کوئٹہ ‘دھماکا خیز مواد سے ریلوے ٹریک اڑا دیا گیا ۔ ریل سروس معطل

منگل 27 مارچ 2007 11:39

کوئٹہ(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین27 مارچ 2007) کوئٹہ کے قریب سریاب اور سپیزنڈ ریلوے اسٹیشنوں کے درمیان ریلوے ٹریک کے کئی فٹ حصہ کو دھماکہ خیز مواد سے اڑا دیا گیا جس کے نتیجے میں ریل سروس معطل ہوگئی ۔

(جاری ہے)

ریلوے حکام کے مطابق منگل کی صبح کوئٹہ سبی ریلوے سیکشن پر نا معلوم افراد کی جانب سے نصب کیا گیا دھماکا خیز مواد زور دار دھماکے سے پھٹ گیا جس سے سریاب اور سپیزنڈ ریلوے اسٹیشنوں کے درمیان ریلوے ٹریک کا کئی فٹ حصہ اڑ گیا۔

واقعہ کے بعد کوئٹہ سے لاہور جانے والی چلتن ایکسپریس کو سریاب ریلوے اسٹیشن پر روک دیا گیاہے۔ ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ دیگر ٹرینوں کی آمد ورفت معمول کے مطابق جاری ہے جبکہ ریلوے کا عملہ متعلقہ مقام پر پہنچ گیاہے اور اس نے دھماکے سے ہونے والے نقصانات کا جائزہ لے کر متاثرہ ریلوے ٹریک کی مرمت کا کام شروع کر دیا۔