باب وولمر مخلص کوچ تھے‘ پاکستان کرکٹ کیلئے ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی. صدر مشرف..ان کے انتقال پر پوری پاکستانی قوم کو صدمہ ہے۔ لواحقین کی ہر ممکن مدد کریں گے‘ صدر مملکت کی آنجہانی باب وولمر کی اہلیہ سے فون کے ذریعے اظہار تعزیت

جمعہ 23 مارچ 2007 13:38

اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین23 مارچ 2007) صدر جنرل پرویز مشرف نے پاکستان کرکٹ ٹیم کے کوچ باب وولمر کی اچانک موت پر انتہائی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ مخلص اور پروفیشنل کوچ تھے‘ پاکستان کرکٹ کیلئے ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا‘ ان کے انتقال پر پوری پاکستانی قوم کو صدمہ ہوا ہے‘ حکومت ان کے لواحقین کی ہر ممکن مدد کریگی۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے روز پاکستان کرکٹ ٹیم کے آنجہانی کوچ باب وولمر کی اہلیہ گل وولمر سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ صدر مشرف نے کہا کہ باب وولمر ایک مخلص اور پروفیشنل کوچ تھے پاکستان کرکٹ کیلئے ان کی بے پناہ خدمات ہیں جن کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے نے کہا کہ باب وولمر کی اچانک موت سے ان کو انتہائی صدمہ ہوا ہے پوری قوم ان کے لئے سوگوار ہے۔ صدر مشرف نے پوری پاکستانی قوم اور حکومت کی جانب سے تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے باب وولمر کی اہلیہ کو حکومت کی جانب سے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔ آنجہانی باب وولمر کی اہلیہ نے اظہار ہمدردی پر حکومت پاکستان ‘ صدر مشرف اور عوام کا شکریہ ادا کیا۔