چیف جسٹس صاحب سے تحریری طورپر دریافت کر لیا جائے گا کہ کس قسم کی سیکورٹی درکار ہے ، وزیر قانون

منگل 13 مارچ 2007 21:06

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔13مارچ۔2007ء) وفاقی وزیر قانون محمد وصی ظفر نے کہا ہے کہ چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری اور ان کی فیملی کی حفاظت کیلئے انہیں پولیس اور انتظامیہ کی سیکورٹی فراہم کی گئی ہے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ہر خاص وعام کو علم ہے کہ دہشت گردی اور غلط عزائم رکھنے والے لوگوں سے بچاؤ اور تحفظ بھی حکومت کی ذمہ داری ہے اسی وجہ سے چیف جسٹس کو حفاظت میں سپریم کورٹ لایا گیا تھا ، انہوں نے کہا کہ شرپسند عناصر کی کسی ممکنہ کارروائی سے نمٹنے کیلئے تمام تر حفاظتی اقدامات کئے گئے ، لیکن موجودہ صورتحال کے پیش نظر کچھ لوگ دانستہ بداعتمادی پھیلانے کی کوشش کررہے ہیں ، وزیر قانون نے کہا کہ اب تحریری طورپر چیف جسٹس صاحب سے دریافت کر لیا جائے گا کہ ان کو کس قسم کی سیکورٹی اور سہولیات درکار ہیں ، اور انہیں ان کی رضا مندی کے مطابق تمام سہولیات فراہم کر دی جائینگی ۔