پاکستان کشمیریوں کی امنگوں کے بغیر مسئلہ کشمیر کا کوئی حل قبول نہیں کرے گا، وزیراعظم شوکت عزیز،حق خودارادیت کے حصول کیلئے کشمیریوں کی سیاسی، سفارتی اوراخلاقی حمایت جاری رکھیں گے، وزیراعظم کی کشمیری رہنماؤں سے ملاقات کے دوران گفتگو

بدھ 4 اپریل 2007 23:11

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔4اپریل۔2007ء) وزیر اعظم شوکت عزیز نے کشمیری رہنماؤں کو ایک مرتبہ پھر یہ یقین دہانی کرائی ہے کہ پاکستان کشمیریوں کی امنگوں کے بغیر مسئلہ کشمیر کا کوئی حل قبول نہیں کرے گا اور حق خودارادیت کے حصول کیلئے سیاسی، سفارتی اوراخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔ وزیراعظم نے بدھ کے روز یہاں بھارت میں پاکستانی ہائی کمشنر شاہد ملک کی رہائش گاہ پر مقبوضہ کشمیر سے تعلق رکھنے والے سیاسی رہنماؤں سے مرحلہ وار ملاقاتیں کیں پہلے مرحلے میں کشمیری رہنما شبیر شاہ جبکہ دوسری آل پارٹیز حریت کانفرنس کے رہنماؤں نے ایک وفد کی ملاقات کی جس میں میر واعظ عمر فاروق، پرفیسر عبدالغنی بھٹ، بلال لون، عباس انصاری اور آغا حسن شامل تھے۔

ملاقات کے دوران وزیراعظم شوکت عزیز نے کشمیری رہنماؤں کو ایک مرتبہ پھر یہ یقین دہانی کرائی کہ پاکستان کشمیریوں کی امنگوں کے بغیر مسئلہ کشمیر کا کوئی بھی حل قبول نہیں کرے گا اور کشمیریوں کی حمایت جاری رکھے گا اس موقع پر کشمیری رہنماؤں نے وزیر اعظم کومقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے آگاہ کیا اور بتایا کہ ابھی تک یہاں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں ہو رہی ہیں اور اس میں کوئی کمی نہیں آئی ہے۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم شوکت عزیز نے کشمیری قیادت کو بھارتی وزیراعظم منموہن سنگھ سے ہونے والی ملاقات کے حوالے سے بھی اعتماد میں لیا۔ وزیر اعظم نے کشمیری قیادت کو پاک بھارت مذاکرات اور مسئلہ کشمیر کے حوالے سے جاری کوششوں سے آگاہ کیا۔