الیکشن کمشنر کا تقرر کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ اور گورنر سندھ نے ان انتخابات میں دھاندلی کروائی ہے یہ سب کچھ ان کی مرضی پر ہوا ہے اس لئے انہیں فوری طور پر برطرف کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں جمہوریت کا گلا کاٹا جا رہا ہے ہم جمہوریت کا قتل ہوتے ہوئے نہیں دیکھ سکتے۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہم نے چیف الیکشن کمشنر سے ملاقات کے دوران اپنی 36 تجاویز دی ہیں مگر افسوس وہ اپنے آپ کو غیر جانبدار رکھنے میں ناکام ہوگئے ہیں۔ ہم نے انہیں بتایا تھا کہ 2002ء کے عام انتخابات اور 2005ء کے بلدیاتی انتخابات میں بدترین دھاندلی کی گئی ہے اس لئے آپ پر لازم ہے کہ آپ آئندہ انتخابات میں غیر جانبدارانہ کردار ادا کریں اور اس کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کیں۔

پرویز اشرف اور دیگر مقررین نے کہا کہ ہمارا اعتماد چیف الیکشن کمشنر سے اٹھ چکا ہے ہمارے کارکنوں پر تشدد اور رہنماؤں کو جان سے مارنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں ملک کو ”چلی“ بنانے ی کوششیں ہو رہی ہیں ایک فرد واحد آمرانہ طرز عمل کے ذ ریعے ملک کے ڈھانچے کو تبدیل کرنا چاہتا ہے مگر ہم ایسا نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بینظیر بھٹو آئندہ عام انتخابات سے قبل ملک میں ہوں گی اور انہیں یہاں آنے سے کوئی نہیں روک سکتا۔