ملک میں حالات سازگار ہیں،ایمرجنسی کا کوئی امکان نہیں، چوہدری شجاعت ،عوام کے مسترد کردہ عناصر انتخابات سے راہ فرار حاصل کرنے کی خاصر ایمرجنسی کی باتیں کر رہے ہیں، پاکستان میں پارلیمانی جمہوریت کا مستقبل تابناک ہے جمہوریت کا دعویٰ کرنیوالوں کو صدارتی نظام یا ایمرجنسی کی باتیں زیب نہیں دیتیں، امریکہ کی قومی سیاست میں پاکستانی تارکین وطن کا بڑھتا ہوا کردار دونوں ممالک کیلئے مفید ہے، واشنگٹن میں مختلف تنظیموں کے نمائندوں سے گفتگو

ہفتہ 24 مارچ 2007 21:44

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24مارچ۔2007ء) پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیر اعظم چوہدری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے دل اپنے وطن عزیز کیلئے قربانی اور خدمت کے جذبے سے سرشار ہیں اور ہمیں پاکستان کے ان قابل فخر فرزندوں کی صلاحیتوں سے زندگی کے ہر شعبے میں فائدہ اٹھانا چاہیے۔ وہ ہفتہ کو یہاں پاکستانیوں کی مختلف تنظیموں کے نمائندوں اور دیگر وفود سے گفتگو کر رہے تھے۔

چوہدری شجاعت حسین نے امریکہ کی قومی سیاست میں پاکستانی تارکین وطن کے بڑھتے ہوئے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ رجحان پاکستان اور امریکہ دونوں کیلئے سود مند ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس طرز عمل سے جہاں پاکستانی تارکین وطن میں ہم آہنگی اور اتحاد کی فضا پیدا ہو گی وہاں عالمی سطح پرفیصلہ ساز اداروں اور افراد کو اسلام اور مسلمانوں کو بہتر انداز میں سمجھنے کا موقع ملے گا۔

(جاری ہے)

چوہدری شجاعت حسین نے اس تاثر کی سختی سے تردید کی کہ پاکستان میں ایمرجنسی کی فضا پیدا ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں حالات پوری طرح سے سازگار ہیں اور یہاں ایمرجنسی یا اسطرح کے کسی دوسرے غیر معمولی اقدام کا کوئی امکان نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسی باتیں وہ عناصر کر رہے ہیں جو عوام کی طرف سے مسترد کیے جانے سے خوفزدہ ہو کر آئندہ انتخابات سے راہِ فرار کی تلاش میں ہیں۔ چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ پاکستان میں پارلیمانی جمہوریت کا مستقبل تابناک ہے اور جمہوریت کا دعویٰ کرنے والے سیاستدانوں کو ملک میں صدارتی نظام یا ایمرجنسی کے نفاذ کی باتیں زیب نہیں دیتیں۔