پاکستان محل وقوع اور تاریخی کردار کے حوالے سے جنوبی ایشیاء میں اہم ترین ملک ہے،مشاہد حسین،قراقرم ہائی وے کو اپ گریڈ کرنے کیلئے کام شروع کر دیا گیا ہے، چین کے ساتھ دفاعی اور معاشی تعلقات کو بڑھانا چاہیے، مشاہد حسین کا سیمینار سے خطاب

ہفتہ 17 مارچ 2007 21:43

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔17مارچ۔2007ء) پاکستان مسلم لیگ (ق) کے سیکرٹری جنرل سینیٹر مشاہد حسین سید نے کہا ہے کہ پاکستان اپنے محل وقوع اور تاریخی کردار کے باعث جنوبی ایشیاء کے خطہ میں اہم ترین ملک ہے، جنوبی ایشیاء، سینٹرل ایشیاء اور مغربی چائنہ میں قدرتی گیس و معاشی ترقی کیلئے پاکستان اہم کردار ادا کرے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو یہاں ”انسٹی ٹیوٹ آف پالیسی سٹڈیز‘،میں ایک دو روزہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

سیمینار سے سینیٹر پروفیسر خورشید احمد، پنجاب کے وزیر برائے سرمایہ کاری و کامرس ڈاکٹر سہیل ظفر چیمہ، مس جیو سیاوان، مس لی تاؤ، پروفیسر چن لیجن، صحافی زیو رونگ اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ مشاہد حسین سید نے کہا کہ پاکستان اپنے محل و وقوع کے باعث نہ صرف جنوبی ایشیاء بلکہ دنیا کا ایک اہم ہے مغربی چین، جنوبی ایشیاء اور سینٹرل ایشاء میں معاشی اور قدرتی گیس کیلئے راستے فراہم کر کے ایک اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے پہلے ہی قراقرم ہائی وے کو اپ گریڈ کرنے کیلئے کام شروع کر دیا ہے ہم چاہتے ہیں کہ پاکستان اور چین کے درمیان ریل لنک بھی پیدا کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کے تعلقات بہترین دوستانہ ہیں دونوں ممالک کو نہ صرف دفاعی اور معاشی تعلقات بڑھانے چاہئیں بلکہ ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھانے کیلئے روابط پر بھی زور دینا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان چین کے ساتھ اپنے تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے اسی وجہ سے ہم جلد یہاں ”چائنہ پالیسی انسٹی ٹیوٹ ‘،قائم کریں گے۔ سینیٹر پروفیسر خورشید احمد نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان تجارت، ریسرچ، سیاحت اور معیشت سمیت تمام شعبوں میں بھر پور تعاون کے مواقع میسر ہیں۔ انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبہ جات میں تعاون کیلئے 36 نکات پر دستخط کے باوجود ابھی تک صرف 6 پر عملدرآمد ہو رہا ہے۔

پنجاب کے صوبائی وزیر ڈاکٹر سہیل ظفر چیمہ نے کہا کہ صوبہ پنجاب اور چین کے صوبہ سلیلو یان کے درمیان مختلف شعبہ جات میں ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھانے کیلئے دونوں حکومتیں بھر پور کردار ادا کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب نے چین کے سرمایہ کاروں کو سرمایہ کاری کیلئے پرکشش مراعات دینے کا بھی اعلان کیا ہوا ہے۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے دیگر مقررین نے پاکستان اور چین کے درمیان مثالی تعلقات کی تعریف کرتے ہوئے دونوں حکومتوں پر زور دیا کہ وہ آپس میں عوامی روابط بڑھانے کیلئے اقدامات کریں تاکہ لوگ ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھا سکیں۔

متعلقہ عنوان :