پی آئی اے ایئرکرافٹ انجینئرز کی نمائندہ تنظیم سوسائٹی آف ایئرکرافٹ ، انجینئرز آف پاکستان کے درمیان ہونیوالے مذاکرات کامیاب ہوگئے

ہفتہ 24 مارچ 2007 18:55

اسلام اباد (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین24 مارچ 2007) پی آئی اے ایئرکرافٹ انجینئرز کی نمائندہ تنظیم سوسائٹی آف ایئرکرافٹ ، انجینئرز آف پاکستان کے درمیان ہونیوالے مذاکرات کامیاب ہوگئے۔جس کے بعد ایئرکرافٹ انجینئرز نے اپنا احتجاج ختم کرنے کا اعلان کیا ہے۔کافی عرصے سے جاری ڈیڈ لاک ختم ہوگیا ہے ۔ انتظامیہ کی جانب سے اہم معاملات پر ابتدائی یقین دہانی کے بعد انجینئرز نے اپنا کام شروع کردیا ہے۔

پی آئی اے ترجمان کے مطابق مینجمنٹ ایئرکرافٹ کے درمیان حالیہ فلائٹ آپریشن کے متاثر ہونے پر مذاکرات کا عمل کامیابی سے ہمکنارہوا ہے۔ فریقین نے اس بات پراتفاق کیا ہے کہ قومی مفاد کو ہر صورت میں بالاتر رکھاجائیگا اور باہمی انتظامی اور تکنیکی معاملات کو بات چیت کے ذریعے حل کیاجائیگا۔

(جاری ہے)

اور اتوار سے تمام اندرون وبیرون ملک پروازوں کا شیڈول معمول کے مطابق ہوگا۔

سیپ کے صدر شوکت جمشید نے بتایا کہ انتظامیہ نے اہم معاملات حل کردیئے ہیں جبکہ باقی معاملات پرانتظامیہ نے جلد نظر ثانی کی ہدایت کی ہے اور انتظامیہ نے انجینئرز کو دس فیصد فلیٹ انکریمنٹ دینے کا وعدہ کیا ہے۔ واضح رہے کہ ایئرکرافٹ انجینئرز کا احتجاج گزشتہ بارہ روز سے جاری تھا، جس کے باعث طیاروں کی عدم دستیابی کے بعد کئی کئی گھنٹے پروازیں تاخیر کا شکار اور بیس سے زائد پروازیں منسوخ کی جارہی تھی جس سے قومی ایئرلائن کو کروڑوں روپے کا نقصان کا سامنا کرنا پڑرہا تھا اور اس کے ساتھ ہی مسافروں کو شدید مشکلات پیش آرہی تھیں